• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’راجستھان میں بی جے پی کا مکمل صفایا ہو گیا،وزیر اعلیٰ بھجن لال استعفیٰ دیں‘‘

Updated: November 22, 2026, 10:08 AM IST | Jaipur

ریاستی کانگریس کے صدر ڈوٹاسرا نے کہا کہ ’’پنچایت انتخابات میں جو نتائج سامنے آئے ہیں، انہیں دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ اور پوری کابینہ کو استعفیٰ دے دینا چاہئے۔

Govind Singh Dotasra feeding sweets to Leader of the Opposition Tikaram Jully. Photo: INN
گووند سنگھ ڈوٹاسرا اپوزیشن لیڈر ٹکارام جولی کومٹھائی کھلاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

راجستھان میں ہوئے ضلع پریشد اور پنچایت انتخابات میں کانگریس کی زبردست کامیابی کے تناظر میں راجستھان کانگریس کے صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے بی جے پی پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان میں بی جے پی کا مکمل صفایا ہو گیا ہے۔ عوام نے دکھا دیا ہے کہ انہوں نے بی جے پی پر بھروسہ کر کے بہت بڑی غلطی کی تھی، لیکن اب وہ اس کا حساب سود سمیت چکا رہے ہیں۔ ڈوٹاسرا نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں اقتدار کا غلط استعمال کیا گیا اور پھر جس طرح وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور بی جے پی نے اپنی جیت کا مصنوعی تاثر پیدا کیا، عوام نے اس کا جواب دے دیا ہے۔گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے بتایا کہ۴۱۹؍پنچایت کمیٹیوں میں سے اب تک۳۸۴؍ کے نتائج جاری ہو چکے ہیں جن میں ۲۸۹؍ نشستوں پر کانگریس نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ بی جے پی کو صرف۸۵؍ نشستیں ملی ہیں۔ ڈوٹاسرا کے مطابق وزراء کے پورے خاندان کو انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایسا اس لیے ہوا، کیونکہ کسان پریشان تھے، طبی نظام کی بدحالی کی وجہ سے ماؤں اور بہنوں کی موت ہو رہی تھی، لیکن یہ حکومت صرف بدعنوانی میں مصروف تھی۔

یہ بھی پڑھئے: بہار کو۳۴؍ ہزار۴۷۰؍کروڑ روپے کی سوغات

ڈوٹاسرا نے راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پنچایت انتخابات میں جو تاریخی نتائج سامنے آئے ہیں، اسے دیکھتے ہوئے بی جے پی حکومت کے وزیر اعلیٰ اور پوری کابینہ کو استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ قابل ذکر ہے کہ راجستھان پنچایت انتخابات میں بی جے پی کو صرف ریاستی حکومت کے وزراء کے حلقوں میں ہی نقصان نہیں اٹھانا پڑا بلکہ مرکزی وزراء کے مضبوط سیاسی گڑھ میں بھی پارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مرکزی وزیر قانون ارجن رام میگھوال کے آبائی ضلع بیکانیر میں ضلع پریشد کے۴۱؍ وارڈوں میں سے بی جے پی صرف۸؍نشستیں جیت سکی۔ مرکزی وزیر سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت کے آبائی ضلع جودھپور میں  ضلع پریشد کی۴۳؍ نشستوں میں سے پارٹی کو صرف۸؍پر کامیابی ملی۔ مرکزی وزیر جنگلات و ماحولیات بھوپیندر یادو کے آبائی ضلع الور میں ضلع پریشد کے۳۹؍ وارڈوں میں سے بی جے پی صرف۴؍نشستیں جیت سکی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK