Inquilab Logo

پانچ؍سال بعدہینکاک بریج راہگیروںکیلئے شروع کردیاگیا

Updated: January 09, 2021, 11:28 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

بریج کاکام مکمل نہ ہونے کے باوجود نور باغ اور مجگائوں کے درمیان آمدورفت کرنے والے راہگیروں کی سہولتکیلئے بریج کا افتتاح کیاگیا، مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا

The Hancock Bridge was inaugurated on Friday for the convenience of passersby.Picture :INN
راہگیروں کی سہولت کےلئے ہینکاک بریج کا جمعہ کو افتتاح کیا گیا۔ تصویر:آئی این این

پانچ کے طویل انتظار کے بعد نور باغ اور مجگائوں کے درمیان آمدورفت کرنے والے صرف  راہگیروں کیلئے جمعہ کو ہینکاک بریج کا افتتاح کیاگیا۔ اس سے مقامی لوگوںمیں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ واضح رہےکہ نومبر ۲۰۱۵ء سے بریج کا تعمیراتی کام جاری ہے ۔ اب بھی بریج کا کام مکمل نہیں ہواہے لیکن عوام ، سیاسی لیڈران اور سماجی کارکنوں کے متواتر دبائو سے بریج کا ایک حصہ صرف راہگیروںکیلئے شروع کیاگیاہے۔ عوام کےمطابق بریج کے بند ہونے سے طلبہ ، مریضوں اور راہگیروںکو بڑی دقت ہورہی تھی۔ کم ازکم راہگیروںکیلئے تو سہولت ہوگئی ہے ۔ ہینکاک بریج کے مخصوص حصہ کو عوام کے پیدل آمدورفت کیلئے جمعہ کو کھول دیاگیا ۔ اس ضمن میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں رکن اسمبلی امین پٹیل، یامنی جادھو ،جام سوتکر، سینئر سماجی کارکن کملاکر شنوائےاور بی ایم سی’ اے‘ زون کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔ اس موقع پر مذکورہ سیاسی لیڈران نے کہاکہ ’’ ہینکاک بریج کے ایک  حصے کو صرف راہگیروں کیلئے فی الوقت شروع کرنےسے کافی لوگوںکو راحت ملےگی۔ حالانکہ بریج کے تعمیراتی کام میں تاخیر ہوئی ہےمگر اس کے باوجود بریج تیار ہوگیا جو ایک اطمینان بخش بات ہے۔ اب بریج کے باقی تعمیراتی کام کو جلد ازجلد مکمل کرنےکی کوشش کی جانی چاہئے ۔ امیدہےکہ اگست تک یہ بریج موٹرگاڑیوں کیلئے بھی شروع کر دیاجائے گا۔‘‘  سماجی کارکن کملاکر شنوائے نے انقلاب سے گفتگوکرتےہوئے کہا کہ’’ ۵؍سال کےبعد صرف راہگیروں کیلئے بریج  شروع ہونےسے میں مطمئن نہیں ہوں۔ تعمیراتی کام میں تاخیر ہوئی ہے اور ہوتی ہی جارہی ہے ۔ مجھے اب بھی یقین نہیں ہے کہ یہ بریج مکمل طورپر جلد شروع ہوجائے گا۔ اس کےباوجود میں اس بات سے خوش ہوںکہ کم ازکم راہگیروںکیلئے بریج شروع کردیاگیاہے ۔ ‘‘  نور باغ پر رہائش پزیر ڈاکٹر افتخار رنگاری نے انقلاب سے بات چیت کرتےہوئے کہاکہ ’’ہینکاک بریج کے بندہونے سےنورباغ اور مجگائوں کےدرمیان آمدورفت کرنےوالوںکو بڑی تکلیف ہورہی تھی۔ گزشتہ ۵؍ سال کاتجربہ بہت خراب رہاہے ۔ بریج کےبندہونے سے ۵؍منٹ کا فاصلہ تقریبا ً ایک گھنٹہ میں طے ہورہاتھا۔وقت کےساتھ پیسہ بھی برباد ہو رہا تھا۔ اگر نور باغ سے کسی کو مجگائوں جاناہوتاتھا تو تقریبا ً ۳؍تا ۴؍کلومیٹر کا فاصلہ طے کرناپڑتاتھا۔ طلبہ ، مریض اور عمررسیدہ شہریوںکو زیادہ تکلیف ہورہی تھی۔ بریج بند ہونے سے دقتوںکاسامنا تھا۔ نورباغ سے مجگائوں کیلئے موٹر گاڑیوں سے سفر کرنے سے جے جے جنکشن اور پی ڈی میلوروڈ کی جانب جانےوالی موٹر گاڑیوںسے ٹریفک کامسئلہ بھی پیداہورہاتھا۔ ٹریفک کے سبب  ٹیکسی والے نور باغ سے مجگائوں جانےکیلئے منع کردیتےتھے۔ اس طرح کی متعدد پریشانیاں تھیں ۔ حالانکہ ابھی پوری طرح سے بریج نہیں شروع کیاگیاہے اس کےباوجود صرف راہگیروںکیلئے بریج کے شروع ہونے سے ۵۰؍ فیصد مسئلہ حل ہوجائے گا۔ یہ ہمارے لئے راحت اور خوشی کی بات ہے۔‘‘

mumbai Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK