• Sat, 07 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبرا: رمضان کی تیاریوں پر کارپوریٹروں کی پولیس و میونسپل افسران سے میٹنگیں

Updated: February 07, 2026, 2:25 PM IST | Mumbra

رمضان المبارک میں ممبرا کوسہ کے شہریوں کو ٹریفک جام کی پریشانی سے بچانے، وافرمقدار میں پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں کیلئے دونوں این سی پی کی جانب سے الگ الگ مقامات پر میٹنگوں کا انعقاد کیاگیا۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

 رمضان المبارک میں ممبرا کوسہ کے شہریوں کو ٹریفک جام کی پریشانی سے بچانے، وافرمقدار میں پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں کیلئے دونوں این سی پی کی جانب سے الگ الگ مقامات پر میٹنگوں کا انعقاد کیاگیا۔ این سی پی (شردپوار) کے نو منتخب کارپوریٹروں نے ممبرا وارڈ آفس میں محکمہ پولیس اور متعلقہ میونسپل افسران کے ہمراہ میٹنگ کی جبکہ این سی پی (اجیت پوار) کے نومنتخب کارپوریٹروں نے ایک روز قبل تھانے میونسپل کمشنر سے ملاقات کرنے کے بعد جمعہ کو ممبرا پولیس اسٹیشن میں متعلقہ افسران کے ساتھ میٹنگ کی۔ دونوں ہی وفود نے میونسپل کارپوریشن، محکمہ ٹریفک اور پولیس سے درخواست کی کہ وہ رمضان المبارک میں شہریو ں کو ٹریفک جام سے نجات دلائے اور بنیادی سہولتیں مہیاکرانے کے لئے اقدامات کریں۔ 
این سی پی ( شرد پوار) کے مطالبات
ممبرا میونسپل وارڈ آفس میں منعقدہ میٹنگ کے تعلق سے این سی پی( شردپوار) کے ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ کے صدر شمیم خان نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بتایاکہ ’’ممبرا اور دیوا کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کے ساتھ اے سی پی ( ٹریفک) اور میونسپل کارپوریشن کےمتعلقہ افسران کے ساتھ میٹنگ منعقد کی گئی تھی۔ میٹنگ میں شملہ پارک کے روڈ، چاند نگر، الماس کالونی، امرت نگر، شبلی نگر، بھولے ناتھ نگر، ممبرا ریلوے اسٹیشن اور اسی طرح جن چوراہوں پر ٹریفک جام ہوتا ہے، وہاں پر کانسٹبل تعینات کرنے اور ٹریفک جام کے مسئلہ کو حل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ اس طرح رمضان المبارک میں مجموعی طور پر ممبرا کوسہ میں ٹریفک کے ۳۰؍ کانسٹبل تعینات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ اے سی پی (ٹریفک ) ان کانسٹیبلوں کو تعینات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ’’اے وی کے کا روڈ بند ہے جس سے شہریوں کو شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اس تعلق سے تھانے میونسپل کارپوریشن نے اس ۹۰؍ فٹ کا ڈی پی روڈ منظور کر دیا گیا ہے اور اس کی تعمیر کا ورک آرڈر بھی جاری کر دیاگیاہے، اس کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔ ‘‘
اس سلسلے میں کارپوریٹراشرف ( شانو) پٹھان اور یاسین قریشی نے بتایا کہ رمضان المبارک میں شہریوں کو ٹریفک جام، پانی کی قلت اور اسی طرح دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم نہ ہونا پڑے، اس کیلئے ممبرا وارڈ کمیٹی میں محکمہ ٹریفک اور میونسپل محکمہ کے افسران کے ساتھ یہ اہم میٹنگ منعقد کی گئی تھی۔ اس میٹنگ میں یہ طے پایا ہے کہ مین روڈ کے کنارے بنائی جانے والی پیلی لائن کے آگے ہاکرس کو اسٹال لگانے نہیں دیا جائے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے: رمضان المبارک میں لاؤڈ اسپیکرسے متعلق گائیڈلائن کا مطالبہ

عوامی نمائندوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ پورے رمضان میں ڈمپر کو شہر سےگزرنے پر پابندی عائد کردی جائے۔ گاڑیوں کیلئے عارضی پارکنگ کی سہولت بھی مہیا کرائی جائے۔ ٹریفک پولیس نے مرضیہ شانو پٹھان (ایم ایس پی ) کیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے رضاکار دینے کی درخواست کی ہے ۔ ‘‘
اس میٹنگ میں این سی پی ( شردپوار ) کے سبھی کارپوریٹرس موجود تھے۔ 
این سی پی (اجیت پوار) کے مطالبات
ممبرا پولیس اسٹیشن میں سینئر انسپکٹر انل شندے اور ممبرا محکمہ ٹریفک کے افسران کی موجودگی میں منعقدہ میٹنگ کےتعلق این سی پی ( اجیت پوار )  کے ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ کےصدر ظفر نعمانی نے بتایا کہ ’’میٹنگ میں ہمارے عوامی نمائندوں نے یہ واضح کر دیا ہے کہ ممبرا کوسہ میں روڈ کے کنارے مارکیٹ لگانے نہ دیاجائے بلکہ اسے ایم ایم ویلی علاقے میں ۴؍ مختلف مقامات پر منتقل کیاجائے۔ ‘‘ انہوں نے مزیدکہا کہ ’’اگر میونسپل افسران نے ہاکرس کے غیرقانونی قبضوں کے خلاف کارروائی نہیں کی تو ہم قانونی طریقے سے احتجاج کریں گے۔ ‘‘ کارپوریٹر راجن کینے نے کہا کہ ’’ ممبرا کوسہ کے عوام کو جو پریشانی ہو رہی ہے، وہ سب ہمارے نمائندوں نے متعلقہ افسران کے سامنے پیش کی ہے۔ اس سے قبل ہم نے میونسپل کمشنر سے بھی ملاقات کی تھی اور ہاکرس کو ان کیلئے ریزرو پلاٹس پر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ‘‘انہوں نے مزید بتایاکہ ’’ انتظامیہ نے ماسٹر پلان تیار کرنے کایقین دلایا ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK