اس اسکیم کو ۱۱؍ سال مکمل ،حکومت نے بینکنگ سے محروم افراد کو مالیاتی نظام سے جوڑنے کیلئے یہ اسکیم شروع کی تھی۔
EPAPER
Updated: August 29, 2025, 11:04 AM IST | Agency | New Delhi
اس اسکیم کو ۱۱؍ سال مکمل ،حکومت نے بینکنگ سے محروم افراد کو مالیاتی نظام سے جوڑنے کیلئے یہ اسکیم شروع کی تھی۔
بینکنگ سے محروم لوگوں کو مالیاتی نظام سے جوڑنے کے لئے ۱۱؍ سال قبل شروع کی گئی جن دھن یوجنا کے تحت گزشتہ ۱۱؍برسوں میں۵۶ء۲۱؍کروڑ بینک کھاتے کھولے گئے جن میں کل۲؍ لاکھ ۶۵؍ ہزار ۵۰۳؍ کروڑ روپے جمع ہیں۔پردھان منتری جن دھن یوجنا ۲۸؍ اگست۲۰۱۴ء کو شروع کی گئی تھی۔ ان جن دھن کھاتوں نے مختلف سرکاری اسکیموں کے لیے براہ راست فائدہ کی منتقلی، غریبوں کو قرض کی سہولیات اور سماجی تحفظ فراہم کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ جن دھن کھاتہ داروں کو ۳۸؍ کروڑ سے زیادہ مفت روپے کارڈ جاری کئےگئے ہیں، جس نے ڈیجیٹل لین دین کو فروغ دیا ہے۔ اس کے علاوہ۵۵ء۱۳؍لاکھ بینک مترلوگوں کو بینکنگ خدمات فراہم کررہے ہیں جس کے لیے پہلے بینک جانا پڑتا تھا۔
خاص بات یہ ہے کہ ۶۷؍ فیصد جن دھن کھاتے دیہی یا نیم شہری علاقوں میں کھولے گئے ہیں اور ان میں ۵۶؍ فیصد کھاتے خواتین کے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس اسکیم کے ذریعے ملک کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے مالیاتی طور پر محروم لوگوں کو رسمی طور پر مالیاتی نظام سے جوڑا گیا ہے۔
جن دھن کھاتہ کھولتے وقت رقم جمع کرنا ضروری نہیں ہے اور اس میں کوئی کم از کم ماہانہ بیلنس رکھنا ضروری نہیں ہوتا۔ ہر کھاتہ ایک مفت روپے ڈیبٹ کارڈ کے ساتھ آتا ہےجو ۲؍لاکھ روپے کا حادثہ بیمہ کور فراہم کرتا ہے، اس طرح ڈیجیٹل لین دین اور مالی تحفظ کو فروغ دیتا ہے۔ کھاتہ یافتگان۱۰؍ ہزار روپے تک کی اوور ڈرافٹ سہولت کے بھی اہل ہیں، جو ہنگامی صورت حال میں سیکوریٹی فراہم کرتی ہے۔اس اسکیم کی مدد سے حکومت نے دیہی علاقوں میں خاص طور پر مالیاتی شمولیت کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہےلیکن یہ یاد رہے کہ ان کھاتوں کا ۲۰۱۶ء کی نوٹ بندی کے دوران کافی غیر قانونی استعمال بھی ہوا ہے جس کے بعد حکومت نےکئی قدغن لگائے تھے لیکن حقیقت یہی ہے کہ اس اسکیم کی وجہ سے کروڑوں لوگوں کے اکائونٹ کھل گئے۔