• Wed, 25 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہاکمبھ کیلئے اجین میں علی الصبح ۶۳۶؍ سال پرانی مسجد بلڈوزر سے مسمار

Updated: November 25, 2026, 7:35 PM IST | Ujjain

مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں ۲۰۲۸ء کے مہاکمبھ کی تیاریوں کے نام پر ریلوے انتظامیہ نے علی الصبح کارروائی کرتے ہوئے ۶۳۶؍ سال پرانی مسجد قلندری، تاریخی شاہی مقبرے اور ایک درجن سے زائد درگاہوں کو بلڈوزر سے مسمار کر دیا ہے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے زیرِ التواء عدالتی معاملے کے باوجود کی گئی اس کارروائی کو غیر آئینی و ریاستی ظلم قرار دیتے ہوئے ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

During the demolition of the Qalandari Mosque in Ujjain. Photo: X.
اجین کی قلندری مسجد مسماری کے دوران۔ تصویر: ایکس۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں تاریخی شاہی مقبرے اور ایک درجن سے زائد مساجد و درگاہوں کو مسمار کئے جانے کی شدید مذمت کی ہے، جو مبینہ طور پر ۲۰۲۸ء  کے سنگھست مہاکمبھ کے دوران شہر آنے والے زائرین کے انتظامات کرنے کے نام پر گرائے گئے ہیں۔ بورڈ نے اس کارروائی کو من مانی، غیر قانونی، بلاجواز اور غیر آئینی قرار دیا ہے۔ مسلم پرسنل لا ءبورڈ کے قومی ترجمان ڈاکٹر ایس کیو آر الیاس نے مہاکمبھ کی تیاریوں کے نام پر تاریخی مساجد، مقبروں اور قدیم درگاہوں کو منہدم کرنے کے عمل کو ’’ریاستی سرپرستی میں کی جانے والی زیادتی اور ظلم‘‘ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھئے: مسلم مخالف پوسٹس پر سوتنتر بھاردواج کے خلاف عدالت نے پولیس سے رپورٹ طلب کی

رپورٹس کے مطابق، ۲۱؍ نومبر کی صبح تقریباً ۵؍ بجے ریلوے انتظامیہ نے پولیس اور نیم فوجی دستوں کی موجودگی میں مادھو نگر ریلوے اسٹیشن کے باہر واقع شاہی مقبرے اور ایک درجن سے زائد مساجد و درگاہوں کو بلڈوزر چلا کر زمیں دوزکر دیا۔ اس کارروائی کے دوران مسجد قلندری اور متولی (وقف املاک کے نگراں) کی رہائش گاہ کو بھی مبینہ طور پر مسمار کر دیا گیا۔ وقف کمیٹی کے صدر قاضی مولانا عارف ندوی کے مطابق، اس زمین کا تنازع ابھی بھوپال کے وقف ٹریبونل میں زیرِ التواء ہے۔ اطلاعات کے مطابق، ایک فرد کو فرضی کرایہ دار ظاہر کر کے علی الصبح یہ انہدامی کارروائی انجام دی گئی۔ بورڈ نے کہا کہ جب معاملہ ابھی مجاز وقف ٹریبونل میں زیرِ سماعت ہے تو اس طرح کی جابرانہ کارروائی نہیں کی جانی چاہئے تھی اور اس آپریشن سے قدیم تاریخی ورثے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ مسجد کمیٹی کا مؤقف ہے کہ یہ مسجد تقریباً ۶۳۶؍ سال پرانی ہے اور اسے ۱۳۹۰ء عیسوی میں تعمیر کیا گیا تھا۔ بورڈ نے مزید کہا کہ اگر انتظامیہ واقعی عوامی سہولت کیلئے اس علاقے کو کشادہ کرنا چاہتی تھی تو وہ متبادل راستے اختیار کر سکتی تھی بشمول سڑک کی دوسری جانب بنی عمارتوں کو ہٹانے کے لیکن اس کے بجائے اس نے تاریخی مذہبی عمارتوں کو مسمار کرنے کا راستہ چنا۔ مسلم پرسنل لا ء بورڈ نے کہا کہ یہ اقدام آئین کی دفعہ ۱۴؍، ۲۵؍، ۲۶؍ کے ساتھ ساتھ جائیداد کے حق کا تحفظ کرنے والی دفعہ۳۰۰؍ اے کی بھی صریح خلاف ورزی ہے۔ ڈاکٹر الیاس نے کہا کہ بورڈ قاضی صاحب اور دیگر مقامی نمائندوں کے عدالت سے رجوع کرنے کے فیصلے بشمول اس کارروائی کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کے مقامی کمیٹی کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتا ہے اور انہیں ہر ممکن قانونی و اخلاقی مدد فراہم کرے گا۔

یہ بھی پڑھئے: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ کا بلقیس بانو کے ساتھ یکجہتی کا اظہار

انہوں نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران بی جے پی کی زیرِ قیادت ریاستوں میں مختلف بہانوں اور کمزور بنیادوں پر تاریخی مساجد، مقبروں اور درگاہوں کو تیزی سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بورڈ نے کہا، ’’اس طرح کے من مانے اور جارحانہ اقدامات بظاہر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف دشمنی کے جذبے سے کئے جا رہے ہیں۔‘‘ بورڈ نے بی جے پی کی اتحادی سیکولر سیاسی جماعتوں کی خاموشی پر بھی حیرت اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئینی اور قانونی اصولوں کی اس قدر کھلی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھانے میں ان کی ناکامی سیکولرازم اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے تئیں ان کے عزم پر سنگین سوالات کھڑے کرتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK