• Sat, 11 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

حضرت نظام الدین اولیاء ؒ کا ۷۲۲؍ واںعرس ،وزیراعظم نے تہنیتی پیغام بھیجا

Updated: October 11, 2025, 4:54 PM IST | Agency | New Delhi

۵؍ روزہ عرس کی تقریبات کیلئے ملک اور بیرون ملک سے عقیدت مند دہلی پہنچنے لگے، مودی نے نظام الدین اولیاء کی محبت، اُخوت اور ہم آہنگی کی تعلیمات کو یاد کیا۔

Shrine of Hazrat Nizamuddin Auliya. Photo: INN
درگاہِ حضرت نظام الدین اولیا ء ؒ۔ تصویر: آئی این این
دہلی میں حضرت نظام الدین اولیاء  کے  ۷۲۲؍ ویں عرس کا آغاز جمعرات کو ہوگیا۔  اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے ایک پیغام میں نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔  اس ۵؍روزعرس کیلئے ملک اور بیرون ملک سے مہمانوں اور عقیدت مندوں  کے پہنچنے کا سلسلہ شروع ہوگیاہے۔۔عرس کی تقریبات جو ۹؍ اکتوبرکو شروع ہوئی ہیں، ۱۳؍  اکتوبر تک جاری رہیں گی۔ صوفی روایت میں اس دن کو روحانی اتحاد کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ 
وزیراعظم مودی نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا  ہےکہ ’’یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ حضرت نظام الدین اولیاءؒ کا ۷۲۲ ؍واں سالانہ عرس منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس بابرکت موقع پر اُن کے تمام عقیدت مندوں اور چاہنے والوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔علم، شفقت اور روحانیت سے معمور صوفی بزرگوں نے ہمیشہ معاشرے میں محبت، بھائی چارے اور ہم آہنگی کا پیغام دیا ہے۔ حضرت نظام الدین اولیاءؒ کی زندگی بھی اسی پیغام کی روشن مثال ہے۔ آپ ؒ نے اپنی پوری زندگی انسانیت، محبت اور اتحاد کے فروغ کے لیے وقف کر دی۔
اس بیچ عرس   کے پروگراموں کے تحت جمعہ کو خصوصی دعا اور قوالی کا پروگرام  ہوا جبکہ ۱۲؍ اکتوبر کو عالمی امن کیلئے اجتماعی دعا کا انعقاد کیا جائے گا۔ پروگرام ۱۳؍ اکتوبر کو اختتامی دعا اور تبرک کی تقسیم کے ساتھ ختم ہوگا۔  عقیدت مندوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر درگاہ اور آس پاس کے علاقوں میں سیکوریٹی اور صفائی کے خصوصی انتظامات کئے  گئے ہیں تاکہ آسانی سے درشن اور شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ حضرت نظام الدین کے سالانہ عرس میں پاکستانی زائرین کی شرکت  کے تعلق سے خدشات پائے جا رہے ہیں۔ پہلگام میں دہشت گردانہ حملے اور آپریشن سیندورکے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK