کانگریس صدر ایوان بالا میں حزب اختلاف کے قائدکے عہدہ پر برقرار ، رادھا کرشنن نے مبارکباد دی۔
کھرگے حلف برداری کے بعد نائب صدر جمہوریہ سے ہاتھ ملاتے ہوئے،ان کے ساتھ سونیا گاندھی اور پرینکا بھی ہیں-تصویر:پی ٹی آئی
راجیہ سبھا کے ۸؍ نومنتخب اراکین نے پیر کو بطور رکن پارلیمان حلف لے لیا۔ان میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے بھی شامل ہیںجن کی حلف برداری راجیہ سبھا کے چیئر مین اورنائب صدر سی پی رادھا کرشنن کے چیمبر میں ہوئی۔کھرگے کرناٹک اسمبلی سے ایک بار پھر راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہوئے ہیں۔ وہ ایوان بالا میں حزب اختلاف کے قائد کے عہدہ پر برقرار ہیں۔ ان کی حلف برداری کے موقع پر سونیا گاندھی اور پرینکا گاندھی بھی موجود تھیں۔ کھرگے نے ہندی میں حلف لیا ۔اس وقت ان کے ہاتھ میں آئین ہند کا ایک نسخہ موجود تھا۔ نائب صدر رادھا کرشنن نے کھرگے کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ایوان بالا ان کے طویل پارلیمانی تجربے سے فائدہ اٹھائے گا۔
حلف برداری کے بعد کھرگے نے کہا کہ وہ پوری دیانت کے ساتھ عوام کے مسائل کو ایوان میں اٹھاتے رہیں گے اور حکومت کو جوابدہ بنائیں گے۔ ملکارجن کھرگے کے علاوہ بی جے پی کے لیڈر ترون چگ اور دیگر ۶؍نئے اراکین جتیندر میگھ جی بھائی کنزاریا، مان سنگھ میرامن پرمار (گجرات)، ایم ناگ راجا (کرناٹک)، راجندر ہیرالال جین (مہاراشٹر)، ادھیکاری میوم شاردہ دیوی (منی پور) اور الکا سنگھ (راجستھان) نے بھی راجیہ سبھا کے رکن کی حیثیت سے حلف لیا۔