محکمہ ٹرانسپورٹ کے یکم جنوری تا ۳۰؍ اپریل ترتیب کردہ ریکارڈ کے مطابق انتہائی تیز رفتار اور لاپروائی سے گاڑی چلانے والوں پر اے آئی کی مدد سے نظر رکھنے اور شاہراہوں پر اسپیشل اسکواڈ کو تعینات کرنے کے سبب حادثات اور اموات میں کمی ہوئی ہے ۔
حادثہ۔ تصویر:آئی این این
ممبئی:عروس البلاد ممبئی ، تھانے اور نوی ممبئی کے علاوہ ریاست کے الگ الگ شہروں کی شاہراہوں پر مختلف احتیاطی تدابیر کے باوجود حادثات اور اموات میں مسلسل ہونے والے اضافہ کے بعد ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ نے اے آئی جیسی جدید تکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اور حساس شاہراہوں پر خصوصی اسکواڈ کو تعینات کرنے کے بعد امسال نہ صرف حادثات بلکہ اموات میں کمی لانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔اس ضمن میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے ترتیب کردہ ریکارڈ کے مطابق جنوری تا اپریل کے درمیان گزشتہ سال کے مقابلے امسال حادثات اور اموات میں۸؍ فیصد کمی واقع ہوئی ہے ۔
گزشتہ سال یکم جنوری تا ۳۰؍ اپریل کے درمیان شہر ہی نہیں ریاست کی مختلف شاہراہوں پرساڑھے ۱۲؍ ہزار سے زائد سڑک حادثات کے علاوہ ساڑھے۵؍ ہزار سے زائد اموات اور۵؍ ہزار سے زائد مہلک سڑک حادثات ہوئے تھے۔وہیں امسال جنوری تا ۳۰؍ اپریل حادثات اور اموات میں۸؍ فیصد کمی واقع ہوئی ہے ۔ اس کی وجہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس ( اے آئی ) کے استعمال اور لاپروائی ،تیز رفتار اور بنا ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے گاڑی چلانے والوں پر سخت کارروائی کرنے نیز اسپیشل اسکواڈ کی تعیناتی بتائی گئی ہے ۔
ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ کے کمشنر بھرت کالسکر نے اس ضمن میں نامہ نگاروں سے ہونے والی بات چیت کے دوران بتایا کہ ’’عروس البلاد ممبئی ، تھانے اور نوی ممبئی کے علاوہ ریاست کی تمام شاہراہوںپر حادثات اور اموات پر قابو پانے کیلئے اے آئی کی مدد سے گاڑی چلانے والوں پر نظر رکھی جارہی ہے ۔ یہی نہیں ۳؍ سو سے زیادہ افسران اور اہلکاروں پر مشتمل خصوصی اسکواڈ تعینات کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ لاپروائی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے لاکھوں ڈرائیوروں کے خلاف نہ صرف کیس درج کیا گیا ہے بلکہ کروڑوں روپے جرمانہ بھی وصول کیا گیا ہے ۔‘‘ دوسری جانب گزشتہ سال کے مقابلہ امسال یکم جنوری تا ۳۰؍ اپریل کے درمیان سڑک حادثات اور اموات میں کمی سے متعلق ترتیب کردہ ریکارڈ کے مطابق گزشتہ سال جنوری تا اپریل کے درمیان۱۲؍ ہزار ۶۱۰؍ حادثات رونما تھے جن میں ۵؍ ہزار ۲۷۵؍ مہلک حادثات تھے اور ان میں کل ۵؍ ہزار ۶۸۱؍ افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ وہیں امسال جنوری تا ۳۰؍ اپریل کے درمیان ممبئی ، نوی ممبئی ، تھانے ، واشم ، بیڑ ، ناگپور،ناسک اور دیگر اضلاع و شہروں میں کل ۱۲؍ ہزار ۳۸۹؍ سڑک حادثات ہوئے جن میں ۴؍ ہزار ۸۲۷؍ کو مہلک سڑک حادثات قرار دیا گیا اور کل حادثات میں ۵؍ ہزار ۲۳۳؍ افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔
واشم میںسب سے زیادہ اموات اور حادثات
ایک طرف جہاںجاری کردہ اعداد شمار اور ترتیب کردہ رپورٹ میںحادثات و اموات میں کمی کی وجہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ، اسپیشل اسکواڈ کی تعیناتی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر سختی کارروائی کا نتیجہ بتائی گئی ہے،وہیں دوسری طرف ترتیب کردہ ریکارڈ کے مطابق سب سے زیادہ واشم میں ۳۷؍ فیصد حادثات اوراموات میںکمی درجکیگئی ہےجبکہ دوسرے نمبر پر بیڑ اور ناگپور ہے اور تیسرے نمبر پر نوی ممبئی اور ناسک شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ جنوری تا ۳۰؍ اپریل ۲۰۲۶ء میں برتی گئی سختی اور کی جانے والی کارروائی سے متعلق محکمہ ٹرانسپورٹ نے لاپروائی سے گاڑی چلانے اور حادثات و اموات کا سبب بننے والے ۲؍ لاکھ ۶۴؍ ہزار بائیک چلانے والوںپر کیس درج کیا ہے۔اسی طرح ۲۲؍ ہزار سے زائدلاپروائی سے۴؍ پہیہ گاڑی چلانےو ا لوں پرطے شدہ رفتار سے زائد اسپیڈ سے گاڑی چلانے اورسیکڑوں افراد کے خلاف لائسنس ، گاڑی کے کاغذات ، انشورنس اور پی یو سی نہ ہونے کے علاوہ سیٹ بیلٹ نہ لگانے اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر کروڑوں روپے جرمانہ بھی وصول کیا گیا ہے ۔