Inquilab Logo

ایچ ایس ایس سی میں ۳۷ء۹۳؍ فیصد طلبہ کامیاب، کوکن بورڈ پھر اوّل

Updated: May 22, 2024, 10:30 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ممبئی سب سے آخری نمبر پر لیکن کارکردگی میں گزشتہ سال کے مقابلے بہتری، کوکن میں طلبہ کی کم تعداد کو اول آنے اور ممبئی میں طلبہ کی زیادہ تعداد کوآخری مقام پر رہنے کا سبب قرار دیا گیا۔

This year also the students have played. Photo: PTI
اس سال بھی طالبات نے بازی ماری ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

: مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے ریاست کے ۹؍ ڈیویژنل بورڈ کےایچ ایس سی امتحانات کا رزلٹ منگل (۲۱؍ مئی) کی دوپہر ایک بجے آن لائن جاری کر دیا گیا۔ طلبہ نے اپنے سیٹ نمبر کی مدد سے بورڈ کی ویب سائٹس سے اپنا رزلٹ ڈاؤن لوڈ کیا۔ اس مرتبہ ریاست میں مجموعی طور پر۹۳ء۳۷؍  طلبہ کامیاب ہوئے۔ یہ تناسب گزشتہ برس سے تقریباً ۲؍فیصدزیادہ ہے۔ ریاست کے ۹؍ ڈیویژنوں کے نتائج پر نظر ڈالنے پر پتہ چلتا ہے کہ سب سے کم طلبہ والا کوکن ڈیویژن ۹۷ء۵۱؍ فیصد کے ساتھ سر فہرست رہا جبکہ ممبئی جہاں سے سب سے زیادہ طلبہ نے شرکت کی تھی، آخری پوزیشن پر ہے۔ البتہ ممبئی ڈیویژن کا رزلٹ سے گزشتہ سال کے مقابلے ۲؍ فیصد بہتر ہے۔ اس مرتبہ ممبئی سے ۹۱ء۹۵؍ طلبہ کامیاب ہوئے۔ مارکس شیٹ کی اصل کاپی کب تقسیم کی جائے گی اس کا اعلان بورڈ کی جانب سے جلد ہی کیاجائے گا البتہ اس کیلئے ۱۰؍ تا ۱۵؍ دن لگ سکتے ہیں۔ 
طالبات نے بازی ماری
ایجوکیشن بورڈ ذرائع کے مطابق اس ایچ ایس سی امتحان میں مجموعی طو رپر ۱۴؍لاکھ ۲۳؍ہزار ۹۷۰؍ طلبہ نے شرکت کی تھی جن میں سے ۱۳؍لاکھ ۲۹؍ہزار ۶۸۴؍طلبہ کامیاب ہوئے۔ اس طرح کامیابی کا مجموعی فیصد ۹۳ء۳۷؍ رہا ۔ اس مرتبہ بھی طالبات نے بازی ماری اور ان کی کامیابی کا فیصد ۹۵ء۴۴؍ فیصد جبکہ لڑکوں کا ۹۱ء۶۰؍ فیصد رہا۔ ۶؍ لاکھ ۵۷؍ ہزار ۳۱۹؍ طالبات نے امتحان میں شرکت کی تھی جن میں سے ۶؍ لاکھ ۲۷؍ ہزار ۳۸۸؍ کامیاب ہوئے۔ اسی طرح ۷؍لاکھ ۶۶؍ ہزار۶۵۱؍لڑکوں میں سے ۷؍لاکھ ۲؍ہزار ۲۹۶؍ نے کامیابی حاصل کی۔ 
فیکلٹی کے اعتبار سے دیکھا جائے تواس مرتبہ سائنس فیکلٹی کا رزلٹ سب سے بہتر یعنی ۹۷ء۸۲؍ فیصد رہا ہے اس کےبعد کامرس (۹۲ء۱۸؍ فیصد )، پھر ووکیشنل ( ۸۷۱۷۵؍ فیصد) اور اس کے بعد آئی ٹی آئی( ۸۷ء۶۹؍ فیصد ) اور سب سے آخیر میں آرٹس فیکلٹی (۸۵ء۸۸؍ فیصد ) رہا۔ 

یہ بھی پڑھئے: گھاٹکوپر حادثہ کے بعد وسئی ویرارمیں بھی ہورڈنگز کیخلاف کریک ڈاؤن

کوکن ڈیویژن پھر اول 
 ایک بار پھرطلبہ کی سب سے کم تعداد والا کوکن ڈیویژن ریاست میں سرفہرست رہا، جبکہ ناسک ڈیویژن نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ممبئی ڈیویژن آخری یعنی نویں پوزیشن پر رہا۔ ممبئی کے سب سے آخری پوزیشن پر آنے کی وجہ دریافت کرنے پر ممبئی ڈیویژن کے چیئرمین ڈاکٹر شری رام پانزاڈے نے  انقلاب کو بتایا کہ ’’دیگر ڈیویژنوں کے مقابلے ممبئی ڈیویژن میں طلبہ کی تعداد سب سے زیادہ یعنی ۳؍ لاکھ ۱۹؍ ہزار ۹۱۰؍ ہے جبکہ سر فہرست آنے والے کوکن ڈیویژن سے محض ۲۵؍ ہزار ۷۹۳؍طلبہ نے شرکت کی ہے۔ طلبہ کی زیادہ تعداد ہونے کے سبب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ممبئی کا فیصد کم ہوا ہے ۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ’’ گزشتہ سال کے رزلٹ سے موازنہ کیاجائے تو پتہ چلتا ہے کہ امسال ۲؍ فیصد کی بہتری آئی ہے۔ یعنی گزشتہ برس ممبئی ڈیویژن کا ایچ ایس سی کا رزلٹ ۸۸ء۱۳؍ فیصد تھا جبکہ امسال یہ بڑھ کر ۹۱ء۹۵؍ فیصد ہو گیا ہے۔ ‘‘ اس تعلق سے ممبئی ڈیویژن کے سیکریٹری ڈاکٹر سبھاش بورسے نے بتایاکہ ’’ ممبئی میں دیگر ریاست سے آکر رہنے اور تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد زیادہ ہوتی ہے جو پڑھائی کے دوران اپنی آبائی ریاست چلے جاتے ہیں اس سے ان کی پڑھائی متاثر ہوتی ہے ۔ اس کا اثر رزلٹ پر بھی ہوتا ہے۔ ‘‘انہوں نے بھی طلبہ کی زیادہ تعداد کو کامیابی کے فیصد میں کمی کی وجہ بتایا۔ 
اہم تاریخیں :
 بورڈ کی جانب سے طلبہ کو ان کے مارکس دوبارہ جانچ کروانے، ری ویلویشن اور ویری فکیشن کی سہولت دی گئی ہے۔ درخواست کا فارمیٹ بورڈ کی ویب سائٹ پر موجود ہے جسے طے شدہ مدت میں پُر کرنا لازمی ہے۔ 
مارکس کی جانچ کیلئے ۲۲؍ مئی تا ۵؍ جون ۲۰۲۴ء درخواست دی جاسکتی ہے۔ ہر مضمون کیلئے ۵۰؍ روپے فیس ادا کرنی ہوگی۔ 
جوابی پرچہ کی کاپی حاصل کرنےکیلئے ۲۲؍ مئی تا ۵؍ جون ۲۰۲۴ء درخواست کی جاسکتی ہے۔ فی مضمون کیلئے ۴۰۰؍ روپے فیس ادا کرنی ہوگی۔ زیراکس حاصل کرنے کی بعد ہی ری ویلویشن کیلئے درخواست کی جاسکتی ہے۔ 

 مختلف ڈیویژنوں کے رزلٹ پر ایک نظر
ڈویزن:                شریک طلبہ/کامیاب طلبہ/ فیصد
۱۔کوکن :               ۲۵۷۹۳/۲۵۱۵۳/۹۷ء۵۱
۲۔ناسک:                 ۱۵۷۳۴۵/۱۴۹۰۲۹/۹۴ء۷۱
۳۔پونے:                ۲۴۲۸۱۴/۲۲۹۳۲۹/۹۴ء۴۴
۴۔کولہاپور:            ۱۱۴۳۱۹/۱۰۷۷۴۱/۹۴ء۲۴
۵۔اورنگ آباد:           ۱۷۴۰۵۱/۱۶۳۷۶۲/۹۴ء۰۸
۶۔امراؤتی:              ۱۴۲۸۳۶/۱۳۲۸۴۰/۹۳
۷۔لاتور:                 ۹۱۵۲۸/۸۴۵۴۱/۹۲ء۳۶
۸۔ناگپور:                ۱۵۵۳۷۴/۱۴۳۱۳۱/۹۲ء۱۲
۹۔ممبئی:                ۳۱۹۹۱۰/۲۹۴۱۵۸/۹۱ء۹۵؍فیصد

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK