دی ٹینس کرکٹ اسپورٹ فیڈریشن آف انڈیا (آئی ٹی سی ایس ایف) کے زیر اہتمام ملک گیر ٹینس کرکٹ ٹورنامنٹ ’’پریسیڈنٹ کپ انڈیا۲۰۲۶ء‘‘کا شاندار افتتاح منگل کی شب میںتھانے کے دادوجی کونڈدیو اسٹیڈیم میں ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے ، سپر اسٹار سلمان خان ، رکن پارلیمان شری کانت شندے اور دیگر معززین کی موجودگی میں ہوا۔
تھانے میںٹینس کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے ، سلمان خان اور رکن پارلیمان شری کانت شندے۔ تصویر: آئی این این
دی ٹینس کرکٹ اسپورٹ فیڈریشن آف انڈیا (آئی ٹی سی ایس ایف) کے زیر اہتمام ملک گیر ٹینس کرکٹ ٹورنامنٹ ’’پریسیڈنٹ کپ انڈیا۲۰۲۶ء‘‘کا شاندار افتتاح منگل کی شب میںتھانے کے دادوجی کونڈدیو اسٹیڈیم میں ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے ، سپر اسٹار سلمان خان ، رکن پارلیمان شری کانت شندے اور دیگر معززین کی موجودگی میں ہوا۔ اس وقت اسٹیڈیم میں ہزاروں کرکٹ شائقین موجود تھے۔ ٹورنامنٹ کا کوارٹر فائنل ،سیمی فائنل اور فائنل میچ ۵؍ اپریل کو کھیلا جائے گا۔
رکن پارلیمان اور آئی ٹی سی ایس ایف کے قومی صدر ڈاکٹر شری کانت ایکناتھ شندے نے اعلان کیا کہ ٹینس کرکٹرس کو ایک بہتر پلیٹ فارم فراہم کرنے کے مقصد سے یہ ٹورنامنٹ سال میں ۳؍ مرتبہ ہندوستان کی مختلف ریاست میں منعقد کیا جائے گا۔ کھلاڑیوں نے کھڑے ہو کر اس فیصلے کا خیر مقدم کیا۔
سلمان خان نے شائقین کے جوش کو دیکھتے ہوئے کہاکہ ’’ مَیں برسوں بعد تھانے آیا ہوں ۔یہاں آکر بہت اچھا لگا۔ تھانے آج باندرہ سے بہتر نظر آرہا ہے۔‘‘حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نےکہا کہ اس طرح کی پہل کی جانی چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تھانے کے دادوجی کونڈ دیو اسٹیڈیم گراؤنڈ کی ترقی کیلئے اب تک۵۵؍کروڑ روپے کا فنڈ فراہم کیا گیا ہے۔
کل ۱۶؍ٹیمیں کھلیں گی
۳۱؍ مارچ تا ۵؍اپریل جاری رہنے والے اس کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل۱۶؍ ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں مہاراشٹر واریئرس، پونے پائریٹس، بہار بلاسٹرس، دہلی اسٹرائیکرس، ڈریم ہریانہ رائلز، گجرات لائنز، کرناٹک رائل کنگز، کیرالا واریئرس، کولکاتا رائیڈرز (مغربی بنگال)، مدھیہ پردیش ٹائیگرس، پوروانچل پینتھرس، راجستھانی یودھاز،رائل چیلنجرز گوا، سپریم سپر کنگس ( تمل ناڈو)، یو پی نائیٹس اور اتراکھنڈ ٹائیگرس شامل ہیں۔
کھلاڑیوں اور تماشائیوں کیلئے انعامات
جیتنے والی ٹیم کو ایک کروڑ روپے اور رنر اپ ٹیم کو ۵۰؍لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔ بہترین بلے باز، بہترین گیند باز اور۲۳؍سال سے کم عمر کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی کو ایک ایک پرکشش موٹر سائیکل سے نوازا جائے گا۔ پورے ٹورنامنٹ میں بہترین اور مستقل مزاجی سے کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی کو ’’مین آف دی سیریز‘‘ کے طور پر ایک شاندار مہندرا تھار فور وہیلر سے نوازا جائے گا۔ ہر میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کیلئے ’’مین آف دی میچ‘‘ ایوارڈ دیا جائے گا جس کیلئے ۵۰؍ ہزار روپے کا نقد انعام ہے۔ روزانہ۵؍ہزار اور پرکشش تحائف دیئے جائیں گے۔ اسی طرح تماشائیوں کیلئے لکی ڈرا کے ذریعے ۳؍ الیکٹرک بائک جیتنے کا موقع ہے۔ہر میچ کے بعد۱۰؍ ہزار روپے کا نقد انعام اور۱۰؍ہزار روپے کے ریٹیل واؤچرز دیئے جائیں گے۔