Updated: November 21, 2026, 10:03 PM IST
| New Delhi
ال نینو کے خطرے کے باعث ملکی پیداوار میں کمی کے خدشات کو دیکھتے ہوئے مالی سال ۲۰۲۷ء کی پہلی ششماہی (اپریل تا ستمبر) میں ہندوستان کی دالوں کی درآمدات سالانہ بنیادوں پر ۵۹؍ فیصد اضافے کے ساتھ ۲۴؍ لاکھ ٹن تک پہنچ گئی ہیں۔ اس دوران مسور اور پیلے مٹر کی درآمدات میں غیر معمولی تیزی دیکھی گئی، جبکہ گھریلو منڈی میں بھی ارہر، چنا اور ماش کی خوردہ قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ال نینوکے خطرے کے باعث ملکی پیداوار میں کمی کے خدشات کے پیشِ نظر مالی سال ۲۰۲۷ء کی پہلی ششماہی یعنی اپریل سے ستمبر کے دوران دالوں کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر ۵۹؍ فیصد اضافہ ہوا ہے یہ بڑھ کر ۲۴؍ لاکھ ٹن تک پہنچ گئی ہیں۔ مالیت کے لحاظ سے درآمدات میں ۳۵؍ فیصد اضافہ ہوا اور یہ ۴۳ء۱؍ ارب ڈالر تک جا پہنچیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ زیادہ مانگ کے باوجود عالمی منڈی میں دالوں کی قیمتیں نسبتاً کم سطح پر برقرار ہیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ آنے والے مہینوں میں مانگ بڑھنے اور آسٹریلیا، کینیڈا اور دیگر بڑے پیداواری ممالک کی نئی فصل منڈی میں آنے کے ساتھ ہی دالوں کی درآمدات میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔ `انڈیا پلسز اینڈ گرینز ایسوسی ایشن‘ (آئی پی جی اے ) کے سیکرٹری ستیش اپادھیائے نے فنانشل ایکسپریس کو بتایا، ’’ملکی پیداوار میں کمی کے امکانات کو دیکھتے ہوئے مالی سال ۲۰۲۷ء کے دوران مجموعی درآمدات تقریباً ۶۰؍ لاکھ ٹن تک پہنچ سکتی ہیں۔‘‘ اقسام کے لحاظ سے دیکھا جائے تو مالی سال ۲۰۲۷ء کی اپریل تا ستمبر کی مدت میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے مسور اور پیلے مٹر کی درآمدات میں بالترتیب ۲۳۵؍ فیصد اور ۸۴؍ فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہوا، جو بڑھ کر بالترتیب ۷۶ء۰؍ لاکھ ٹن اور ۶۳ء۰؍ لاکھ ٹن تک پہنچ گئیں۔ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں ارہر (تور) کی درآمدات گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے ۸؍ فیصد بڑھ کر ۴۸ء۰؍ لاکھ ٹن رہیں، جبکہ ماش (اڑد) کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر ۴؍ فیصد کمی واقع ہوئی اور یہ ۳۸ء۰؍ لاکھ ٹن ریکارڈ کی گئیں۔
یہ بھی پڑھئے: قحط زدہ مہاراشٹر میں ڈیٹا سینٹر کیلئے علاحدہ واٹر کمپنی بنانے کا منصوبہ
واضح رہے کہ مالی سال ۲۰۲۶ء میں ہندوستان کی دالوں کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر ۳۴؍ فیصد کی تیز کمی واقع ہوئی تھی اور یہ ۶۳ء۳؍ ارب ڈالر رہی تھیں، جس کی وجہ تجارتی ذرائع سست مانگ اور بہترین ملکی فصل کو قرار دیتے ہیں، جبکہ مالی سال ۲۰۲۵ء میں یہ درآمدات ریکارڈ ۵۴ء۵؍ ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھیں۔ دوسری جانب، محکمہ امورِ صارفین (ڈی او سی اے) کے پرائس مانیٹرنگ سیل کے اعداد و شمار کے مطابق جمعہ کو بڑی دالوں، ارہر (تور)، چنا اور ماش (اڑد)کی اوسط خوردہ (ریٹیل) قیمتیں بڑھ کر بالترتیب ۱۱ء۱۳۶؍روپے فی کلو، ۷۶ء۹۵؍ ؍روپے فی کلو اور ۱۴ء۱۲۷؍ روپے فی کلو ہو گئیں۔ یہ گزشتہ سال کے مقابلے بالترتیب ۱۷؍ فیصد، ۱۰؍ فیصد اور ۱۲؍ فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔ وزارتِ زراعت کے مطابق رواں سیزن میں خریف کی دالوں کی بوائی ایک کروڑ ۱۸؍لاکھ ۴۰؍ ہزار ہیکٹر رقبے پر ہوئی، جو سالانہ بنیادوں پر ۴۲ء۱؍ فیصد زیادہ ہے، تاہم مہاراشٹر اور کرناٹک کے کئی اہم پیداواری علاقوں میں کم بارشوں کی وجہ سے فصل کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔ اب ربیع کی اہم دالوں یعنی چنے اور مسور کی بوائی کا آغاز ہو چکا ہے اور سردیوں کے مہینوں میں بارش اور درجہ حرارت کا رجحان ان کی کاشت پر اثر انداز ہوگا۔یاد رہے کہ نومبر ۲۰۲۵ء میں حکومت نے چنے کے ایک سستے متبادل یعنی پیلے مٹر پر ۳۰؍ فیصد درآمدی ڈیوٹی عائد کر دی تھی، جس کے ساتھ ہی دسمبر ۲۰۲۳ء سے جاری اس کی ڈیوٹی فری درآمد کا سلسلہ ختم ہو گیا تھا۔ اسی طرح مارچ ۲۰۲۵ء میں مسور کی دال پر ۱۰؍ فیصد درآمدی ڈیوٹی لگائی گئی تھی، اور ان دونوں محصولات (ٹیکسوں) میں مالی سال ۲۰۲۷ء کے آخر تک توسیع کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پرھئے: اسرائیل: آئزن کوٹ کا اتحادی مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں ہنگامی حکومت کا اشارہ
ہندوستان اپنی سالانہ کھپت کا تقریباً ۱۸؍ سے ۲۰؍فیصد حصہ جس میں ارہر، ماش، مسور، پیلے مٹر اور دیسی چنا شامل ہیں کینیڈا، روس، برازیل، میانمار اور افریقہ سے درآمد کرتا ہے۔ مالی سال ۲۰۲۶ء میں درآمد کی گئی کل ۶۰؍ لاکھ ٹن دالوں میں ۲۵؍ فیصد حصے کے ساتھ ارہر (تور) سب سے آگے رہی، جس کے بعد مسور (۱۹؍ فیصد)، پیلے مٹر (۱۸؍ فیصد) اور ماش (۱۶؍ فیصد) کا نمبر آتا ہے۔