Inquilab Logo

بی جے پی کارکنان کیساتھ نکھل واگلے پر بھی معاملہ درج

Updated: February 11, 2024, 10:00 AM IST | Pune

پونے پولیس کا کہنا ہے کہ سینئر صحافی کے ’نربھئےبنو‘ پروگرام کو منعقد کرنےکی اجازت نہیں دی گئی تھی بلکہ انہیں اورمنتظمین کو نوٹس دیا گیا تھا ،پھر بھی انہوں نےاسکاانعقادکیا

Nikhil Wagle and the organizers of the program are accused of violating the notice (Image: Agency)
نکھل واگلے اور پروگرام کے منتظمین پر نوٹس کی خلاف ورزی کا الزام ہے ( تصویر: ایجنسی)

ایک رو ز قبل پونے میں صحافی نکھل واگلے کے کار پر ہوئے حملے کے بعد پولیس نے  بی جے پی کے شہر صدر دھیرج گھاٹے سمیت ۴۳؍ افراد پر معاملہ درج کیا  ہے لیکن ساتھ ہی خود نکھل واگلے اور جس پروگرام میں وہ تقریر کرنے گئے تھے، اس پروگرام کے منتظمین کے خلاف بھی معاملہ درج کیا ہے۔ مجموعی طور پر پولیس نے ۲۵۰؍ افراد کے خلاف معاملہ درج کیا ہے  ۔ 
 یاد رہے کہ جمعہ کی شام جب نکھل واگلے  پونے کے راشٹریہ سیوا دل ہال میں منعقدہ  پروگرام سے خطاب کرنے جا رہے تھے تو راستےمیں کھنڈوجی چوک کے پاس ان کی گاڑی کو سیکڑوں بی جے پی ورکروں نے گھیر لیا اور اس پر پتھرائو شروع کر دیا جس کی وجہ سے ان کی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ساتھ گاڑی پر انڈے اور سیاہی بھی پھینکی گئی۔ اس کے بعد مہا وکاس اگھاڑی کے کارکنان بھی سڑکوں پر اتر آئے اور انہوں نے کہا کہ نکھل واگلے کا پروگرام ہو کر رہے گا۔ یاد رہے کہ نکھل واگلے ’نربھئے بنو‘ عنوان سے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرنے والے تھے جو موجودہ حالات کے پس منظر میں   عوام کی رہنمائی کیلئے رکھا گیا تھا۔ بی جے پی کارکنان  حال ہی میں نکھل واگلے  کی جانب سے نریندر مودی پر کی گئی تنقید سے ناراض تھے۔ واگلے نے یوٹیوب پراپنے چینل کے ذریعے مودی کو چیلنج کیا تھا کہ ’’ اگر ہمت ہے مجھے یا رویش کمار  جیسے کسی صحافی کو انٹرویو دے کر دکھائیں۔‘‘ انہوں نے حال ہی میں بھارت رتن ایوارڈ سے نوازے گئے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی پر بھی تنقید کی تھی۔  
  جب مہا وکاس اگھاڑی اور بی جے پی کے کارکنان سڑکوں پر آمنے سامنے آئے تو حالات کشیدہ ہو گئے پولیس نے انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران نکھل واگلے راشٹریہ سیوا دل ہال پہنچ گئے اور  وہاں موجود لوگوں سے خطاب بھی کیا۔ بی جے پی ورکروں نے وہاں بھی ہنگامہ کیا اور ان پر انڈے پھینکنے کی کوشش کی۔ پولیس نے ان ورکروں کو ہال سے باہر نکال دیا تو  وہ سڑک پر احتجاج کرنےلگے۔  
   انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق  سماجی کارکن شردھا جادھو کی شکایت پر پولیس  نے سنیچر کی صبح   پاروتی پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کیا۔  دیپک پوٹے، گنیش گھوش، گنیش شیرلا، باپو مانکر، سوپنل نائیک ، پرتیک دیسردا،  دشینت موہول،  دتا ساگرے، گریش مانکر  اور راہل پائے گوڈے کو ملزم بنایا گیا ہے۔ شردھا جادھو نے شکایت کی ہے کہ ان  لوگوں کے ہنگامے کی وجہ سے وہ اور ان کے کچھ ساتھی زخمی ہوئے ہیں۔  دوسری طرف بی جے پی کے پونے شہر صدر سنیل دیودھر کی شکایت پر پولیس نے کانگریس کے  اروند شندے ، این سی پی ( شرد)کے پرشانت جگتاپ اور  شیوسینا( ادھو) کے سنجے مورے کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔ یہ تینوں اپنی اپنی پارٹی کے شہر صدر ہیں۔ 
  حیران کن طور پر وشرام باغ پولیس  اسٹیشن میں نکھل واگلے اور ’نربھئے بنو‘ پروگرام  کے منتظمین کے خلاف بھی معاملہ درج کیا گیا ہے۔   پونے کے ڈی سی پی (ژون ۳؍) سمبھاجی کدم کا کہنا ہے کہ ’’ نربھئے بنو پروگرام کیلئے  پولیس نے اجازت نہیں دی تھی۔ بلکہ ہم نے پروگرام کے منتظمین اور نکھل واگلے کے نام نوٹس جاری کیا تھا۔ انہوں نے اس نوٹس کی خلاف ورزی کی  لہٰذا ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔یاد رہے کہ اپوزیشن لیڈران نے اس معاملے میں پولیس پر تنقید کی ہے۔ ۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK