Inquilab Logo

گنپتی وسرجن کے دوران جلگاؤں کی میئر جئے شری مہاجن کے گھر پر پتھراؤ،ہجوم کیخلاف معاملہ درج

Updated: September 11, 2022, 10:03 AM IST | jalgaon

گھر میں معمر مریض ہونے کا حوالہ دیتے ہوئےشور نہ کرنے کی اپیل پرگنپتی جلوس میں شامل کچھ نوجوان مشتعل ہوگئے، واردات کے بعد آگ بگولہ جئے شری مہاجن نے کہا ’’ پولیس استعفیٰ  دے کر گھر بیٹھ جائے‘‘

A crowd can be seen outside Mayor Jai Shri Mahajan`s house after the stone pelting
پتھراؤ کے بعد میئر جئے شری مہاجن کے گھر کےباہر ہجوم دیکھا جاسکتا ہے

:  جہاں ضلع میں ہر جگہ گنیش وسرجن پرامن طریقے سے منایا جارہا تھا ، وہیں جمعہ کی شب گیارہ بجے کے آس پاس شہر کے مہرون علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔گنپتی وسرجن کی رات ایک گنپتی منڈل کے کارکن نے براہ راست شہر کی میئر جئے شری مہاجن کے مکان پر جلتا ہوا پٹاخہ اور گلال پھینک دیا،اسے جب چند لوگوں نے روکنے کی کوشش کی تو جلوس میں شامل مزید  نوجوان مشتعل ہو کر پتھرائو کرنے لگے ۔اس پتھرائو میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔اس معاملے میں سنیچر کی صبح ہجوم کے خلاف جان لیواحملہ اورپتھرائوزنی کا معاملہ درج کیا گیا ہے ۔پولیس میں درج کردہ شکایت میں یہ بھی کہا گیا کہ مشتعل ہجوم نے خواتین کو بھی نشانہ بنانےکی کوشش کی ۔
 اس معاملے میں ایم آئی ڈی سی پولیس اسٹیشن میں پورویش یشونت مہاجن (۲۳)، ساکن وٹھل مندر چوک، نے شکایت درج کرائی ہے۔اپنی شکایت میں اس نے کہا کہ ان کے جے دُرگا بھوانی کریڈا منڈل کی گنپتی  کے وسرجن کے بعد ان کےمنڈل کے کارکنان وٹھل مندر چوک پر رُک گئے تھے۔ اس چوک پر میئر مہاجن کا گھر ہے۔اس دوران اس راستے سے’ ایک گاؤں، ایک گنپتی اور شری رام مترا منڈل‘کا وسرجن جلوس جارہا تھا۔ اس جلوس میں شامل کچھ نوجوانوں نے میئر مہاجن کے گھر پر گلال پھینکا اور زور زور سے نعرے لگائے۔ایک نوجوان، میئر مہاجن کے گھر پر جلتے ہوئے پٹاخے پھینک رہا تھا۔اس قت پورویش مہاجن نے بھیڑ سے کہاہمارے گھر میں ایک معمر مریض ہے۔انکی بائی پاس سرجری ہوئی ہے، تو آپ اس چوک سے آگے بڑھ جائیں۔ اسی بات سے مشتعل ہو کر یوگیش راجندر نائک، تیجس گیانیشور واگھ اور دیگر نامزد افراد کے ساتھ پچیس تیس لوگوں نے پتھراؤ  شروع کردیا۔اسی دوران ایڈوکیٹ نیتا بھارت مہاجن کے گلے سے تین تولہ سونے کی چین بھی کھینچ کر لوٹ لی گئی۔ دو پہیہ اور چار پہیہ گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیااور راستے پر ہی مورتی چھوڑ کربھاگ گئے ۔اس واقع کی اطلاع ملتے ہی ایم آئی ڈی سی پولیس اسٹیشن کے عملہ بندوبست پر تعینات پولیس اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ہجوم کو منتشر کیا۔
 اس حملہ پر میئر مہاجن نے یہ سوال اٹھاتے ہوئے پولیس پر اپنا غصہ ظاہر کیا ہے کہ’’ اگر اس شہر کا اول شہری ہی محفوظ نہیں  ہے تو پھرعام لوگوں کا کیا ہوگا؟ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ پولیس انتظامیہ کی جانب سے سیکوریٹی کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے ہوا۔ جئے شری مہاجن نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’پولیس استعفیٰ دے کر گھر بیٹھ جائے۔‘‘ اطلاع کے مطابق پولیس نے واقعہ کی شب ہی چار افراد کو حراست میں لے لیا تھا ،اس  واقعہ کے کسی سیاسی تنازع سے جوڑنے پر بھی قیاس آرائیاں ہورہی ہیں۔

jalgaon Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK