Inquilab Logo

اعظم خان کے خلاف ڈی ایم کے دباؤ میں شکایت درج کروائی تھی

Updated: May 27, 2023, 9:51 AM IST | Lucknow

نفرت انگیز تقریر کے معاملے میںسماج وادی پارٹی لیڈر کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے والے افسر کا عدالت میںتحریری اعتراف

Many ridiculous cases have been registered against Azam Khan (file photo).
اعظم خان پر کئی مضحکہ خیز معاملات درج کئے گئے ہیں( فائل فوٹو)

نفرت انگیز تقریر کے معاملےکی اعظم خان کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے والے افسر انل کمار چوہان  نے عدالت میں قبول کیا ہے کہ انہوں نے ضلع الیکشن افسریعنی ڈی ایم کے دباؤ میں سماج وادی پارٹی لیڈر کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔ افسرکا قبول نامہ سامنے آنے کے بعد اترپردیش کا سیاسی پارہ چڑھ گیا ہے۔ سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ اعظم خان کی اسمبلی رکنیت  بحال ہو اور فرضی مقدموں میں پھنسانے والوںکے خلاف کارروائی کی جائے۔وہیں سماجوادی پارٹی کے ایک وفد نے اعظم خاں سے متعلق مختلف امور پراپنے مطالبات کے سلسلے میں مرادآباد کمشنر سے ملاقات کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
 در اصل ایف آئی آر درج کروانے والےسرکاری افسرانل کمار چوہان کی شکایت پر جب ٹرائل کورٹ میں جرح کی گئی تو انہوں نے یہ بات تسلیم کرلی کہ انہوںنے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کے دباؤ میں شکایت درج کروائی تھی۔محمد اعظم خاں کے وکیل   ونود شرما کا کہنا ہے کہ شکایت کنندہ اس افسر کے اسی قبول نامے کے بعد ایم پی ۔ایم ایل اے کورٹ کے سیشن جج امت ویر سنگھ نے ان کے مؤکل محمد اعظم خاں کو با عزت بری کر دیا ۔ یاد رہے کہ اسی افسر کی شکایت پرسماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر محمد اعظم خان کو رام پور کی ایم پی ۔ایم ایل اے کورٹ(مجسٹریٹ ٹرائل) نے ۲۷؍ اکتوبر ۲۰۲۲ءکو۳؍ سال کی سزا سنائی تھی اور اب گزشتہ بدھ کے روزاعلیٰ عدالت نے  محمد اعظم خاں کوبری کردیا۔
عدالت نے سماج وادی پارٹی لیڈر کو بری کرتے وقت یہ بھی محسوس کیا تھاکہ رام پور کے اس وقت کے ڈی ایم آنجنیہ کمار سنگھ کے اعظم خان اور ان کے خاندان کے ساتھ تعلقات خراب تھے۔ کیس میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور آئینی عہدوں پر بیٹھے لوگوں کے خلاف نفرت انگیز تقریر کے الزامات بھی لگائے گئے تھے۔ عدالت نے کہا تھا کہ اگر ڈی ایم کے خلاف اشتعال انگیز باتیں کہی جاتیں تو وہ خود بھی فوجداری شکایت یا دیوانی مقدمہ درج کر سکتے تھے۔ لیکن اس کے بجائے اس نے انل چوہان پر دباؤ ڈال کر شکایت درج کروائی۔ عدالت نے  یہ بھی تسلیم کیاکہ ملزم کی تقریر کی مکمل اسکرپٹ  مہیا نہیں کروائی گئی  بلکہ کچھ جگہوں سے ان کی تقریر کے کچھ حصے جوڑ کر شکایت تیار کی گئی ہے۔
عدالت سے اعظم خاں کے بری ہونے اور افسر کےاس قبول نامے کے بعدایک بار پھر یوپی کی سیاست گرم ہوگئی ہے۔ سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اور حزب اختلاف کے لیڈر اکھلیش یادو نے بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئےکہا ہے کہ بی جےپی کے دور حکومت میں جھوٹے مقدمات کی حقیقت سامنے آنے لگی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کی کٹھ پتلی بن کر عوام پر دباؤ ڈال کر جھوٹے مقدمات لکھوانے والے بدعنوان افسروں کو فوری سزا دی جائے۔

azam khan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK