Updated: December 26, 2025, 8:01 PM IST
| Mumbai
سلمان خان کل یعنی ۲۷؍ دسمبر کو ۶۰؍ سال کے ہو جائیں گے۔ اسی خوشی میں ان کے قائم کردہ کپڑوں کے برانڈ بیئنگ ہیومن نے اپنی دکانوں اور آن لائن پلیٹ فارم پر دستیاب مصنوعات پر ۵۰؍ فیصد رعایت کی پیشکش کی ہے۔ ان کے جنم دن کے موقع پر مداح کافی پُرجوش ہیں۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر جاری کئے گئے سلمان خان کے ایک ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں مداحوں نے دلچسپ تبصرے کئے۔
سلمان خان۔ تصویر: آئی این این
بالی ووڈ کے بھائی جان سلمان خان کل یعنی ۲۷؍ دسمبر کو ۶۰؍ سال کے ہو جائیں گے۔ لیکن ان کے کپڑوں کے برانڈ ’’بیئنگ ہیومن‘‘ نے پہلے ہی ’’بگ برتھ ڈے سیل‘‘ کے ذریعے سالگرہ کے جشن کی شروعات کر دی ہے۔ اس برانڈ کی دکانوں اور آن لائن پلیٹ فارم پر دستیاب مصنوعات پر۵۰؍ فیصد رعایت کی پیشکش کی گئی ہے۔ ان کے جنم دن کی خصوصی مہم ’’کیک فیک برتھ ڈے فور ریئل‘‘ کے طور پر انہوں نے بیئنگ ہیومن کے ایک اسٹور پر اپنے فن پاروں کی نمائش بھی کی ہے۔ سلمان خان نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کیا جس میں وہ ایک منفرد فن پارہ بنانے میں مصروف ہیں۔ یاد رہے کہ سلمان خان کی قائم کردہ کپڑوں کے برانڈ بیئنگ ہیومن نے ان کے جنم دن کی خوشی کے موقع پر ۲۳؍ دسمبر کو خصوصی سیل کا اعلان کیا تھا، جو اب بھی جاری ہے۔
سلمان خان کا فن پارہ انٹرنیٹ پر وائرل
سلمان خان کی بنائی ہوئی پینٹنگ نے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی ہے۔ اس ویڈیو کو دیکھ کر مداح اداکار کو جنم دن کی پیشگی مبارکباد دے رہے ہیں اور ہلکے پھلکے انداز میں اس پینٹنگ کا موازنہ فلم ’’ویلکم‘‘ میں انل کپور کے کردار ’’مجنوں بھائی‘‘ کی بنائی ہوئی پینٹنگ سے کر رہے ہیں۔ ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں صارفین نے دلچسپ تبصرے کئے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’مجنوں بھائی کونے میں بیٹھے خاموشی سے (بھائی کو پینٹنگ کرتے ہوئے) دیکھ رہے ہیں۔ جنم دن مبارک ہو بھائی۔‘‘ ایک دوسرے صارف نے لکھا کہ ’’بھائی پینٹنگ کے کام میں لوٹ آئے ہیں، اے آئی اب خطرے میں ہے۔‘‘ ایک خاتون صارف نے لکھا کہ ’’مہربانی کر کے بتائیں کہ پینٹنگ میں جم تک لے جانے والا جی پی ایس تو نہیں لگا ہے۔ میں پوسٹر میں آپ کے بازو دیکھ کر ہی تھک گئی۔‘‘ بعض صارفین نے سلمان کے فن کی تعریف بھی کی۔ ایکس کے ایک پوسٹ میں لکھا گیا کہ ’’ایسے معنی خیز فن پارے کیلئے آپ کو مبارکباد۔ بیئنگ ہیومن واقعی حق کے ساتھ ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: رنویر سنگھ نے ’’ڈان ۳‘‘ نہیں چھوڑی بلکہ فلم سے نکال دیئے گئے: نئی رپورٹ
سلمان خان ۱۰؍ ہزار کروڑ کا ٹاؤن شپ پروجیکٹ لانچ کرنے کیلئے تیار
سلمان خان وینچرس پرائیویٹ لمیٹڈ نے ۱۰؍ ہزار کروڑ لاگت اور ۵۰۰؍ ایکڑ پر پھیلے ہوئے ٹاؤن شپ پروجیکٹ کا اعلان کیا ہے جس میں عالیشان رہائش گاہیں، تجارتی مراکز، کھیل کود کی سہولیات، ایک گولف کورس اور ایک لگژری فلم اسٹوڈیو ہوگا۔ یہ پروجیکٹ ریاست تلنگانہ کی سیاحتی صنعت کو فروغ دینے اور ہزاروں ملازمتیں فراہم کرنے کیلئے شروع کیا گیا ہے۔