سارہ علی خان نے جنوری میں سیف علی خان پر ہونے والے چاقو حملے کے بعد خاندان کے مشکل وقت پر بات کرتے ہوئے وقار، صبر اور اتحاد کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اپنی دادی شرمیلا ٹیگور سے سیکھے گئے وقار کو زندگی میں اپنانے کی خواہش ظاہر کی۔
EPAPER
Updated: December 26, 2025, 9:01 PM IST | Mumbai
سارہ علی خان نے جنوری میں سیف علی خان پر ہونے والے چاقو حملے کے بعد خاندان کے مشکل وقت پر بات کرتے ہوئے وقار، صبر اور اتحاد کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اپنی دادی شرمیلا ٹیگور سے سیکھے گئے وقار کو زندگی میں اپنانے کی خواہش ظاہر کی۔
رواں سال جنوری کے آغاز میں سیف علی خان پر ہونے والے چاقو حملے کے حوالے سے سارہ علی خان نے پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔ ان کے مطابق، سال کے آغاز میں ان کے خاندان نے ایک نہایت مشکل مرحلہ دیکھا، مگر اس دوران وقار، صبر اور یکجہتی کو ترجیح دی۔ سارہ اپنی دادی شرمیلا ٹیگور اور خالہ سوہا علی خان کے پوڈکاسٹ ’’آل اباؤٹ اس‘‘ میں گفتگو کر رہی تھیں۔ اس موقع پر سوہا نے نانی اور پوتی سے سوال کیا کہ انہوں نے ایک دوسرے سے کیا سیکھا۔ اس پر سارہ نے کہا:’’میں نے مشکل ترین وقتوں میں بھی عزت اور وقار کو سب سے بڑھ کر رکھنا سیکھا ہے۔ ایک خاندان کے طور پر ہم نے، خاص طور پر سال کے آغاز میں ابا کے ساتھ، بہت کچھ برداشت کیا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ جنوری میں سیف علی خان پر مبینہ طور پر ڈکیتی کی کوشش کے دوران ممبئی میں ان کے گھر پر ایک گھسنے والے نے چاقو سے حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں ان کی کمر اور بازو پر متعدد زخم آئے تھے، جن کیلئے سرجری کی ضرورت پڑی، تاہم وہ بعد میں صحت یاب ہو گئے تھے۔ سارہ نے مزید کہا کہ ’’اہم بات یہ تھی کہ ہم سب خود کو سنبھالے رکھیں اور حالات کو ہمیں توڑنے نہ دیں۔‘‘
اپنی دادی شرمیلا ٹیگور کی شخصیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے سارہ نے کہا کہ ’’میرے خیال میں دادی نہایت باوقار ہیں، اور یہی وہ خوبی ہے جسے میں اپنی زندگی میں شامل کرنا چاہتی ہوں۔‘‘ کام کے محاذ پر، سارہ علی خان کو آخری بار فلم ’’میٹرو ان دنوں‘‘ میں دیکھا گیا، جو انوراگ باسو کی ۲۰۰۷ء کی فلم ’’لائف اِن اے میٹرو‘‘ کا سیکوئل ہے۔ اس فلم میں انوپم کھیر، نینا گپتا، کونکنا سین شرما، پنکج ترپاٹھی، آدتیہ رائے کپور، علی فضل اور فاطمہ ثنا شیخ شامل ہیں۔ مستقبل میں سارہ علی خان فلم ’’پتی پتنی اور وہ ۲‘‘ میں آیوشمان کھرانہ، راکل پریت سنگھ اور وامیکا گبی کے ساتھ نظر آئیں گی۔