فوکس کون کی ذیلی کمپنی ایف آئی آئی کرناٹک میںاپنا پلانٹ لگانے کیلئے ۸۸۰۰؍ کروڑکی سرمایہ کاری کرےگی،۱۴؍ ہزار ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع
EPAPER
Updated: July 18, 2023, 1:33 PM IST | Bengaluru
فوکس کون کی ذیلی کمپنی ایف آئی آئی کرناٹک میںاپنا پلانٹ لگانے کیلئے ۸۸۰۰؍ کروڑکی سرمایہ کاری کرےگی،۱۴؍ ہزار ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع
کرناٹک کےوزیر اعلیٰ سدا رمیا نے پیر کو آئی فون بنانے والی کمپنی فاکس کون انڈسٹریل انٹرنیٹ(ایف آئی آئی) کے ایک وفد کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ۔ایف آئی آئی آئی فون بنانے والی کمپنی فوکس کون کی ایک ذیلی کمپنی ہے۔ فوکس کون کے سی ای او برانڈ چینگ کی قیادت میں ایک وفد نے کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدارمیا کے ساتھ دیونا ہلی آئی ٹی آ ئی آر ریجن میں کمپنی کا ایک اور سپلیمنٹری پلانٹ لگانے کی تجویز پر غور کیا۔وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے کہا کہ ریاست کرناٹک میں صنعتوں کی ترقی کیلئے سازگار ماحولیاتی نظام ہے اور تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے درمیان ہم آہنگی موجود ہے۔یہ یقین دلاتے ہوئے کہ حکومت مطلوبہ ہنر مندی کے ساتھ انسانی وسائل کی دستیابی کے لیے پہل کرے گی، انہوں نے کمپنی کی ٹیم کو کرناٹک میں یونٹ قائم کرنے کی پیشکش کی ۔
بڑی اور درمیانی صنعتوں کے وزیر ایم بی پاٹل نے کہا کہ حکومت مجوزہ پروجیکٹ کے لیے ہر طرح کا تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کمپنی کی دیگر تجاویز جیسے کہ سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ یونٹ کے قیام پر غور کرنے کے لیے تیار ہے اگر حکومت پیش قدمی کرے۔
تجویز کے مطابق فوکس کون کی ذیلی کمپنی ایف آئی آئی کے پاس۸۸۰۰؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا منصوبہ ہے۔ اس سے ۱۴؍ ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی۔اس منصوبے کیلئے تقریباً ۱۰۰؍ ایکڑ زمین درکار ہے۔کرناٹک حکومت کا کمپنی کو ۳۰۰؍ ایکڑتک زمین دینے کا بھی منصوبہ ہے۔ کمپنی کے مندوبین کو جاپان انڈسٹریل ٹاؤن شپ میں دستیاب زمین کا معائنہ کرانے کے لیے تمکور بھی لے جایا گیا۔ایف آئی آئی فون کیلئے درکار میکانیکی پرزہ جات بنانے کے علاوہ اسکرینوں اور بیرونی کورنگ بھی تیار کرے گی ۔