سیرت النبی ؐپر عمل کریں: مولانا محمد احمد نقشبندی ۔بہترین انسان صرف نبی کی سنتوں پر عمل کر کے ہی بنا جا سکتا ہے:گھاٹکوپر جلوس میں عارف نسیم خان کا پیغام ۔نبی کریمؐ کی سیرت انسانیت کیلئے کامل نمونہ ہے: اسلم شیخ
EPAPER
Updated: September 08, 2025, 11:32 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
سیرت النبی ؐپر عمل کریں: مولانا محمد احمد نقشبندی ۔بہترین انسان صرف نبی کی سنتوں پر عمل کر کے ہی بنا جا سکتا ہے:گھاٹکوپر جلوس میں عارف نسیم خان کا پیغام ۔نبی کریمؐ کی سیرت انسانیت کیلئے کامل نمونہ ہے: اسلم شیخ
سرکار دو عالم رحمت للعالمین حضرت محمد مصطفی ؐ کی ولادت کے موقع پر پیر کو ممبئی کے مضافاتی علاقوں میں بھی پورے جوش و خروش کے ساتھ عید میلادالنبیؐ کا جلوس نکالا گیا جس کے دوران شرکاء درود شریف کا ورد کرتے اور نعت پاک پڑھتے دکھائی دیئے ۔ حسب روایت مضافات کا سب سے بڑا جلوس گھاٹ کوپر میں نکالا گیا جس میں مختلف انجمنوں، کمیٹیوں کے عہدیداروں اور رضاکاروں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ دھاراوی ،باندرہ، مالونی ، ممبرا اور دیگر علاقوں میں بھی جلوس نکالا گیا۔اس موقع پر تقاریر میں حضورؐ کی تعلیمات پر عمل کرنے اور انہیں عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔
گھاٹکوپر میں ؕمرکزی عید میلاد النبیؐ کمیٹی کی قیادت میں جلوس
مرکزی عید میلاد النبیؐ کمیٹی گھاٹ کوپر کے زیر اہتمام محمد عارف نسیم خان کی صدارت میں عید میلادالنبیؐ کاجلسہ و جلوس نکالا گیا۔ مولانا محمد احمد نقشبندی نے جلوس کی قیادت کی اور مہمان خصوصی ممبر آف پارلیمنٹ پپو یادو ، مولانا عبید اللہ اعظمی اور ایم ایل سی بھائی جگتاپ بھی شریک ہوئے۔ جلسے میں دیگر دانشوران ، ادیب ، علماء دین اور شعراء کرام کے علاوہ مختلف انجمنوں، کمیٹیوں کے عہدیداروں اور رضاکاروں نے بھی شرکت کی۔ جلسے کی نظامت الطاف حسین منشی نے کی۔ انہوں نے بتایا کہ سینٹرل عید میلاد النبیؐ کمیٹی کی زیر اہتمام نکلنے والا یہ ممبئی مضافات کا ۷۳؍واں جلوس ہےاور محمد عارف نسیم خان کی صدارت کا یہ۳۸؍واں سال ہے۔
مولانا محمد احمد نقشبندی نے اپنے خطاب میں سیرت النبی ؐ پر عمل کرنے کی تلقین کی ۔
مولانا عبید اللہ خان اعظمی نے کہا کہ ’’ہمیں اللہ کی عبادت اور مخلوق کی خدمت کیلئے پیدا کیا گیا ہے۔رسول پاکؐ نے حضرت بلال کو کعبے کی چھت پر چڑھ کر اذان دینے کا موقع دے کر نسل پرستی کا خاتمہ کر دیا۔
بعد نماز عصر چراغ نگر گھاٹ کوپر سے جلوس شروع ہوکر پارسی واڑی ، لال بہادر شاستری مارگ (ایل بی ایس )سے ہوتے ہوئے پارک سائٹ وکھرولی میں مدینہ جامع مسجد پر اختتام پذیر ہوا۔ پورے راستے میں مختلف تنظیموں اور انجمنوں نے جلوس کا والہانہ استقبال کیا اور قائد جلوس اور محمد عارف نسیم نے ان کے اسٹیج پر خطاب بھی کیا۔ جگہ جگہ شرکاء جلوس کے لئے پانی اور ناشتے کا بھی انتظام تھا۔ پولیس ، ٹریفک اور بی ایم سی محکمہ نے جلوس کے نظم و ضبط کے لئے قابل تعریف تعاون کیا۔
مالونی میں تزک و احتشام کے ساتھ جلوس نکالا گیا
مالونی میں عید میلاد النبیؐ کا عظیم الشان جلوس رکن اسمبلی اسلم شیخ کی قیادت میں نہایت تزک و احتشام کے ساتھ نکالا گیا۔ یہ جلوس جامع مسجد مالونی سے روانہ ہو کر مہاڈا کالونی سے ہوتے ہوئے اویس قرنی قبرستان پر دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں مقامی شہریوں، علمائے کرام، کمیٹی کے اراکین اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جلوس کے دوران شرکاء نے نبی کریم ؐ کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں اپنانے اور معاشرے میں امن و بھائی چارہ قائم رکھنے کا عہد کیا۔ اس موقع پر اسلم شیخ نے کہا کہ عید میلاد النبیؐ کا یہ دن ہمیں بھائی چارے، اتحاد اور ایثار کا پیغام دیتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم حضورؐ کی تعلیمات کو عملی طور پر اپنائیں اور اپنے علاقے کو امن و محبت کی مثال بنائیں۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی شیخ المشائخ مولانا غلام عبدالقادر علوی نے اپنے بیان میں فرمایا کہ عید میلاد النبیؐ ہمیں یہ یاد دلاتی ہے کہ حضور ؐ کی آمد سے دنیا میں امن، عدل اور روشنی کا پیغام پھیلا۔ اگر آج ہم حضورؐ کی تعلیمات پر عمل کریں تو ہر گھر اور ہر دل امن و سکون کا گہوارہ بن سکتا ہے۔
ممبرا میں دلکش جھانکیوں کے ساتھ جلوس عید میلادالنبی ؐ
مرکزی عید میلاد النبیؐ کمیٹی ( ممبرا) کی زیر اہتمام ممبرا میں بھی روایتی انداز میں جشن عید میلاد النبیؐ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف علاقائی تنظیموں اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی جانب سے دلکش جھانکیاں بنائی گئی تھیں۔ عید میلاد النبیؐ کا جلوس پورے جوش وخروش کے ساتھ نکالا گیاجس کی قیادت حسین میاں اشرفی نے کی ۔جلوس کے دوران ممبرا کے سینئر پولیس انسپکٹر انل شندے کا استقبال کیا گیا۔
جلوس بامبے کالونی سے شروع ہوکر دتوواڑی، سیلیش نگر، روشنی اپارٹمنٹ ، سمراٹ نگر، ممبرا پولیس اسٹیشن ، نشیمن کالونی ، شنکر مندر، امرت نگر، قسمت کالونی روڈ، تنور نگر سے واپس ہوکر دارالفلاح مسجد کے پاس سے گزرتا ہوا فخر الدین شاہ بابا درگاہ روڈ پر تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے دوران دلکش جھانکیوں نے شرکاء کو متوجہ کیا ۔