Inquilab Logo

ملک بھر میں ۴۶؍ جگہوں پر روزگار میلے کا اہتمام، ۵۱؍ہزار تقرری نامے سونپے گئے

Updated: September 27, 2023, 9:34 AM IST | Agency | New Delhi

وزیراعظم مودی کا تقرریاں پانے والوں سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب،کہا :ہمارا ملک آج تاریخی کامیابیوں اور فیصلوں کا مشاہدہ کر رہا ہے، خواتین ریزرویشن بل کو بڑی کامیابی بتایا۔

Women candidates were placed at the forefront in the job fair held in Banaras. Photo: PTI
بنارس میں منعقدہ روزگار میلے میں خاتون امیدواروں کو سب سے آگے رکھا گیا۔ تصویر: پی ٹی آئی

وزیر اعظم نریندر مودی نےمنگل کو ملک بھرکے ۴۶؍ مقامات پر منعقدہ روزگار میلے سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کیا۔اس موقع پر۵۱؍  ہزار نوتعینات امیدواروں کو تقرری نامے سونپے گئے۔ملک بھر سے نئی بھرتیوں میں منتخب ہونے والے ان امیدواروں کومحکمہ ڈاک، انڈین آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ، محکمہ جوہری توانائی، محکمہ محصولات، محکمہ اعلیٰ تعلیم، وزارت دفاع، وزارت صحت اور فیملی ویلفیئر سمیت مختلف وزارتوں اور محکموں میں تعینات کیا جائے گا۔
اس موقع پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ روزگار میلے سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعظم مودی نے کہا کہ ہمارا ملک آج تاریخی کامیابیوں اور فیصلوں کا مشاہدہ کر رہا ہے۔ ابھی کچھ دن پہلے ہی ملک کی آدھی آبادی کو’ ناری شکتی وندن بل‘کی صورت میں بڑی طاقت ملی ہے۔ خواتین کے ریزرویشن کا معاملہ جو گزشتہ۳۰؍  برسوں سے زیر التوا تھا، اب دونوں ایوانوں سے ریکارڈ ووٹوں سے منظور ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پر غور کیجئے کہ یہ کتنی بڑی کامیابی ہے۔  ریزرویشن کا یہ مطالبہ اُس وقت سے ہو رہا تھا جب آپ میں سے بیشتر پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔ ملک کی نئی پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس میں  یہ فیصلہ کیا گیا ۔ ایک طرح سے نئی پارلیمنٹ میں ملک کے نئے مستقبل کا آغاز ہو چکا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج اس روزگار میلے میں بھی ہماری بیٹیوں نے بڑی تعداد میں تقرری نامے حاصل کئے ہیں۔ آج ہندوستان کی بیٹیاں خلا سے لے کر کھیلوں  کے میدان تک کئی نئے ریکارڈ بنا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’ناری شکتی‘  کی اس کامیابی  پر بہت فخر محسوس ہوتا ہے۔ حکومت کی پالیسی خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے نئے دروازے کھولنا بھی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ  بیٹیاں اب ملک کی مسلح افواج میں کمیشن حاصل کر کے ملک کی خدمت کی راہ پر گامزن ہیں۔ ہم سب کا تجربہ ہے کہ ناری شکتی نے ہمیشہ ہر شعبے میں نئی ​​توانائی کے ساتھ تبدیلیاں لائی ہیں۔ ہماری آدھی آبادی کیلئے حکومت کی بہتر حکمرانی، اس کیلئے آپ کو نئے آئیڈیاز پر کام کرنا چاہئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج۲۱؍ویں صدی کے ہندوستان کی امنگیں بہت زیادہ ہیں، ہمارے سماج اور حکومت سے توقعات بہت زیادہ ہیں۔ آپ خود دیکھ سکتے ہیں کہ آج یہ نیا ہندوستان کیا کمال کر رہا ہے۔ یہ وہی ہندوستان ہے جس نے چند دن پہلے چاند پر ترنگا لہرایا۔  اس نئے ہندوستان کے خواب بہت بلند ہیں۔ ملک نے۲۰۴۷ء تک ترقی یافتہ ہندوستان بننے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم اگلے چند برسوں میں تیسری بڑی معیشت بننے جارہے ہیں۔ آج جب ملک میں اتنا کچھ ہو رہا ہے تو ہر سرکاری ملازم کارول بہت بڑھنے والا ہے۔ آپ کو ہمیشہ سٹیزن فرسٹ کے جذبے سے کام کرنا ہوگا۔ آپ اس نسل کا حصہ ہیں جو ٹیکنالوجی کے ساتھ پروان چڑھی ہے۔ جدیدترین ٹیکنالوجی کی جو چیزیں آپ کے والدین مشکل سے آپریٹ کرپاتے  تھے،آپ نے کھلونے کی طرح ان کا استعمال کیا ہے۔ اب آپ کو اپنے کام کی جگہ پر ٹیکنالوجی کے ساتھ اس سہولت کو استعمال کرنا ہوگا۔ ہمیں سوچنا ہوگا کہ ہم ٹیکنالوجی کی مدد سے گورننس میں نئی ​​بہتری کیسے لا سکتے ہیں؟ آپ کو یہ دیکھنا ہوگا کہ آپ ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنے متعلقہ شعبوں  میں اپنی  کارکردگی کو مزید کیسے بہتر بنا سکتے ہیں؟
انہوں نے اپنی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ۹؍  برسوں میں ہماری پالیسیوں نے اس سے بھی بڑے اہداف کے حصول کی راہ ہموار کی ہے۔ ہماری پالیسیاں نئی ذہنیت ، مستقل نگرانی، مشن موڈ پر عمل درآمد اور بڑے پیمانے پر شرکت پر مبنی ہیں۔ ۹؍ برسوں میں حکومت نے مشن موڈ پر پالیسیاں نافذکی ہیں اور ملک کو بلندیوں پر پہنچایا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK