Inquilab Logo

ممبئی کی طرز پر کوکن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی قائم کی جائیگی

Updated: December 18, 2022, 10:36 AM IST | siraj shaikh | Mumbai

رتنا گیری میں۷۵۰؍ کروڑ کی لاگت کے ترقیاتی پروجیکٹوںکا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے ایکناتھ شندے کا اعلان ،دعویٰ کیا کہ مہاراشٹر حکومت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی سمت میں عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور۷۰؍ہزار سے زائد ملازمتیں فراہم کرنے کا آغاز ہو چکا ہے

A view of Chief Minister Eknath Shinde`s reception in Ratnagiri
رتناگیری میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے استقبال کا منظر

وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اعلان کیا ہے کہ کوکن کے تمام اضلاع کی جامع ترقی کیلئے ممبئی میٹروپولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی طرز پر کوکن  ریجن ڈیولپمنٹ اینڈ پلاننگ اتھاریٹی قائم کی جائے گی۔ رتناگیری ضلع کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اعلیٰ شندے نے یہاں کلکٹر کے دفتر میں میٹنگ  کے وقت یہ بات کہی ۔ اس کے علاوہ انہوں نے یہاں  ۷۵۰؍ کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد بھی رکھا ۔انہوں نے کہا کہ کوکن کے اضلاع کے ترقیاتی کام کئی سال سے رُکے ہوئے ہیں اور یہ کام کوکن ریجن ڈیولپمنٹ اینڈ پلاننگ اتھاریٹی منصوبہ بند طریقے سے کرے گی۔اس موقع پر ریاستی وزیر صنعت اُدے سامنت، بندرگاہوں کی ترقی کے وزیر دادا جی بھسے، تعمیرات عامہ کے وزیر رویندر چوان، اسکولی تعلیم کے وزیر دیپک کیسرکر، وزیر زراعت عبدالستار کے ساتھ ایم ایل ایز اور سابق ایم ایل ایز، ایم پی وغیرہ شریک تھے۔کلکٹر ایم دیویندر سنگھ نے ضلع میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ پیش کیا۔
  اس موقع پر ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کیرتی کرن پجار نے بھی ضلع پریشد کے منصوبے پیش کئے۔ ایم ایل اے شیکھر نکم، ایم ایل اے یوگیش کدم، سابق ایم پی نلیش رانے نے وزیر اعلیٰ کے سامنے کوکن کی ترقی سے متعلق مختلف مطالبات پیش کئے۔
رتناگیری میں گورنمنٹ انجینئرنگ کالج کا سنگ بنیاد
 رتناگیری شہر میں  وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے گورنمنٹ انجینئرنگ کالج کا سنگ بنیاد رکھا ۔اس موقع پر منعقدہ تقریب میں انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر حکومت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی سمت میں عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور ۷۰؍ ہزار سے زائد ملازمتیں فراہم کرنے کا آغاز ہو چکا ہے۔اپنی تقریر میںانہوں نے کسی بھی سیاسی شخصیت پر تنقید نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے ریاست میں ۷۰؍ ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کو منظوری دے دی ہے جس کی وجہ سے ۵۵؍ ہزار  لوگوں کو روزگار کے مواقع  دستیاب ہوں گے۔ ۲۵؍ کروڑ کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ’اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر‘ کے ذریعے روزگار میلوں کا انعقاد کیا جائے گا ۔وزیر اعلیٰ شندے نے کہا کہ ہم نے مختلف صنعتکاروںسے مہاراشٹر میں سرمایہ کاری کرنے کی اپیل کی تھی۔ اس اپیل کا ہمیں اچھا ریسپانس ملا ہے ۔ ملک اور بیرون ملک سے بہت سے کاروباری افراد ریاست میں سرمایہ کاری کیلئے آگے آئے ہیں۔ اس میں سے ہندوجا گروپ نے ریاستی حکومت کےساتھ  ۱۱؍ مختلف شعبوں میں تقریباً ۳۵؍ ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا معاہدہ کیا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ ہندوجا گروپ کا مہاراشٹر کے بھومی پتر کے طور پر کیا گیا یہ فیصلہ قابل ستائش ہے۔
رتناگیری ہوائی اڈے پر وزیر اعلی ایکناتھ شندے کا استقبال
  جمعہ کووزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے ایک سرکاری طیارے میںرتناگیری کے کوسٹ گارڈ کے رن وے پر پہنچے۔ اس وقت وزراء، انتظامیہ کا عملہ اور پولیس فورس نے ان کا استقبال کیا۔ وزیر اعلیٰ شندے کے ساتھ بندرگاہوں کی ترقی کے وزیر دادا جی بھسے بھی تھے۔
رتناگیری ضلع میں جلد ہی میڈیکل کالج قائم کیا جائے گا
 رتناگیری  میں سرکاری انجینئرنگ کالج کے سنگ بنیاد کے پروگرام میں وزیر صنعت و ضلع کے نگراں وزیر اُدے سامنت نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر میں شندے فرنویس حکومت میں ترقیاتی کام تیز رفتاری سے کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے اس موقع پرمسرت کا اظہار کیا کہ ایک دو سال میں رتناگیری شہر میں ایک عالیشان انجینئرنگ کالج دیکھنے کو ملے گا۔ اس بڑے پروجیکٹ کے لئے حکومت مہاراشٹر نے  ۱۵۳؍ کروڑ روپے کا خصوصی فنڈ مختص کیاہے اور  ۴۶؍ کروڑ کی پہلی قسط متعلقہ اتھاریٹی کے سپرد کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شندے کی کاوشوں سے رتناگیری کی گزشتہ۱۴؍سال سےبند انڈین شپنگ کمپنی کودوبارہ شروع کرنے کی سرگرمیاں شروع ہوچکی  ہیں ۔اس کمپنی کے کھل جانے سے ۲؍ہزار افراد کو ملازمتیں ملیں گی۔رتناگیری میں  جلد ہی میڈیکل کالج  شروع کیا جائے گا ۔یہ نیا میڈیکل پروجیکٹ۵۲۲؍ کروڑ روپے کا ہے۔ اس پروجیکٹ کو وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے منظوری دی ہے۔ انہوں نے آخر میں طلبہ سےرتناگیری کے مجوزہ ریفائنری پروجیکٹ کی حمایت میں آگے آنے کی اپیل بھی کی ۔

kokan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK