تمام ٹرینیں فل ۔روانگی کا یہ سلسلہ چھَٹی میں شرکت کیلئے ۲۷؍دسمبر تک جاری رہے گا۔بہت سے عقیدتمند ۵۰؍ برس سے پابندی سے شرکت کرتے ہیں۔ ان کے مطابق: وہاں بہت روحانی سکون اور اطمینان حاصل ہوتا ہے۔
ان دنوں ممبئی سے اجمیرجانے والی ٹرینوں میں ایک بھی سیٹ خالی نہیں ہے۔ تصویر: آئی این این
خواجہ اجمیری ؒکے عرس میں ممبئی سے ہزاروں عقیدتمندروانہ ہوئے ہیں اور روانگی کا یہ سلسلہ ۲۷؍ دسمبر کو خواجہ اجمیری ؒکی چھَٹی تک جاری رہے گا۔ہرسال عقیدت مند رجب المرجب کاچاند ہونے کےبعدسے روانہ ہونے لگتے ہیں۔ بہت سے عقیدت مند بسوں کے ذریعے، کچھ ہوائی جہاز کے ذریعے اور کچھ ذاتی گاڑیو ںکے ذریعے بھی روانہ ہوتے ہیں۔ چونکہ ۲۷؍دسمبر کو چھَٹی ہے اس لئے اس میں شرکت کے لئے اور بھی بڑی تعداد میںعقیدت مند جاتے ہیں اوران کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ کسی طرح عرس کے اس اہم پروگرام کا حصہ بنیں۔
تتکال اور پریمیم تتکال میں بھی ٹکٹ نہیں مل رہا ہے
روانہ ہونےوالے عقیدت مندوں کی کثرت کا بآسانی اندازہ اس سے کیا جاسکتا ہے کہ اجمیر شریف یا اس روٹ پر جانے والی تمام ٹرینیں فل ہیں۔ آج ۲۵؍ دسمبر کو باندرہ جے پور، باندرہ اجمیر سپرفاسٹ، شولاپور اجمیر اسپیشل، اراؤلی ایکسپریس، دادر اجمیر ایکسپریس اور باندرہ چندی گڑھ سپر فاسٹ کسی ٹرین میں ٹکٹ نہیں ہے۔ ۲۶؍ دسمبر کو ممبئی سینٹرل بھیوانی ایکسپریس اور ۲۷؍ دسمبر کو وسئی سے بھی ایک اسپیشل ٹرین روانہ ہوگی لیکن ان ٹرینوں میں بھی ٹکٹ نہیں ہے، تتکال اور پریمیم تتکال بھی نہیں مل رہا ہے۔ حالانکہ ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عقیدت مندوں کی تعدادکے پیش نظر اسپیشل گاڑیاں چلائی گئی ہیں تاکہ وہ آسانی کےساتھ اجمیر شریف پہنچ سکیں۔
۵۰؍برس سے شرکت کرنے والوں کی زبانی
عبدالمجید نوری موتی والا نے نمائندۂ انقلاب سےبات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ’’ وہ اپنے اہل خانہ اور دوست و احباب کے ساتھ تقریباً ۲۰؍ ۲۲؍افراد پرمشتمل گروپ میں ۵۰؍برس سے خواجہ اجمیریؒکے عرس کی تقریبات میں شرکت کرتے ہیں۔ وہ اکثر رجب کی چاند رات اجمیر پہنچ جاتے ہیں اور ان کے بچے اوردوست کبھی ساتھ میں تو کبھی چوتھی کوپہنچتے ہیںلیکن کبھی ناغہ نہیںہوتا ۔ ‘‘ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’’ عقیدت کی بنیاد پرحاضری دیتے ہیںاور بہت کچھ فیض حاصل ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اتنے طویل عرصے میںکبھی ناغہ نہیں ہوا ۔ ہم سب رجب کا چاند نظرآنے سے قبل ہی تیاری کرلیتے ہیں۔‘‘
انجمن جامع مسجد کےصدر اجمل خان کے مطابق وہ ۲۰؍ برس سے پابندی سے عرس میں شرکت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’حضرت خواجہ اجمیریؒ کے عرس کی تقریبات میں شرکت کرنے پر خوشی حاصل ہوتی ہے اور قلبی و ذہنی سکون ملتا ہے اور دینی باتیں بھی سیکھنے کوملتی ہیں۔ اسی لئے وقت نکال کر پابندی سےضرور شرکت کرتے ہیں اوراس کے لئے پیشگی تیاری کرتے ہیں۔‘‘
زبیرہاشمی نے بتایا کہ وہ ۲۲؍برس سے بلاناغہ ہرسال شریک ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق ’’خواجہ اجمیریؒ کے عرس کی تقریبات میں لاکھوں عقیدت مند حاضری دیتے ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ اس کا حصہ بننا اہم بات ہے۔ اسی لئے رجب کاچاند نظر آنے سے قبل ہی اس کی تیاری کرلیتے ہیں اور کبھی چاند نظر آنے پرتو کبھی بعد میں ،مگرکوشش کرتے ہیںکہ چھٹی میںضرور شریک ہوجائیں۔‘‘