• Tue, 17 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

باہمی اتحاد و تعلیمی بیداری کا پیغام، اُڑان پروگرام کا کامیاب انعقاد

Updated: November 17, 2026, 11:46 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi

پروگرام میں کاغذی برادری کے ۵۰۰ ؍ سے زائد افراد کی شرکت ،ملی، سماجی، تعلیمی اور خاندانی یکجہتی کا خوبصورت مظاہرہ ۔

Jalsa.Photo:INN
جلسہ۔ تصویر:آئی این این
کاغذی برادری کی خاندانی روایات کے تحفظ، باہمی محبت و اخوت کو فروغ دینے اور اتحاد و اتفاق کے رشتوں کو مزید مستحکم کرنے کے مقصد سے کاغذی ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کا دو روزہ’ اُڑان‘ پروگرام کا شاندار انعقاد عمل میں آیا۔اس پروگرام میں مہاراشٹر کے مختلف علاقوں سے کاغذی برادری کے ۵۰۰ ؍ سے زائد افراد نے شرکت کرتے ہوئے ملی، سماجی، تعلیمی اور خاندانی یکجہتی کا خوب صورت مظاہرہ کیا۔پروگرام کے پہلے روز قادر میاں درگاہ کے احاطے میں تقسیم انعامات کی ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں ارنڈول اسمبلی حلقے کے رکن اسمبلی ایڈوکیٹ امول پاٹل، ارنڈول نگر پریشد کے صدر بلدیہ ڈاکٹر نریندر ٹھاکر، شیوسینا (شندے) کے گروپ لیڈر منوج پاٹل، اسلم سائیکل والا، کونسلر نجمہ بی کاغذی، شبانہ نوروالدین اور عقیل احمد سمیت متعدد معزز شخصیات نے شرکت کی ۔ نظامت کے فرائض اعجاز عبدالغنی نےانجام دیئے۔
 
 
اس موقع پر رکن اسمبلی ایڈوکیٹ امول پاٹل نے کاغذی پورہ کے قبرستان کی اراضی سے متعلق دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے علاوہ انہوں نے علاقے میں ایک ملٹی پرپز ہال کی تعمیر کے لیے فنڈ فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا جس کا شرکاء نے خیرمقدم کیا۔تقریب کے دوران مختلف پروفیشنل کورسیز، ڈگری اور ڈپلومہ کے علاوہ بارہویں اور دسویں جماعت کے امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو انعامات سے نواز کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ اس موقع پر کاغذی ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے گزشتہ ۲۰ برسوں کے سماجی، تعلیمی اور فلاحی سفر کی عکاسی کرنے والے خصوصی کتابچے کا بھی اجراء عمل میں آیا۔پروگرام کے دوسرے روز مدرسہ عائشہ میں خواتین کے لیے خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں کردار سازی، خاندانی اقدار کے تحفظ اور رشتوں کو محبت، احترام اور باہمی اعتماد کے ساتھ مضبوط بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔اسی روز شام کے وقت مدرسہ الہدیٰ کا سالانہ جلسہ منعقد ہوا جس میں مدرسے کے ننھے طلبہ نے غیر معمولی خود اعتمادی اور بہترین انداز میں قرآن مجید کی تلاوت، حمد، نعت اور تقاریر پیش کرکے حاضرین سے خوب داد و تحسین حاصل کی۔واضح رہے کہ دو روزہ اُڑان پروگرام میں ممبئی، کلیان ، بھیونڈی، کون گاؤں، سورت، مالیگاؤں،املنیر،دھولیہ،چالیس گاوں اور جلگاؤں سمیت مہاراشٹر کے مختلف شہروں سے کاغذی برادری کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مجموعی طور پر یہ پروگرام نہ صرف برادری کے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا ذریعہ بنا بلکہ نئی نسل میں تعلیمی شعور، خاندانی اقدار، سماجی ذمہ داری اور باہمی اتحاد کے جذبے کو فروغ دینے کی ایک قابل ستائش کوشش بھی ثابت ہوا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK