Updated: November 17, 2026, 11:53 AM IST
|
Agency
| Miami
روس کی نوجوان ٹینس کھلاڑی میرا آندریوا نے ایلیناسویتولینا کو شکست دے کر بغیر کوئی سیٹ گنوائے ڈبلیو ٹی اے فائنلز ٹینس ٹورنامنٹ کا خطاب اپنے نام کیا اور سال کا شاندار انداز میں اختتام کیا جس میں انہوں نے اپنا پہلا گرینڈ سلام خطاب جیتا اور عالمی درجہ بندی میں دوسرے مقام تک رسائی حاصل کی۔
روس کی نوجوان ٹینس کھلاڑی میرا آندریوا نے ایلیناسویتولینا کو شکست دے کر بغیر کوئی سیٹ گنوائے ڈبلیو ٹی اے فائنلز ٹینس ٹورنامنٹ کا خطاب اپنے نام کیا اور سال کا شاندار انداز میں اختتام کیا جس میں انہوں نے اپنا پہلا گرینڈ سلام خطاب جیتا اور عالمی درجہ بندی میں دوسرے مقام تک رسائی حاصل کی۔ اس جیت کے ساتھ ہی آندریووا ۲۰۰۴ء میں ماریہ شاراپووا کے بعد سب سے کم عمر ڈبلیو ٹی اے فائنلز جیتنے والی کھلاڑی بن گئیں۔
روس کی ۱۹؍سالہ میرا نے یوکرین کی ۳۲؍ سالہ سویتولیناکوایک گھنٹے ۴۸؍منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں-۵۔۷، ۳۔۶؍ سے شکست دے کر سیزن کے آخری ٹورنامنٹ میں اپنے تمام پانچوں مقابلے جیتے۔ اس شاندار کارکردگی کی بدولت انہوں نے اپنے کریئر کی بہترین عالمی درجہ بندی حاصل کی۔ ان سے آگے صرف قزاخستان کی ایلینا ریباکینا ہیں۔میرا کو اس فاتحانہ کامیابی پر۳۳؍لاکھ ۷۰؍ہزار ڈالر کی انعامی رقم اور خصوصی طور پر تیار کی گئی ’الٹرا وایلیٹ پرپل‘ رنگ کی ’مرسڈیز بنز کنورٹیبل‘ کار ملی۔ جب کار کو انڈین ویلز ٹینس گارڈن کے کورٹ پر لایا گیا تو میرا خوشی خوشی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ گئیں۔انہوں نے کہا ’’یہ میرے لئے جلد از جلد ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کی ایک زبردست ترغیب ہے۔ اگر ایسا نہ بھی ہوا تو میری ٹیم میں ۵؍ لوگ موجود ہیں۔ میں ہمیشہ ان کی گاڑی میں بیٹھ کر سفر کرنے والی شہزادی بھی بنی رہ سکتی ہوں۔ یہ بھی ایک متبادل ہے۔‘‘
میرا بغیر کوئی سیٹ گنوائے ڈبلیو ٹی اے فائنلز جیتنے والی ۱۱؍ویں کھلاڑی بن گئی ہیں۔ ان سے قبل کرس ایورٹ، مارٹینا نوراتیلووا اور سیرینا ولیمز سمیت کئی لیجنڈری کھلاڑی یہ کارنامہ انجام دے چکی ہیں۔ ان تینوں نے یہ اعزاز ایک سے زائد مرتبہ حاصل کیا تھا۔ڈبلز زمرے میں کیٹرینا سینیاکووا اور ٹیلر ٹاؤن سینڈ کی جوڑی نے اٹلی کی سارہ ایرانی اور جیسمین پاؤلینی کی جوڑی کو۴۔۶،۳۔۶؍سے ہرا کر خطاب اپنے نام کیا۔