Inquilab Logo

امبولی میں نوجوان حافظ کی پُراسرار موت کے معاملے میں نیا موڑ

Updated: January 14, 2021, 11:22 AM IST | Kazim Shaikh | Andheri

عینی شاہدکے مطابق ڈیوائڈر پر گرنےسے اس کے سر پر چوٹ آئی تھی ۔اسکوٹی کا نمبر مل گیا ہے۔ملزم کی جلد گرفتاری کا امکان

Mysterious Death - Pic : INN
پراسرار موت، علامتی تصویر : آئی این این

یہاں  امبولی علاقے میں ایک نوجوان کی پُراسرار موت سے اس وقت سنسنی پھیل گئی تھی جب لوگوں کو پتہ چلا کہ بدمعاشوں نے اسے  زدوکوب کیا اوراس کی قیمتی سائیکل  چھین کر فرار ہو گئے  ۔ پولیس قتل کا معاملہ درج کرکے مزید تفتیش کررہی تھی کہ کئی روز بعد اس معاملے میں اس وقت نیاموڑ آیا جب پتہ چلا کہ وہ سڑک حادثے کا شکار ہوا تھا ۔ 
 امبر ناتھ  میں رہنے  والے  حافظ معصوم قاضی  ( ۲۷)پی اوپی کا کام کرتے تھے لیکن لاک ڈاؤن میں بےروزگاری سے پریشان ہوکر وہ امبولی  میں واقع راہیب بلڈنگ میں    اپنے ماموں  ممتاز قاضی کے ساتھ رہنے لگے تھے ۔ممتاز قاضی کے اہل خانہ نےاس   نمائندے کو  بتایا کہ ۵؍ جنوری کی رات میں ان کے ہی خاندان میں ایک  نکاح ہونے والا تھا ۔ اسی سلسلے میں  رات ۸؍بجے وہ  امبولی سے گوشت لے کر جوہو گلی میں دیگر رشتہ دار کے گھر دینے کیلئے جارہا تھا ۔ تقریباً ساڑھے  ۸؍بجے  ایک آٹورکشا ڈرائیور نے  اسے امبولی میں واقع اس کے ماموں کے گھر نیچے چھوڑ دیا  ۔ اس کے بعد اس کی طبیعت زیادہ خراب ہوگئی اور کوپر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں ۹؍ جنوری کو دوپہر  اس کی موت ہوگئی  ۔ معصوم کے رشتہ داروں  کا  کہنا ہے کہ ۱۵،  ۲۰؍ دن پہلے تقریباً  ۲۲؍ ہزار کی رینجرسائیکل  خرید کر  بچوں کیلئے آئی تھی ۔   ۵؍ جنوری کو  نیم بے ہوشی کی حالت میں گھر پہنچنے کے بعد  معصوم نے بتایا کہ اس کے ساتھ حادثہ ہوا ہے اور اس کے سر میں چوٹ آئی ہے ۔ سر درد ہورہا ہے اور  دوا کھاکر سونا ہے ۔ اس کے بعدپھر وہ   ایک لڑکے کے  ساتھ جوہو گلی میں   اپنے رشتہ دار کے گھر اسی حالت میں چلا گیا  جہاں اس کو قے ہونے لگی اور  وہ بے ہوش ہوگیا ۔ اسے کوپر اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل کیا گیا تھا جہاں اس کے سرکا آپریشن بھی ہوا لیکن وہ جانبر نہ  ہوسکا ۔  معصوم کی موت کی وجہ اور  سائیکل کا کوئی پتہ نہیں چل رہا تھا ۔ اس لئے لوگوں کو یقین ہوگیا تھا کہ کسی بدمعاش نے مارپیٹ کر سائیکل چھین لی ہے اورمعصوم کی حالت ایسی نہیں تھی کہ وہ واقعہ کے بارے میں کچھ بتاسکے ۔ اس لئے اس کی موت پراسرار بن گئی ۔ 
   ماموں کے اہل خانہ نے ایک بار پھراس کی  موت کی وجہ جاننے کیلئے چھان بین شروع کی تو امبولی کی ایک ایسی جگہ پہنچے جہاں رات کو کافی اندھیری رہتا ہے ۔ وہاں پر ایک معمر شخص نے گفتگو کے دوران بتایا کہ اس کے پاس نہ صرف سائیکل موجود ہے بلکہ اس کے فریج میں گوشت بھی رکھا ہوا ہے ۔  اس نے یہ بھی بتایاکہ ۵؍ جنوری کی رات ساڑھے ۸؍بجے  اس کے گھر کے سامنے  ایک  نوجوان نے   اسکوٹی سے معصوم کی سائیکل کو روز دار ٹکر ماردی اور وہ  ڈیوائڈر پر پیچھے سر کے بل گر پڑاتھا ۔   بھاگتے ہوئے اسکوٹی کا نمبر ریکارڈ کرلیا گیا  تھا اور امید ہے کہ ملزم جلد ہی گرفتار بھی ہوجائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK