• Thu, 25 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کیمپس میں چہل قدمی کیلئے نکلے ٹیچر کا گولی مار کر قتل

Updated: December 25, 2025, 4:08 PM IST | Aligarh

اتر پردیش کی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا کیمپس بدھ کو اس وقت ہل گیا جب اے بی کے بوائز اسکول کے کمپیوٹر ٹیچر راؤ دانش علی کو نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار دی۔ یہ واقعہ اے ایم یو لائبریری کینٹین کے قریب کینیڈی ہال کے سامنے پیش آیا۔

AMU campus and Rao Danish Ali. Photo: INN
اے ایم یو کا کیمپس اور راؤ دانش علی۔ تصویر: آئی این این

اتر پردیش کی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا کیمپس بدھ کو اس وقت ہل گیا جب اے بی کے بوائز اسکول کے کمپیوٹر ٹیچر راؤ دانش علی کو نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار دی۔ یہ واقعہ اے ایم یو لائبریری کینٹین کے قریب کینیڈی ہال کے سامنے پیش آیا۔ ٹیچر کو تشویشناک حالت میں جے این میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا، جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔ 
چہل قدمی کے دوران اچانک حملہ
عینی شاہدین کے مطابق راؤ دانش علی دو دوستوں کے ساتھ کیمپس میں چہل قدمی کر رہے تھے کہ اچانک اسکوٹر پر سوار دو نامعلوم نوجوان آئے اور ان پر فائرنگ کر دی۔ گولی ان کے کان کے اوپر لگی۔ ملزمان حملے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ اس واقعہ سے یونیورسٹی کیمپس میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’کسی عورت کے حجاب کو جبراً ہٹانا اس کی خود مختاری پر حملہ ہے‘‘

پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کر رہی ہے
اطلاع ملنے پر پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ نیرج جدون جائے وقوعہ پر پہنچے اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ اس کے بعد انہوں نے جے این میڈیکل کالج کا دورہ کیا اور زخمی ٹیچر کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے تمام معلومات اکٹھی کیں۔ ایس ایس پی نیرج جدون نے بتایا کہ سول لائنز تھانہ علاقہ میں پیش آنے والے اس واقعہ کو سنجیدگی سے لیا گیا ہے۔ حملہ آوروں کی تلاش کیلئے پولیس کی متعدد ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے۔ 
اے ایم یو کے پروکٹر محمد وسیم علی کا بیان
اے ایم یو کے پروکٹر محمد وسیم علی نے صحافیوں کو بتایا کہ’’ رات تقریباً ۹؍ بجے ہمیں اطلاع ملی کہ لائبریری کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے اور ایک شخص زخمی ہوا ہے جسے علاج کیلئے لے جایا جا رہا ہے۔ ہمیں معلوم ہوا کہ جس شخص کو گولی ماری گئی وہ دانش راؤ تھے اور وہ اے بی کے اسکول میں استاد تھے۔ انہیں سر میں گولی لگی تھی، وہ میڈیکل کالج میں دم توڑ گئے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: یوپی اسمبلی میں ہنگامہ، اہم مسائل پر گفتگو

حملہ آور ٹیچر کو جانتے تھے
ایس ایس پی نیرج جدون نے یہ بھی بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ حملہ آور مقتول کو جانتے تھے، حالانکہ ابھی تک وہ کسی نتیجے پر نہیں پہنچے ہیں۔ تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے، جلد ہی واقعے کا پتہ چل جائے گا۔ ایس پی سٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پورے معاملے کی نگرانی کریں اور فوری کارروائی کریں۔ 
کمپیوٹر ٹیچر بہت نرم مزاج کے تھے
راؤ دانش علی اے بی کے بوائز سکول میں کمپیوٹر ٹیچر تھے اور طلبامیں ایک شریف اور محنتی استاد کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کا تعلق اصل میں بلند شہر ضلع کے ڈبائی علاقے سے تھا اور وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے علی گڑھ میں عامر نشا مکھن والی کوٹھی کے قریب رہ رہے تھے۔ ان کے والد اے ایم یو میں ملازم تھے، جب کہ ان کی والدہ ٹیچر تھیں۔ اے ایم یو میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد دانش یونیورسٹی کے اے بی کے بوائز اسکول میں بطور ٹیچر مقرر ہوئے۔ ان کے سسر فضا اللہ چودھری مرادآباد کے کانٹھ اسمبلی حلقہ سے ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔ ان کے بھائی بھی اے ایم یو کے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں ٹیچر ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: انڈیگو بحران: اجارہ داری نے شہری ہوا بازی کے شعبہ کو ٹھپ کرکے رکھ دیا

طلباء اور اساتذہ میں غم و غصہ
یونیورسٹی کیمپس کے اندر دن دیہاڑے ہوئے اس قتل نے اے ایم یو کے سیکوریٹی نظام پر سنگین سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ اساتذہ، طلبہ اور عملہ شدید غم و غصے کا شکار ہے اور تمام ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ایس ایس پی نیرج جدون کا کہنا ہے کہ حملہ آور بہت جلد پکڑے جائیں گے اور واقعے کی مکمل حقیقت سامنے لائی جائے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK