دو دہائیوں سے زائد عرصے کے بعد نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے نے جمعرات۲۵؍ دسمبر کو باقاعدہ کمرشیل آپریشنز کا آغاز کر دیا۔ افتتاحی دن ہوائی اڈے پر پہنچنے والی پہلی پرواز کو روایتی واٹر کینن سلیوٹ دے کر خوش آمدید کہا گیا۔
EPAPER
Updated: December 25, 2025, 5:00 PM IST | Navi Mumbai
دو دہائیوں سے زائد عرصے کے بعد نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے نے جمعرات۲۵؍ دسمبر کو باقاعدہ کمرشیل آپریشنز کا آغاز کر دیا۔ افتتاحی دن ہوائی اڈے پر پہنچنے والی پہلی پرواز کو روایتی واٹر کینن سلیوٹ دے کر خوش آمدید کہا گیا۔
مہاراشٹر کی ہوا بازی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں ایک تاریخی سنگ میل قائم ہو گیا ہے۔ دو دہائیوں سے زائد عرصے کے بعد نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے نے جمعرات۲۵؍ دسمبر کو باقاعدہ کمرشیل آپریشنز کا آغاز کر دیا۔ افتتاحی دن ہوائی اڈے پر پہنچنے والی پہلی پرواز کو روایتی واٹر کینن سلیوٹ دے کر خوش آمدید کہا گیا، جس نے اس لمحے کو یادگار بنا دیا۔ نئے ہوائی اڈے پر پہلی لینڈنگ انڈیگو ایئرلائن کی بنگلورو سے آنے والی پرواز 6E460 نے صبح ۸؍بجے کی، جبکہ پہلی روانگی انڈیگو کی ہی حیدرآباد جانے والی پرواز 6E882 کے ذریعے صبح ۸؍بجکر۴۰؍ منٹ پر ہوئی۔ اس طرح نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے اپنے پہلے ہی دن آمد اور روانگی دونوں کے ساتھ مکمل آپریشنل سائیکل کامیابی سے مکمل کر لیا۔
پہلی پرواز کو روایتی واٹر کینن سلیوٹ دے کر خوش آمدید کہا گیا۔ تصویر: آئی این این
اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی نے خود ہوائی اڈے پر پہنچ کر پہلی کمرشیل پرواز کے مسافروں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسے خطے کی ترقی اور مستقبل کی ضروریات کیلئے ایک اہم قدم قرار دیا۔ نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آغاز سے ممبئی کے موجودہ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر برسوں سے چلے آ رہے دباؤ میں نمایاں کمی آنے کی توقع ہے۔ اس کے ساتھ ہی ممبئی میٹروپولیٹن ریجن باضابطہ طور پر ملٹی ایئرپورٹ سسٹم کے دور میں داخل ہو گیا ہے۔ سٹی اینڈ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (سیڈکو) کے تحت تیار کئے گئے اس ہوائی اڈے پر پہلے دن تقریباً۳۰؍ فضائی نقل و حرکت متوقع ہیں۔ انڈیگو، آکاسا ایئر، ایئر انڈیا ایکسپریس اور اسٹار ایئر جیسی ایئرلائنز نے پہلے ہی دن سے مختلف ہندوستانی شہروں کیلئے پروازیں شروع کر دی ہیں۔ یہ ہوائی اڈہ پہلی بار۱۹۹۷ءمیں تصور کیا گیا تھا، تاہم، اسے رفتار اس وقت ملی جب وزیر اعظم نریندر مودی نے۲۰۱۸ء میں اس کا سنگ بنیاد رکھا اور رواں سال۸؍ اکتوبر کو باضابطہ طور پر افتتاح کیا۔ ۲۰۲۱ء کے بعد سے اس کی تعمیر اور آپریشنل تیاری کی ذمہ داری اڈانی ایئرپورٹس ہولڈنگز لمیٹڈ کے سپرد ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ممبئی سے خواجہ اجمیریؒ کے عرس میں بڑی تعداد میں عقیدتمندوں کی روانگی
تقریباً۱۹؍ ہزار۶۵۰؍ کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کئے گئے پہلے مرحلے میں ہوائی اڈے پر ایک رن وے اور ایک ٹرمینل موجود ہے، جو سالانہ دو کروڑ مسافروں کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تمام مراحل کی تکمیل کے بعد یہ ہوائی اڈہ سالانہ نو کروڑ مسافروں اور بڑی مقدار میں کارگو سنبھالنے کے قابل ہو جائے گا۔ فنِ تعمیر کے اعتبار سے اس کا ٹرمینل ہندوستان کے قومی پھول کنول سے متاثر ہو کر ڈیزائن کیا گیا ہے، جو جدیدیت، ثقافتی علامت اور ماحول دوست سوچ کا حسین امتزاج پیش کرتا ہے۔ حکام کے مطابق یہ ہوائی اڈہ نوی ممبئی، تھانے، پنویل، رائے گڑھ، پونے اور کوکن خطے کی معاشی ترقی کیلئے بھی ایک مضبوط محرک ثابت ہوگا۔