Inquilab Logo

سرمائی اجلاس سے قبل آل پارٹی میٹنگ میں کئی موضوعات پر گفتگو

Updated: November 29, 2021, 12:12 PM IST | Agency | New Delhi

ترنمول کانگریس نے بے روزگاری ، مہنگائی اوربی ایس ایف سمیت ۱۰؍ معاملات اٹھائے،حکومت کے ا چھے قدم کی حمایت کی جائیگی : ملک ارجن کھڑگے

View of the All Party Meeting convened by the Chairman and Vice President of the Rajya Sabha .Picture:PTI
راجیہ سبھا کے چیئرمین اور نائب صدر جمہوریہ وینکیانائیڈو کی طلب کردہ آل پارٹی میٹنگ کامنظر ۔ تصویر: پی ٹی آئی

پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے پہلے حکومت کی طرف سے پارلیمنٹ ہاؤس میں بلائی گئی کل جماعتی میٹنگ میں ترنمول کانگریس نے بے روزگاری، مہنگائی، پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں، بارڈر سیکوریٹی فورس(بی ایس ایف) کے دائرہ اختیار اور کم از کم سہارا قیمت پر قانون بنانے سمیت دس موضوعات اٹھائے ۔اتوار کو یہاں پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی کی طرف سے بلائی گئی کل جماعتی میٹنگ میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، راجیہ سبھا کے لیڈر پیوش گوئل سمیت کئی اپوزیشن جماعتوں کے لیڈرپہنچے ۔  اپوزیشن جماعتوں سے کانگریس کے ادھیر رنجن چودھری، آنند شرما، بہوجن سماج پارٹی سے ستیش چندر مشرا، ترنمول کانگریس سے سدیپ بندوپادھیائے، ڈیرک او برائن، سماج وادی پارٹی سے رام گوپال یادو، لوک جن شکتی پارٹی سے پشوپتی پارس، اپنا دل سے انوپریہ پٹیل، عام آدمی پارٹی سے سنجے سنگھ، دراوڑ منیتر کزگم سے ترچی سیوا، وائی ایس آر کانگریس سے وجے سائی ریڈی سمیت کئی جماعتوں کے لیڈر شامل ہوئے۔ ترنمول کی طرف سے اٹھائے گئے دیگر امور میں وفاقی ڈھانچہ کو کمزور کئے جانے، فائدہ مند پبلک سیکٹر میں سرمایہ کشی بند ہونے، پیگاسس جاسوسی معاملے، کووِڈ کی صورتحال، خواتین ریزرویشن بل جیسے امور شامل ہیں۔
 سرمائی اجلاس کے لئے حکومت نے۲۶؍بلوں کو درج فہرست کیا ہے جن میں کرپٹو کرنسی پر تین اور زرعی قوانین کو واپس لینے والا بھی شامل ہے۔ بی جے پی نے حکومت کی حمایت کے لئے دونوں ایوانوں میں اپنے اراکین کو موجود رہنے کے لئے پہلے ہی وہپ جاری کردیا ہے۔ سرمائی اجلاس سے پہلے راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے بھی شام کو ایوان میں مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کی میٹنگ بلائی ۔ میٹنگ کے دوران  انہوں نے پارلیمنٹ اجلاس کے دوران راجیہ سبھا میں ٹھیک طریقہ سے کام کاج یقینی کرنے کے طریقوں پر بات چیت کی۔پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس۲۹؍نومبر سے۲۳؍دسمبر تک چلے گا۔
’پارلیمنٹ میں اچھے مسائل پر حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے‘
 پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے قبل حکومت کی طرف سے  بلائی گئی آل پارٹی میٹنگ میں کانگریس نے کسانوں کے  مسائل پر صحیح پہل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ حکومت  پارلیمنٹ میں جو اچھے قدم اٹھائے گی اس پر اس کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔ اتوار کو آل پارٹی میٹنگ کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملک ارجن کھڑگے نے کہا کہ انہوں نے حکومت سے زرعی، مہنگائی، کورونا سمیت کئی مسائل پر پارلیمنٹ میں جواب دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت جو بھی  اچھے قدم اٹھائے گی اس کی حمایت کی جائے گی۔  انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم نریندر مودی میٹنگ میں موجود ہوتے تو وہ ان سے یہ سوال پوچھتے کہ وہ آخر کسانوں کو کیا سمجھانا چاہتے ہیں، جس کے بارے میں مودی نے کہا تھا کہ وہ کسانوں کو اپنی بات سمجھانے میں ناکام رہے۔ کھڑگے نے کہا کہ انہیں  لگتا ہے کہ حکومت زرعی قوانین کو درست کرکے واپس لانے کی کوشش کر سکتی ہے اور اس تناظر میں وہ مودی سے سوال کرنا چاہتے تھے لیکن وزیر اعظم نے میٹنگ میں شرکت نہیں کی۔
بی جے پی کے پارلیمانی ایگزیکٹیوکی میٹنگ 
  پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے پہلے اتوار کو بی جے پی کے  پارلیمانی ایگزیکٹیو کی میٹنگ ہوئی جس میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، بی جے پی کے صدر جگت پرکاش نڈا، پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی اور وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر سمیت کئی دیگر بڑے لیڈر شامل ہوئے۔بی جے پی کی  عاملہ کی اس میٹنگ کے بعد قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی معاون جماعتوں کے لیڈروں کے ساتھ بھی اہم میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں این ڈی اے کے لیڈروں نے سرمائی اجلاس کو احسن طریقہ سے چلانے اور اجلاس میں خاص حکمت عملی اختیار کرنے پر بات چیت کی۔ میٹنگ کے بعدپارلیمانی امور کے وزیرمملکت ارجن رام میگھوال نے کہاکہ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں حکومت کسی بھی موضوع پر بحث اوربات چیت کیلئے تیار ہے لیکن بحث مثبت ہونی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے اپوزیشن سے اپیل کی ہے کہ آپ بحث کریے اور ہم حکومت کی طرف سے ہر معاملہ پر آپ کو جواب دینا چاہتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK