• Mon, 29 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوم ِتاسیس پرکانگریس کاجدوجہد جاری رکھنے کاعزم، بی جے پی پر تنقیدیں

Updated: December 29, 2025, 10:04 AM IST | Agency | New Delhi

کارکنوں کو ’’ڈانڈی مارچ‘‘اور’’بھارت چھوڑو تحریک‘‘ جیسے جذبہ کے ساتھ متحد ہوجانےکی ہدایت، راہل گاندھی نے کہا: کانگریس ہندوستان کی روح کی آواز ہے

Sonia Gandhi is being welcomed at the Congress Foundation Day celebrations. Picture: INN
کانگریس کے یوم تاسیس کی تقریب میں سونیا گاندھی کا خیر مقدم کیا جارہاہے۔ تصویر: آئی این این
 یکے بعد دیگرے الیکشن جیتنے میں ناکامی کے باوجود کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے شکست خوردہ ہونے سے  اتوار کو یہ کہتے ہوئے انکار کردیا کہ ’’بھلے ہی ہماری طاقت کم ہو مگر ہماری ریڑھ کی ہڈی سیدھی اور مضبوط ہے۔‘‘  پارٹی کے۱۴۰؍ ویں یوم تاسیس کے موقع پر انہوں  نے کانگریس کارکنوں کو جدوجہد کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی  اور ’’ڈانڈی مارچ‘‘ نیز  ’’بھارت چھوڑو تحریک‘‘جیسے جذبے کے ساتھ متحد ہوجانے کی تلقین کی۔ اس بیچ راہل گاندھی نے   ’’سچ کیلئے پہلے سے زیادہ قوت کے ساتھ لڑنے کے عزم ‘‘ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’کانگریس، پارٹی نہیں بلکہ ملک کی روح کی آواز ہے۔ ‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’ہم مزید پختہ عزم کرتے ہیں کہ سچائی کی لڑائی پہلے سے زیادہ قوت اور بہادری   کے ساتھ لڑیں گے تاکہ آئین کو نفرت، ناانصافی اور ڈکٹیٹرشپ سے بچاسکیں۔‘‘  اتوار کو یوم تاسیس کی تقریب دہلی میں کانگریس کے صدر دفتر کے ساتھ ہی ملک بھر میں ضلعی  اور ریاستی ہیڈکواٹرس میں بھی منعقد کی گئی جس میںپرچم کشائی ہوئی۔ 
  کانگریس صدر کھرگے نے اندرا بھون میں پرچم کشائی کے موقع پر بی جےپی کو آڑے ہاتھوں  لیتے ہوئے کہا کہ ’’ جو یہ کہتے ہیں کہ کانگریس ختم ہوگئی ہے ،ان سے میں آج پارٹی کے یوم تاسیس پر   یہ کہہ دینا چاہتا ہوںکہ ہمارے پاس  طاقت بھلے ہی کم ہو مگر ہماری ریڑھ کی ہڈی آج بھی مضبوط اور سیدھی ہے۔ہم نے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، نہ آئین  کے ساتھ نہ سیکولرزم کے ساتھ اور نہ ہی عوام کے حقوق  کے ساتھ۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم بھلے اقتدار میں نہیں ہیں مگر ہم سمجھوتہ نہیں کریںگے۔‘‘
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ کانگریس نے کبھی مذہب کے نام پر ووٹ نہیں مانگے، کھرگے نے کہا کہ ’’کانگریس متحد کرتی ہے، بی جے پی پھوٹ ڈالتی ہے۔کانگریس نے مذہب کو محض عقیدہ  تک محدودرکھا مگر بی جےپی  نے اسے سیاست میں بدل دیا ۔ آج بی جےپی اقتدار میں ہے مگر سچائی  اس کے ساتھ نہیں ہے اسلئے کبھی ڈیٹا کو چھپایا جاتا ہے تو کبھی مردم شماری کو ٹالنا پڑتا ہے اور کبھی کبھی تو آئین کو بدلنے کی باتیں بھی کی جاتی ہیں۔‘‘ا نہوں نے کہا کہ جن کے اجداد نے جدوجہد آزادی میں  حصہ نہیں لیا وہ آج عوام کے حقوق چھین رہے ہیں۔ انہوں نے  حقوق کی لڑائی جاری رکھنے  کےعہد کا اعادہ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK