Inquilab Logo

شہریوں کے حقوق ، آئین اور ملک کی حفاظت کا عہد

Updated: November 27, 2022, 11:10 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

’نفرت چھوڑو سنویدھان بچائو‘ ریلی کامیابی سے ہمکنار۔ میدھا پاٹکر نے کہا کہ سیاسی مفاد کیلئے سماج میں زہر گھولا جا رہا ہے اسے ختم کرنے کیلئے لگاتار کوشش کرنی ہوگی

Social volunteer Medha Patkar and hundreds of people participated in the rally "Quit Hate, Save Sanveedhan".
’’نفرت چھوڑو، سنویدھان بچائو‘‘ ریلی میں سماجی رضاکار میدھا پاٹکر اور سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔

’’نفرت چھوڑو، سنویدھان بچائو‘‘ عنوان سے شروع کی گئی سہ روزہ ریلی سنیچر کی دوپہر دادر میں واقع چیتیہ بھومی پر ہندوستان کا آئین لکھنے والے بابا صاحب امبیڈکر کی سمادھی پر کامیابی کے ساتھ ختم ہوئی جہاں متعدد اہم شخصیات کے ساتھ سیکڑوں افراد نے ہر شہری کو اس کا حق دینے والے آئین کی حفاظت کیلئے عہد لیا۔
 ابتداء سے اس ریلی کا حصہ رہیں معروف سماجی رضاکار میدھا پاٹکر نے اس ریلی کے دوران اپنے تجربات سے متعلق انقلاب کو بتایا کہ اس ریلی کے دوران دھاراوی میں بی جے پی کے دفتر کے سامنے ریلی کو خوش آمدید کیا گیا تھا جبکہ کچھ عرصہ قبل راجستھان میں اسی عنوان سے نکالی گئی ایک ریلی میں ایک نوجوان نے ان سے ملاقات کرکے بتایا تھا کہ وہ آر ایس ایس سے وابستہ ہے لیکن اس ریلی کے مقاصد کو دیکھتے ہوئے اس سے رہا نہیں گیا اور اس نے بھی ریلی میں شرکت کی۔ البتہ میدھا پاٹکر نے یہ بھی کہا کہ سیاسی مفاد کے لئے سماج میں اتنا زیادہ زہر گھولا جاچکا ہے کہ صرف چند ریلی نکالنے سے یہ ختم نہیں ہوگا اور اس زہر کو ختم کرنے کے لئے لگاتار کوشش کرنی ہوگی۔
 میدھا پاٹکر نے مزید کہا کہ مذہب کے نام پر جب لوگوں میں پھوٹ ڈالی جاتی ہے تو عام طور پر غریب کے بچے ہی  اس کا شکار ہوتے ہیں ۔  ہماری ریلیوں میں شامل افراد متوسط اور غریب افراد سے زیادہ ملاقاتیں کررہے ہیں۔
 انہوں نے مزید کہا کہ یوپی اور پھر مدھیہ پردیش میں بلڈوزر کے ذریعہ زیادتی کی جارہی ہے، حال ہی میں وزیر داخلہ امیت شاہ نے ۲۰۰۲ء کا حوالہ دے کر کہا کہ غیر سماجی عناصر کو سبق سکھایا گیا، ہر جگہ توڑنے کی ہی بات ہورہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ۲؍ اکتوبر سے نفرت چھوڑو یاترا کے ذریعہ عوام کو جوڑنے کی کوشش شروع کی گئی ہے۔ ابتداء میں ہی یہ طے ہوا تھا کہ ہر ضلع میں یہ ریلی ۷۵؍کلومیٹر ر سفر طے کرے گی اور ۱۰؍ اکتوبر تک  مختلف اضلاع میں یہ ریلیاں جاری رکھی جائیں گی۔ ممبئی میں سہ روزہ ریلی  ختم ہوئی ہے لیکن دیگر مقامات پر ریلی جاری رہے گی۔
 تشار گاندھی نے انقلاب سے گفتگو کے دوران کہا کہ بھارت جوڑو یاترا جن مقامات سے نہیں گزررہی ان جگہوں پر نفرت چھوڑو یاترا کے ذریعہ امن و امان، بھائی چارہ اور محبت کا پیغام دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیاستدانوں نے حکومت بنانے کے لئے نفرت کو اکثیر فارمولہ بنالیا ہے لیکن آج اگر آئین خطرے میں ہے تو یہ ہماری ہی غیرذمہ داری ہے۔ آئین ہی ہے جو سب کو برابری کا حق دیتا ہے اور اس کی حفاظت ہر ایک شہری کی ذمہ داری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK