Inquilab Logo

ممبئی ایئر پورٹ پر پرائیویٹ طیارہ حادثہ کا شکار،۸؍ افراد زخمی

Updated: September 15, 2023, 9:53 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

وشاکھا پٹنم سے ممبئی آنے والا طیارہ ایئر پورٹ پر حادثے کا شکارہوا ، پائلٹ کی حالت نازک ، شدید بارش اور کہرا حادثے کا سبب

After the accident, security and rescue personnel are gathered around the wrecked plane. (PTI)
حادثہ کے بعد تباہ شدہ طیارہ کے اطراف سیکوریٹی اور امدادی اہلکار جمع ہیں۔(پی ٹی آئی )

جمعرات کی شام شدید بارش کے دوران وشاکھا پٹنم سے ممبئی آنے والا ایک نجی طیارہ ممبئی کے گھریلو ایئر پورٹ پر شدید حادثہ کا شکار ہوگیا جس میں پائلٹ، معاون پائلٹ، عملہ اور مسافروں سمیت کُل ۸؍ افراد زخمی ہوگئے جنہیں علاج کیلئے نجی اسپتال میں پہنچادیا گیا تھا۔
 اطلاع کے مطابق یہ حادثہ شام تقریباً ۵؍ بج کر ۸؍ منٹ پر اس وقت ہوا جب ’وی آر ایس وینچرس‘ کمپنی کا طیارہ ’لیئر جیٹ ۴۵۔ایئرکرافٹ وی ٹی۔ڈی بی ایل‘ ممبئی کے سانتاکروز (مشرق) میں واقع ایئر پورٹ پر لینڈنگ کررہا تھا لیکن اس کا اگلا حصہ رن وے سے ٹکرا گیا اور یہ نجی طیارہ پھسل کر رن وے سے باہر نکل گیا۔سی سی ٹی وی ریکارڈنگ میں لینڈنگ کرتے وقت اس طیارہ کے اگلے حصہ کو شدت سے رن وے سے ٹکراتے دیکھا گیا۔ حادثہ کے بعد جہاز سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا تھا جس کی وجہ سے فائربرگیڈ اور ایمبولنس کو فوری طور پر جائے حادثہ پر روانہ کردیا گیا تھا۔ اس حادثہ کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ شدید بارش اور کہرا سے صرف ۷۰۰؍ میٹر کی دوری تک نظر آرہا تھا۔ سی سی ٹی وی ریکارڈنگ میں بارش اور کہرا بھی نظر آرہا ہے۔فائربریگیڈ کے مطابق یہ ایک چھوٹا نجی طیارہ تھا جو ایئر پورٹ کے گیٹ نمبر ۵؍ کے قریب حادثہ کا شکار ہوگیا۔ ایئر پورٹ پر اترتے وقت اس کا اگلا حصہ زمین سے ٹکرانے کی وجہ سے بُری طرح متاثر ہوکر ٹوٹ گیا۔ایک افسر کے مطابق یہ طیارہ رَن وے نمبر ۲۷؍ پر اتر رہا تھا اور جب کبھی کوئی ہوائی جہاز اس رن وے پر اترتا ہے تو وہ جوہو کی طرف بڑھ رہا ہوتا ہے لیکن یہ اچانک پورا ۱۸۰؍ ڈگری گھوم گیا اور اس کی سمت تبدیل ہوگئی۔ذرائع کے مطابق اس حادثے میں دونوں پائلٹ شدید زخمی ہوئے ہیں جبکہ طیارہ کا ایک کریو ممبر اور تمام مسافر بھی زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ’کریٹی کیئر اسپتال‘ پہنچایا گیا۔
 حادثہ کے فوراً بعد فائربریگیڈ، پولیس اور بی ایم سی کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچے اور راحت کاری میں مصروف ہوگئے۔
 حادثہ کی وجہ سے ایئر پورٹ پر ہوائی جہازوں کی آمدورفت بند کردی گئی تھی اور یہاں سے ملبہ ہٹا نے کے بعد اور ’ڈائرکٹوریٹ آف سِوِل ایوی ایشن‘ (شہری فضائیہ) سے اجازت ملنے کے بعد ایئر پورٹ کے دونوں رَن وے کو شام تقریباً ۶؍ بج کر ۴۷؍ منٹ پر دیگر جہازوں کی آمدورفت کیلئے دوبارہ کھول دیا گیا۔ ایئر پورٹ بند رکھنے کے دوران چند جہازوں کی لینڈنگ میں تاخیر ہوئی جبکہ چند جہازوں کو احمدآباد اور گوا کی طرف منتقل کردیا گیا۔ خبرلکھےجانے تک زخمیوں کی شناخت ظاہر کی گئی  ہے اور نہ ہی طبی نقطہ نظر سے ان کی حالت کی تفصیل بتائی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK