محمد علی روڈ کی شیخ مسرت ، کموجعفر ہائی اسکول کی کلاس ٹیچر سےمتاثرہونےکی بناء پر یوپی ایس سی کیلئے اُردو نصاب کی پڑھائی بھی ان سے کررہی ہے ۔ پرنسپل اور ٹرسٹی نےاسے لائبریری میں پڑھنےکی اجازت دی
محمد علی روڈ کی شیخ مسرت ۔ تصویر:انقلاب
یہاں کی یوپی ایس ای کی تیاری کرنےوالی طالبہ نے بطور خاص متبادل مضمون کیلئے اُردو کا انتخاب کیاہےجس کی تیاری وہ اپنےکموجعفر سلیمان گرلز اُردو ہائی اسکول کی معلمہ کی نگرانی میں کررہی ہے۔ اس کیلئے پہلے اس نےاپنی معلمہ بعدازیں پرنسپل اور ٹرسٹی سے تحریری درخواست دے کر اجازت حاصل کی ہے۔ گزشتہ ۳؍مہینوں سےوہ اسکول لائبریری میں پڑھائی کررہی ہے ۔اس کی ٹیچر خالی پریڈ اور اضافی وقت میں اسے پڑھارہی ہیں۔مسجداسٹریٹ، اسرائیل محلہ کی ۲۲؍سالہ شیخ مسرت محمد پرویز بچپن سے کچھ الگ کرنےکی متمنی ہے۔ وہ ایم بی بی ایس کرکے ڈاکٹر بنناچاہتی تھی لیکن گھریلومشکلات کی وجہ سے ایم بی بی ایس میں داخلہ نہیں لے سکی، بعدازیں اس نے یوپی ایس سی کرنےکافیصلہ کیاجس کی تیاری میں مصروف ہے۔
شیخ مسرت نے محمدعلی روڈ پر واقع کموجعفر سلیمان گرلز اُردو ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج سے ایس ایس سی اور ایچ ایس سی پاس کرکے اسی ادارہ کے گرلز ڈگری کالج سے گریجویشن کیاہے۔ وہ ایم بی بی ایس کرکے ڈاکٹربننےکی متمنی تھی مگر یہ ممکن نہیں ہوسکا جس کےبعد اس نے یوپی ایس سی کرنےکافیصلہ کیا۔جس کیلئے ممبئی حج ہائوس اور دہلی کے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں انٹرنس ٹیسٹ بھی دیالیکن کامیابی نہ ملنےکی صورت میں اس نے براہ راست یوپی ایس سی کاامتحان دینے کاارادہ کیا ہےجس کیلئےریگولرمضامین کےساتھ ، اسی علاقے کے یوپی ایس سی کامیاب یافتہ محمدحسین کے مشورہ پر متبادل مضمون کے طور پر اُردو لیاہے۔
واضح رہےکہ شیخ مسرت اپنے علاقے کے بچوںکو ٹیوشن بھی دیتی ہے۔یہیں سےاس کی ملاقات یوپی ایس سی کامیاب کرنےوالے محمدحسین سے ہوئی تھی۔جنہوںنے اسے یوپی ایس سی کی تیاری کیسےکی جائے؟اس کیلئے اہم مشورے دیئےہیں۔ساتھ ہی متبادل مضمون کے طورپراُردو لینے کی صلاح دی ہے۔
مسرت یوپی ایس سی کے اُردوپرچہ کی تیاری اپنے اسکول کی معلمہ انصاری صائقہ محمد سلیم کی سرپرستی میں کررہی ہے۔ اُردو کاانتخاب کرنے کے بعد اس نے سب سے پہلے انصاری صائقہ کو اس کی اطلاع دی کیونکہ اس نے اسکول کے دور میں انہیں سے اُردو پڑھاتھا اور وہ ان کی پڑھائی کے طریقہ سے بڑی متاثر تھی۔اس لئے اس نے ان سے اُردو نصاب پڑھانےکی درخواست کی۔ انصاری صائقہ نے مسرت کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتےہوئےمسرت سے اس کیلئے اسکول کی پرنسپل اور ٹرسٹی سے اجازت حاصل کرنےکیلئے کہا۔ مسرت نے اپنی ٹیچر کےمشورے پرمذکورہ اسکول کی لائبریری میں اُردوپڑھنےکیلئے پرنسپل اور ٹرسٹی سے تحریری درخواست کی جسے منظور کرلیاگیا۔گزشتہ ۳؍مہینوں سے انصاری صائقہ ، مسرت کو اسکول لائبریری میں اپنی سہولت کے مطابق پڑھارہی ہیں۔مسرت صبح ۸؍بجے اسکول آجاتی ہے اوردوپہر ایک بجے تک لائبریری میں پڑھائی کرتی ہے۔ اس دوران انصاری صائقہ ، پریڈ فری ہونےاور اضافی وقت میں مسرت کو پڑھاتی ہیں۔ اس کے علاوہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے اُردو کےنصاب کیلئے جوکتابیں درکار ہیں وہ بھی فراہم کی گئی ہیں۔ یہ ساری سہولیات مفت میں مہیاکرائی گئی ہیں۔