Inquilab Logo

شہرومضافات میں شہریوں کیلئے ٹریفک سے پاک سنڈے اسٹریٹ

Updated: March 28, 2022, 11:09 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

؍۶؍مقامات پر۴؍ گھنٹے کیلئے گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی ۔ پولیس کی جانب سے اقدام ۔ بچوں اور بڑوں نے دوڑ ، جاگنگ ،سائیکلنگ، اسکیٹنگ اور دیگر سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ پولیس کمشنر اور دیگر اہلکار بھی شریک رہے

 People playing on the beach street on Sunday Street while children skating and cycling.Picture: Bipin Kokate and Stage Shinde
سنڈے اسٹریٹ‘ پر لوگ بیچ سڑک پرکھیلتے ہوئے جبکہ بچے اسکیٹنگ اور سائیکلنگ کرتے ہوئے۔ تصویر: بپن کوکاٹے اور ستیج شندے

پولیس کمشنر سنجے پانڈے کی جانب سےاتوار کو شہرومضافات کے ۶؍ علاقوں میں سنڈے اسٹریٹ ‘  منایا گیا جسے شہریوں نے کافی سراہا ۔ اس موقع پر صبح ۶؍ بجے سے  ۱۰؍ بجے تک شہر کےان  علاقوں میں گاڑیوں کی آمد و رفت بند رہی اورشہریوں اور غیر سماجی تنظیموں کے رضا کاروں  نے اس پر جاگنگ کی ۔سنجے پانڈے نے بچوں اور مرد و خواتین کے ساتھ سائیکلنگ بھی کی ۔ بچوں نے ۴؍ گھنٹے کیلئے گاڑیوں کی آمد و رفت سے پاک سڑکوں پر پھول ، پتیوں اور نقش نگاری کرکے ممبئی پولیس کا شکریہ ادا کیا ۔   پولیس نےنریمان پوائنٹ پر ’ سنڈے اسٹریٹ ‘ نامی مہم کا آغاز بینڈ بجا کر کیا ۔ اس موقع پر میراتھن دوڑ کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں شہریوں کے علاوہ سماجی رضا کاروں نے حصہ لیا اور میونسپل کمشنر کے ساتھ تقریباً ۱۰؍ کلو میٹر تک دوڑ لگائی ۔ یاد رہے کہ پولیس کمشنر سنجے پانڈے نے  دھیرو بائی ٹاٹا روڈ (نریمان پوائنٹ )، کارٹر روڈ ( باندرہ)، مائنڈ اسپیس روڈ (گوریگاؤں)، لوکھنڈ والا روڈ ، ڈی این نگر ( اندھیری )، تانسا پائپ لائن (ملنڈ) اور ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے ( وکھرولی ) کی سڑکوں کو صبح ۶؍بجے سے  ۱۰؍ بجے تک گاڑیوںکی آمد و رفت سے پاک رکھا تھا جس کا مقصد یہ تھا کہ لوگ ان سڑکوں پر نہ صرف  ورزش کرسکیں بلکہ  بچے بھی بلاخوف و خطر کھیلیں کودیں اور ڈرائنگ بنا سکیں ۔ ’سنڈے اسٹریٹ‘ منانے والوں نےمذکور ہ  مقامات پر سائیکلنگ، جاگنگ ، اسکیٹنگ  اور دیگر سرگرمیوںکا بھر پور لطف اٹھایا ۔  اس موقع پرسنجے پانڈے نے یہ بھی کہا کہ ’’ابھی چند ہزار شہری ہی اس کا لطف اٹھا رہے ہیں لیکن میں چاہتا ہوں کہ پولیس کی اس پیش قدمی سے ہر شہری لطف اندوز ہواور انہیں امید ہے کہ لوگ سنڈے اسٹریٹ مہم کو مزید تقویت پہنچائیں گے ۔‘‘     

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK