میونسپل کارپوریشن پر دانستہ تاخیر کا الزام، مچھلی فروش خواتین نے مارکیٹجلد شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔
تزئین و مرمت مکمل ہونے کے باوجود مچھلی مارکیٹ بند ہے ۔مچھلی فروش خواتین نے اسے جلد شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔ تصویر: آئی این این
شہر کی تین بتی پر واقع مچھلی مارکیٹ کی عمارت کی تزئین و مرمت مکمل ہوئے ۲؍ ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، تاہم مارکیٹ تاحال بند ہے۔ اس صورتحال پر مچھلی فروشوں، بالخصوص خواتین مچھلی فروشوں میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ متاثرہ خواتین نے بھیونڈی میونسپل کارپوریشن پر دانستہ تاخیر اور لاپروائی کا الزام عائد کیا ہے۔
واضح رہے کہ تقریباً ۶؍ ماہ قبل عمارت کو خستہ حال قرار دے کر مچھلی مارکیٹ کو بند کردیا گیا تھا جس کے بعد میونسپل کارپوریشن نے مرمت کا کام مکمل کر لیا۔ مچھلی فروشوں کا کہنا ہے کہ عمارت مکمل طور پر تیار اور قابلِ استعمال ہے، اس کے باوجود اسے دوبارہ شروع نہ کرنا ان کے ساتھ ناانصافی ہے۔
اس مارکیٹ پر انحصار کرنے والی ۵۰؍ سے زائد خواتین مچھلی فروش کالہیر، کشیلی، کھارباؤ، ڈونگے، واڈگھر اور قاری ولی جیسے دیہی علاقوں سے روزانہ آ کر روزگار حاصل کرتی تھیں۔ مارکیٹ بند ہونے کے باعث انہیں کھلے آسمان تلے مچھلی فروخت کرنی پڑ رہی ہے جس سے چوری، گاہکوں کی کمی اور آمدنی میں نمایاں کمی جیسے مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔ خواتین نے بیت الخلاء جیسی بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔متاثرہ خواتین کا کہنا ہے کہ وہ متعدد مرتبہ میونسپل دفاتر سے رجوع کر چکی ہیں مگر انہیں صرف زبانی یقین دہانیاں دی جا رہی ہیں۔
مچھلی فروش رویتی بھگت نے کہا،’’ہم تمام ضابطوں پر عمل کیلئے تیار ہیں مگر انتظامیہ بلا وجہ تاخیر کر رہی ہے جس سے ہمارے گھروں کا چولہا متاثر ہو رہا ہے۔‘‘دوسری جانب میونسپل کارپوریشن کے مارکیٹ ڈپارٹمنٹ نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمارت مرمت کے بعد تیار ہے، تاہم مچھلی فروشوں کی سرکاری الاٹمنٹ اور دستاویزات کی جانچ مکمل ہونے کے بعد ہی مارکیٹ کو کھولا جائے گا۔خواتین مچھلی فروشوں نے مطالبہ کیا ہے کہ الاٹمنٹ کا عمل فوری مکمل کرکے مارکیٹ کو جلد از جلد کھولا جائے تاکہ وہ باعزت طریقے سے اپنا روزگار دوبارہ شروع کر سکیں۔