• Sun, 21 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی آئی ٹی بامبے میں ممبئی کا پہلا ’’جین زی‘‘ پوسٹ آفس

Updated: December 20, 2025, 10:03 PM IST | Mumbai

انڈیا پوسٹ نے آئی آئی ٹی بامبے میں ممبئی کا پہلا ’’جین زی‘‘ پوسٹ آفس قائم کر کے نوجوانوں کیلئےڈاک خدمات کو جدید اور ڈجیٹل شکل دی ہے۔ مفت وائی فائی، ڈجیٹل سہولیات، طلبہ کیلئے رعایت اور ’پارسل نالج پوسٹ‘ جیسے اقدامات کے ذریعے محکمہ ڈاک نوجوان نسل سے مضبوط رابطہ قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

IIT Bombay Gen Z Post Office. Picture: INN
آئی آئی ٹی بامبے جین زی پوسٹ آفس۔ تصویر: آئی این این

انڈیا پوسٹ نے نوجوان نسل سے بہتر رابطے اور محکمہ ڈاک کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے مقصد سے آئی آئی ٹی بامبے میں اپنا پہلا جین زی پوسٹ آفس قائم کیا ہے۔ یہ پوسٹ آفس خاص طور پر طلبہ، نوجوانوں اور ڈجیٹل دور کے شہریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس نئے تصور کے تحت روایتی ڈاک خدمات کے ساتھ ساتھ جدید اور ڈجیٹل سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ نوجوان طبقہ ڈاک کے نظام کو ایک نئے اور پرکشش انداز میں استعمال کر سکے۔

 

جین زی کون ہیں؟ 
اس سے مراد وہ افراد ہیں جو ۱۹۹۷ء سے ۲۰۱۲ء کے درمیان پیدا ہوئے۔ یہ نسل ملینیئلز کے بعد اور جنریشن الفا سے پہلے آتی ہے اور ڈجیٹل ٹیکنالوجی کے ساتھ پروان چڑھی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:بیٹی کی پیدائش پر ’FA9LA‘ ڈانس: نئے باپ کی خوشی دیکھ کر انٹرنیٹ صارفین جذباتی

جین زی پوسٹ آفس میں دستیاب سہولیات
جین زی پوسٹ آفس میں نوجوانوں کیلئے کئی منفرد سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جن میں شامل ہیں:مفت وائی فائی، کیفے ٹیریا طرز کی بیٹھنے کی جگہ، ایک چھوٹی مگر جدید لائبریری، نوجوانوں کیلئے میوزک روم، منتخب ڈاک ٹکٹوں کے مجموعے اور یادگاری اشیاء کی نمائش اور فروخت۔

’پارسل نالج پوسٹ‘ کا نیا تصور
شہریوں کو ڈاک کی خدمات سے متعلق آگاہی دینے کیلئے ’پارسل نالج پوسٹ‘ متعارف کرائی جا رہی ہے، جہاں تمام خدمات مکمل طور پر ڈجیٹل ہوں گی اور کیو آر کوڈز کے ذریعے دستیاب ہوں گی۔ یہاں شہریوں کو آدھار رجسٹریشن، آدھار اپ ڈیٹس اور پوسٹل سیونگ بینک اسکیموں کے بارے میں بھی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھئے:فلسطین ایکشن کے رضاکاروں کو ’’موت کے فوری خطرے‘‘ کا سامنا: ڈاکٹرز

طلبہ کیلئے خصوصی رعایت
طلبہ کیلئے خصوصی رعایت کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت:اسپیڈ پوسٹ سروس پر ۱۰؍ فیصد رعایت اور بڑے پارسل بھیجنے والے صارفین کیلئے ۵؍ فیصد رعایت ہے۔ یہ اقدام نوجوانوں کیلئے پوسٹل سروس کے تجربے کو مزید آسان، جدید اور پرکشش بنانے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔

دیگر ریاستوں میں بھی آغاز
حکام کے مطابق اسی طرز کے جین زی پوسٹ آفس دہلی، کیرالہ، گجرات، بہار اور آندھرا پردیش میں پہلے ہی شروع کئے جا چکے ہیں، جہاں عوام کی جانب سے مثبت ردِعمل سامنے آیا ہے۔

سی ایس ایم ٹی ایکوا میٹرو لائن پر خصوصی سروس ڈیسک
انڈیا پوسٹ اور ممبئی میٹرو ریل کارپوریشن کے اشتراک سے ایکوا میٹرو لائن کے سی ایس ایم ٹی اسٹیشن پر آرٹ تنصیبات کے ساتھ ایک خصوصی سروس ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے جہاں اگمینٹڈ ریئلٹی پوسٹ کارڈز، تھیمڈ کوسٹرز، پانی کی بوتلیں اور ٹوٹ بیگز وغیرہ دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ مسافروں کو مختلف ڈاک خدمات سے متعلق معلومات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ اسٹیشن پر نصب کئے گئے نئے آرٹ ورکس انڈیا پوسٹ کی خدمات اور مصنوعات کی وسعت کو اجاگر کرتے ہیں، جہاں محکمہ کے ورثے اور جدید پیشکشوں کو بصری انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ اسٹیشن پر ’مائی اسٹیمپ‘ کی خصوصی سہولت بھی قائم کی گئی ہے، جس کے ذریعے زائرین اپنی تصویر کے ساتھ ذاتی ڈاک ٹکٹ تیار کر سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK