Inquilab Logo

بھیونڈی میں کیمیکل گودام میں بھیانک آتشزدگی، اطراف کے ۱۵؍ گودام جل کر راکھ

Updated: May 13, 2023, 10:25 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

آگ کی لپٹیں اتنی خطرناک تھیں کہ گودام کے قریب کھڑے ۲؍ ٹرک بھی خاکستر ہو گئے، کوئی جانی نقصان نہیں البتہ گھنٹوں تک آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا

The chemical can be seen rising from the warehouse
کیمیکل گودام سے اٹھتا ہوا دیکھا جاسکتا ہے ( تصویر: انقلاب)

 یہاں شہر سے ملحق گودام کے علاقے  رہنال گرام پنچایت کے لکشمی کمپاؤنڈ میں واقع شاہ ویئر ہاؤس اور دیشمکھ ویئر ہاؤس میں جمعہ کی سہ پہر تقریباً ۳, بجے اچانک آگ لگ گئی۔ گودام میں آتش گیر کیمیکل کا ذخیرہ ہونے کی وجہ سے آگ نے تیزی سے پورے گودام کو اپنی زد میں لے لیا۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے ہی اطراف کے چھوٹے بڑے تقریبا۱۵؍ گودام کو اپنی زد میں لے لیا۔
 آگ کی لپٹوں کی وجہ سے  گودام سے لگ کر میدان میں کھڑے۲؍ٹرک بھی جل کرخاک ہوگئے۔آگ کی شدت کااندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آسمان پر پھیلا کثیف کالا دھواں تقریبا۵؍کلومیٹر دور سے ہی  دکھائی دے رہا تھا۔ گودام میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی بھیونڈی فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر پہنچ تھی۔تاہم آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے  کلیان اور تھانے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کوبھی بلالیا۔مقامی نجی ٹینکر ڈرائیوروں نے پانی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ لیکن گودام میں آتش گیر کیمیکل بھر جانے کی وجہ سے آگ کی شدت کم ہونے کے بجائے بڑھتی جا رہی تھی۔
  دوسری جانب گودام میں رکھے کیمیکل سے بھرے پلاسٹک کے ڈرم بہت تیزی سے پھٹ رہے تھے۔ پلاسٹک کے ڈرم میں دھماکہ ہونے سے ڈرم پھٹ کراطراف کے دوسرے گوداموں پر گرنے لگا جس کی وجہ سے آس پاس کے تقریبا ً۱۵؍گودام میں بھی آگ کے شعلے بھڑک گئے۔اس دوران پانی کے ٹینکر کے  ڈرائیور نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے اسی احاطے میں کیمیکل سے بھرے ٹینکر کو کسی طرح آگ سے محفوظ رکھ کر باہر نکالنے میں کامیاب ہوگیا۔ جس کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔آگ اتنی بھیانک تھی کہ خبر لکھے جانے تک آگ پر قابو  نہیں پایا جا سکا تھا۔
  تاہم اچھی بات یہ تھی کہ اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بھیونڈی کے فائر بریگیڈ افسر کملاکر کناٹے نے بتایا ہے کہ لگ بھگ پانچ گھنٹے سے لگی آگ کو بجھانے میں کم از کم دس گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگے گا۔ انہوں نے بتایا کہ آگ پھیلتی رہی اور قریبی وفیکر کمپلیکس کے کچے جھونپڑیوں تک پہنچ گئی تھی۔تاہم  خوش قسمتی سے اس میں کوئی نہیں تھا جس سے جانی نقصان نہیں ہوا۔اس آتشزدگی میں شدید مالی نقصان ہوا ہے۔  آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی معاون پولیس کمشنر(مشرق) راجندر کمار ڈونگرے اور نارپولی پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر مدن بلال پولیس ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ اسی دوران محکمہ ریونیو کے ڈویژنل افسران اتل نائک اور تلاٹھی سدھاکر بھی کامڈی پہنچ گئے تھے۔
  یاد رہے کہ بھیونڈی شہر میں مختلف علاقوں میں گودام موجود ہیں جہاں اکثر کیمیکل کا اسٹاک ہوتا ہے۔ عام طور پر گرمی کے دنوںمیں آتشزدگی کے واقعات بڑے پیمانے پر پیش آتے ہیں۔ اس سال مارچ اور اپریل کے دوران شہر اور اطراف اس طرح کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں جن میں کئی لوگوں کی جانیں بھی گئی ہیں۔  کامڈی کا واقعہ بھی کیمیکل  ہی کی وجہ سے پیش آیا ہے۔  یہاں بڑے پیمانے پر کیمیکل کا اسٹاک موجود تھا جو آگ کے پھیلنے کا سبب بنا۔ 

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK