Inquilab Logo Happiest Places to Work

وزیر اعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ کی تصاویر کو گاجر کا ہار پہنا کر انوکھا احتجا ج

Updated: June 29, 2025, 8:44 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

این سی پی (شرد )کی ریاستی خواتین صدر روہنی کھڈسے نے حکومت پر وعدہ وفا نہ کرنے کا الزام لگایا ۔ پوچھا الیکشن کے وعدے کب پورے ہوں گے؟

Carrot garlands can be seen placed on the pictures of Chief Minister Devendra Fadnavis, Deputy Chief Ministers Eknath Shinde and Ajit Pawar near Rohini Khadse.
روہنی کھڈسے کےقریب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار کی تصویروںپر پہنایاگیا گاجر کا ہار دیکھا جاسکتا ہے

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی ۔شرد)کی خواتین وِنگ کی ریاستی صدر روہنی کھڈسے نےسنیچر کو انوکھا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار کی تصویروںپر گاجر کا ہار پہنایا  اور کہاکہ حکومت نے عوام کو صرف گاجر ہی دیئے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ مانسون اسمبلی اجلاس میں مہا یوتی حکومت بتائے کہ مہاراشٹر انتخابات سے قبل لاڈلی بہنوں، بیٹیوں، کسانوں اور عوام سے جو وعدے کئے تھے انہیں کب پورا کیاجائے گا؟  روہنی  نے لاڈلی بہنوں سے وعدہ پورا نہ کرنے پر سوال کیا کہ حکومت پر دھوکہ دھڑی کا معاملہ کیوں درج نہ کیا جائے؟ 
 ممبئی میں این سی پی(شرد) کے دفتر(بیلارڈ اسٹیٹ )میں منعقدہ پریس کانفرنس میں روہنی کھڈسے نے کہا کہ مہایوتی حکومت نے ریاست میں کسانوں کو قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ تاہم اقتدار میں آنے کے بعد اس اعلان کو بھول گئے۔ اس کے برعکس  اجیت دادانے ایک پروگرام میں کہا کہ قرض معافی کا وعدہ کس نے کیا تھا؟ آج، کسان مصیبت میں ہے اور انہیں مدد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت ایسے حالات میں اپنے وعدے پورے نہیں کرتی تو یہ عوام کے ووٹوں کی توہین ہوگی۔
 روہنی نے کہا ’’تور کی کم از کم قیمت بڑھا کر۸؍ہزار روپے کردی لیکن حکومت کی درآمدی پالیسی کی وجہ سے مارکیٹ میں یہ ۷؍ ہزار روپے سے بھی کم میں فروخت ہو رہی ہے۔ کہا گیا کہ سویا بین ۶؍ ہزار روپے فی من قیمت پر دی جائے گی لیکن آج اس کی قیمت۴۵۰۰؍روپے سے اوپر نہیں جارہی ہے۔ یہی صورتحال کپاس، مکئی اور دیگر فصلوں کا بھی  ہے۔‘‘ انہوں نے حکومت کو یاد دلایا کہ حکومت نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا دعدہ کیا تھا لیکن آج کھاد، بیج اور زرعی آلات سب مہنگے ہو گئے ہیں۔ 
لاڈلی بہن اور طالبات کو بھی دھوکہ دیا 
 خواتین ونگ کی ریاستی صدر روہنی کھڈسے  نے  لاڈکی بہن اسکیم کے تعلق سے کہا کہ مہایوتی حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ اگر  وہ دوبارہ اقتدار میں آتی ہے تو خواتین کو لاڈکی بہن اسکیم کے تحت ماہانہ۲۱۰۰؍ روپے دیئےجائیں گے۔ وہ ۲۱۰۰؍  روپے کہاں ہے؟  اس کے علاوہ بیٹیوں کو مفت تعلیم دینے کا اعلان کیا تھا لیکن آج بھی کسی اسکول اور کالج میں فیس ادا کئے بغیر کسی بچی کا داخلہ نہیں لیا جاتا بلکہ فیس کا تقاضہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کے خلاف۴۲۰؍کا مقدمات درج کیا جاسکتا ہے کیونکہ انہوں نے خواتین کے ووٹ فراڈ کے ذریعے حاصل کئے ہیں۔ بدعنوانی سے پاک ریاست بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن بدعنوا ن افرادآج حکومت میں شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK