انگلینڈکی خواتین ٹیم اپنے خطاب کا کامیاب دفاع کرنا چاہے گی۔ اسپین بھی پہلا خطاب جیتنے کیلئے تیار۔
EPAPER
Updated: July 27, 2025, 11:50 AM IST
انگلینڈکی خواتین ٹیم اپنے خطاب کا کامیاب دفاع کرنا چاہے گی۔ اسپین بھی پہلا خطاب جیتنے کیلئے تیار۔
اسپین نے اضافی وقت میں ایٹانا بونمیٹی کے گول کی بنیاد پر جرمنی کو۰۔ ۱؍ سے شکست دے کر خواتین کی یورپی فٹبال چمپئن شپ (یورو۲۰۲۵ء) کے فائنل میں جگہ بنائی تھی جہاں اتوار کو اس کا مقابلہ اس ٹورنامنٹ کے دفاعی چمپئن انگلینڈ سے ہوگا۔ انگلینڈ نے سیمی فائنل میں اٹلی کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ دونوں ٹیموں کی کوشش ہوگی کہ وہ فائنل جیت کر چمپئن شپ پر قبضہ کریں۔
اسپین نے پہلی بار۸؍ مرتبہ کے چمپئن جرمنی کو شکست دی۔ ا سپین نے گزشتہ ۲؍برسوں میں ورلڈ کپ اور نیشنز کپ جیتا ہے اور اب اس کی نظریں خطاب کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے پر ہوں گی۔ اسپین کی ٹیم مضبوط ہے اور وہ اپنے حریف سے کس طرح نمٹنا ہے اس کا ہنر بھی جانتا ہے۔
انگلینڈ کے پاس بھی مسلسل دوسری مرتبہ یوروچمپئن شپ جیتنے کا سنہرا موقع ہے۔ اگر وہ اسپین کے دفاع کو توڑنے میں کامیاب رہتا ہے اور اپنے دفاع کو مضبوط کرتاہے تو چمپئن شپ پر ضرور قبضہ کرلے گا۔ خیال رہےکہ یہ فائنل ۲۰۲۳ء میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ فائنل کا اعادہ ہوگا۔ اس وقت ورلڈ کپ کے فائنل میں اسپین نے انگلینڈ کی خواتین ٹیم کو ۱۔ ۲؍گول سے شکست دی تھی۔ اب انگلینڈ کی ٹیم کے پاس دو سال قبل ملنے والی شکست کا حساب برابرکرنے کا اچھا موقع ہے۔ بونمیٹی بھی ٹورنامنٹ سے قبل بیمار پڑ گئی ہیں۔ وہ ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل بیماری کی وجہ سے کچھ دن تک اسپتال داخل تھیں۔ بارسلوناویمنز فٹبال کلب کی مڈفیلڈر کو وائرل میننجائٹس تھا۔ اس سے ان کی تیاریوں پر بھی اثر پڑا۔ سیمی فائنل میں جیت کے بعد بونمیٹی نےکہا تھا کہ میں اس کھیل میں اپنی بہترین سطح تک پہنچنا چاہتی تھی۔ میں ان تمام لوگوں کی مشکور ہوں جنہوں نے میری اس سطح تک پہنچنے میں مدد کی کیونکہ اکیلے ایسا کرنا ممکن نہیں تھا۔
خیال رہے کہ ۳۲؍سال بعد جرمن ٹیم کو سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس سے قبل یہ۱۹۹۳ء میں ہوا تھا۔ اس کے بعد سے ٹیم کبھی بھی سیمی فائنل میچ نہیں ہاری۔ اس دوران وہ ۷؍ بار فائنل میں پہنچی تھی اور لگاتار ۶؍ بار چمپئن بنی تھی۔ آخری بار۲۰۲۲ء میں اسے فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔
اسپین کی سابق ڈیفینڈر مارٹا ٹوریجن نے بتایاکہ ’’اسپین کی ٹیم کے ساتھ یہ مستقل رہا ہے کہ ہمیں قابل قبول کام کے حالات کے لئے لڑنا پڑا جو ہمیں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی اجازت دیتاہے۔ ‘‘انہوں نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ اسپین کی ٹیم انگلینڈ کو مات دے کر خطاب پر قبضہ کرلے گی۔ ہماری خواتین ٹیم اچھا کھیل رہی ہے اور وہ فائنل میں ضرور جیتے گی۔