Inquilab Logo

حاجی ملنگ درگاہ پرعید کی نماز ادا کر نے جارہے نوجوان کا بے رحمی سے قتل

Updated: May 27, 2020, 5:05 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan

عید الفطر کی نماز پڑھنے اپنے ساتھیوں کے ساتھ حاجی ملنگ در گاہ جارہے مسلم نوجوان کا مقامی شر پسندوں نے انتہائی بے رحمی سے قتل کردیا۔بتایا جارہا ہے کہ ۵؍ افراد نے نشہ کی حالت میں نوجوانوں سے پیسے اور موبائل چھینے کی کوشش کی اور نہ دینے پر دھار دار ہتھیار سے اُن پر حملہ کردیا

Haji Malang - Pic : Facebook
حاجی ملنگ ۔ تصویر : فیس بک

 عید الفطر کی نماز پڑھنے اپنے ساتھیوں کے ساتھ حاجی ملنگ در گاہ جارہے مسلم نوجوان کا مقامی شر پسندوں نے انتہائی بے رحمی سے قتل کردیا۔بتایا جارہا ہے کہ ۵؍ افراد نے نشہ کی حالت میں نوجوانوں سے پیسے اور موبائل چھینے کی کوشش کی اور نہ دینے پر دھار دار ہتھیار سے اُن پر حملہ کردیا۔ اس معاملے میں ہل لائن پولیس نے شیو سینا شاکھا پر مکھ سمیت ۵؍ افراد کو گرفتار کر کے الہاس نگر کے چوپڑا کورٹ میں پیش کیا ۔
   تفصیلات کے مطابق والد ھونی کے شیواجی نگر میں رہنے والا شاداب شیخ( ۲۴) نامی نوجوان اپنے ۴؍ دوستوں کے ساتھ اتوار اور پیر کی در میانی شب تقریباً ڈیڑھ بجے حاجی ملنگ در گاہ پر عید الفطر کی نماز پڑ ھنے کی غر ض سے پہاڑ پر چڑھ رہا تھا تبھی وہاں موجود شیو سینا شاکھا پر مکھ جتیندر پاٹل ، چیتن رائے، اکشے باگڈے ، ببلو فر نانڈیس اور ایک نامعلوم شخص نے شاداب شیخ اور اس کے دوستوں کو پہاڑ پر جانے سے منع کرد یا۔ اس کے بعد جب  پانچوں نوجوان چوں چراں  کئے بغیر گھر جانے کیلئے اپنی بائیک پر سوار ہو نے لگے تبھی جتیندر پاٹل اور اس کے ساتھیوں نے پیچھے سے  نوجوانوں پر حملہ کردیا اور اُن سے پیسے اور موبائل چھینے کی کوشش کی۔  جب شاداب شیخ نے تھوڑی مزاحمت کی تو جتیندر پاٹل ، چتین رائے اور اکشے باگڈے نے دھار دار ہتھیار سے پے در پے کئی وار کئے۔ اس در میان شاداب کے ۲؍ ساتھیوں نے بچانے کی کوشش کی تو انہیں بھی زخمی کردیا۔ اس کے باوجود ایک دوست نے شاداب شیخ کو زخمی حالت میں بائیک پر بٹھا یا اور اسپتال لے جانے لگا تب ایک بار پھر پانچوں ملزمین نے اس کا راستہ روک کر شاداب شیخ کے پیٹ ،گردن اور سر میں نوکیلے ہتھیار سے کئی وار کئے اور فرار ہو گئے۔ زخمی حالت میں شاداب شیخ کو کلیان کے مِیرا اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد اُسے مردہ قرار دیا۔ 
 اس ضمن نمائندہ ٔ انقلاب نے تفتیشی انسپکٹر موہن کھنڈا رے سے گفتگو کی تو انہوں نے بتایا کہ شاداب شیخ کو مار نے والے پانچوں ملزمین کو منگل کی رات گرفتار کر کے چوپڑا کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں  جج نے انہیں ۲؍ جون تک پولیس تحویل میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔ مقتول شاداب شیخ کے بھائی شاہ نواز نے انقلاب کو بتایا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے شہر کی مساجد میں عید کی نماز پڑھنے کی اجازت نہیں تھی لہٰذا بھائی نے سوچا کہ  حاجی ملنگ در گاہ سے متصل مسجد میں عید کی نماز پڑھی جائے ؟ اس لئے اپنے دوستوں کے ساتھ حاجی منگ پہاڑ پر جانے کا فیصلہ کیا ۔ انہوں نے مزید بتایاکہ ۳؍ماہ قبل ہی شاداب شیخ کی شادی ہوئی تھی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK