• Sun, 28 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انتخابی تربیت سے غیرحاضری پر افسران اور ملازمین کیخلاف تادیبی کارروائی کا انتباہ

Updated: December 28, 2025, 5:40 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ٹریننگ میں انتخابی عمل کی ذمہ داریوں، ضابطہ ٔ اخلاق، ووٹنگ اور گنتی کے عمل، قانونی معاملات اور ہنگامی حالات میں کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

Municipal officer guiding officers and employees deployed for the election. Photo: INN
میونسپل افسر الیکشن کیلئے تعینات کئے گئے افسران اور ملازمین کی رہنمائی کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) اور تھانے میونسپل کارپوریشن( ٹی ایم سی) سمیت ریاست کی ۲۹؍ میونسپل کارپوریشنوں میں ۱۵؍ جنوری کو عام انتخابات عمل میں آئے گا۔ ان انتخابات کو شفاف، منصفانہ اور بہترطریقے سے منعقد کرانے کیلئے انتخابی عمل میں شامل تمام افسران اور ملازمین کو ضروری تربیت فراہم کی جائے گی۔ بی ایم سی اور ٹی ایم سی کی جانب سے متعلقہ افسران اور ملازمین کو انتباہ دیاگیا ہے کہ اگر وہ ان تربیتی نشستوں سے غیر حاضر رہتے ہیں تو ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ 
اس سلسلے میں بی ایم سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’’ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کو مکمل طور پر شفاف، منصفانہ اور بہتر طریقے سے کرانے کیلئے انتخابی عمل سے متعلق تمام مراحل کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ چونکہ پولنگ اسٹیشن کے پریسائڈنگ آفیسر(پی آر او)، اسسٹنٹ پریسائڈنگ آفیسر (اے پی آر او)، پولنگ آفیسر (پی او) اور اس انتخابی عمل میں شامل ملازمین کو ضروری تربیت فراہم کرنا ضروری ہے، اس لئے میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے خصوصی تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ 
یہ تربیت ۲؍ سیشنوں میں پیر ۲۹؍ دسمبر ۲۰۲۵ء سے۳؍ جنوری۲۰۲۶ء تک اور پیر۵؍ جنوری ۲۰۲۶ء سے۹؍ جنوری۲۰۲۶ءتک منعقد کی جائے گی۔ اس دوران مختلف مراحل میں تربیت کا انعقاد کیا جائے گا۔ ٹریننگ میں انتخابی عمل کی ذمہ داریوں، ضابطہ ٔ اخلاق، ووٹنگ اور گنتی کے عمل، قانونی معاملات اور ہنگامی حالات میں کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ انتخابی تربیت کا بنیادی مقصد انتخابی عمل کو کسی بھی قسم کی غلطی، ابہام یا بددیانتی سے بچا کر معتبر اور شفاف بنانا ہے۔ ٹریننگ کی تاریخ، وقت اور مقام تمام متعلقہ افسران اور ملازمین کو الگ الگ تقرری آرڈر کے ذریعے مطلع کر دیا گیا ہے۔ تمام افسران اور ملازمین کے لئے اس ٹریننگ میں شرکت لازمی ہے۔ کسی بھی وجہ سے غیر حاضری قبول نہیں کی جائے گی۔ ریاستی الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق، تربیتی سیشن سے غیر حاضر رہنے والے افسران اور ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی جو کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن ایکٹ۱۸۸۸کی دفعہ(اے)۲۸؍ کے تحت انتخابی عمل میں اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہیں گے۔ اسی طرح کا انتباہ تھانے میونسپل کمشنر سوربھ راؤ نے بھی دیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK