پہلے مرحلے میں ۱۰۰؍دواخانوں میں ۸۳؍ قسم کے خون کی جانچ معمولی نرخوں پر کی جائے گی، رپورٹ وہاٹس ایپ پر دستیاب ہوگی۔
EPAPER
Updated: August 01, 2025, 9:08 PM IST | Mumbai
پہلے مرحلے میں ۱۰۰؍دواخانوں میں ۸۳؍ قسم کے خون کی جانچ معمولی نرخوں پر کی جائے گی، رپورٹ وہاٹس ایپ پر دستیاب ہوگی۔
ٹینڈر ختم ہونے کی وجہ سے گزشتہ۶۔ ۸؍ مہینوں سے بند آپلادواخانہ یکم اگست سےدوبارہ شروع کیا جارہا ہے۔ پہلے مرحلےمیں بی ایم سی کے ۱۰۰؍ اور ۱۵؍ اگست تک تمام میونسپل دواخانوں میں اس سروس کو شروع کرنے کا ہدف ہے۔ ان دواخانوں میں خون کی جانچ معمولی نرخوں پرہوگی اور ان کی رپورٹ وہاٹس ایپ پر دستیاب کرائی جائے گی۔
واضح رہےکہ شہری انتظامیہ نے ممبئی ومضافات کے شہریوں کو ان کے گھر کے قریب طبی سہولیات مہیاکروانےکیلئے ۲۰۲۲ءمیں آپلا دواخانہ سروس شروع کی تھی جس کےمعرفت بی ایم سی کے دواخانوں میں کم نرخ پر خون کے مختلف قسم کے ٹیسٹ کی سہولت مہیا کی گئی تھی تاہم امسال کی ابتدا ءمیں ٹینڈ ر ختم ہونے سے یہ سروس عارضی طورپر موقوف کردی گئی تھی۔ اب شہری انتظامیہ نے نئے سرے سے اس سروس کا یکم اگست سے آغازکرنے کااعلان کیاہے۔ یکم اگست سے بی ایم سی کے ۱۰۰؍دواخانوں میں یہ سروس شروع کی جائے گی جبکہ ۱۵؍اگست تک تمام میونسپل دواخانوں میں اس سروس کو شروع کرنے کاہدف ہے۔
آپلادواخانہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کی ایک اہم اسکیم ہے۔ اس اسکیم کا مقصد میونسپل کارپوریشن کےدواخانوں میں شہریوں کو برائے نام نرخوں پر خون کی جانچ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی کی ہدایت پر اس اسکیم کے ذریعے خون کے بنیادی اور جدید ٹیسٹ کی سہولت فراہم کئے جا رہے ہیں۔
مضافاتی اسپتال، کلینک، آپلا دواخانوں، پولی کلینک، زچگی کے اسپتالوں کے ساتھ جوگیشوری کے کوپر اور ہندو ہردیئےسمراٹ بالاصاحب ٹھاکرے ٹراما کیئر میونسپل اسپتال میں یہ سہولت مہیاکی گئی ہیں۔
آپلادواخانے کے ذریعے ہونےوالے خون کی جانچ کا ٹھیکہ اس مرتبہ لائف نٹی ہیلتھ نامی کمپنی کودیاگیاہے۔ آپلا دواخانہ اسکیم کےتحت ۶۶؍ بنیادی اور ۱۷؍ ایڈوانس، مجموعی طورپر ۸۳؍ قسم کے خون کی جانچ کی جائے گی۔ آپلادواخانہ اسکیم یکم اگست سے بی ایم سی کے ۱۰۰؍ دواخانوں میں شروع کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، یہ سروس ۱۵؍ اگست تک میونسپل کارپوریشن کے تمام اسپتالوں میں شروع کر دی جائے گی۔