Inquilab Logo

میٹرو کار شیڈ کی تعمیر کیلئے آرے روڈ ۲۴؍ گھنٹوں کیلئے بند

Updated: July 26, 2022, 12:27 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

سڑک اچانک بند ہونے سے عوام پریشان، درختوں کی کٹائی سے رضاکار برہم مگر مظاہرہ نہیں کرنے دیا گیا، سوشل میڈیا پر ناراضگی کا اظہار کیا

Metro Line 3 and the car shed being built for it in Aarey Colony can be seen
میٹرو لائن ۳؍ اور اس کیلئے آرے کالونی میں بنایا جانے والا کارشیڈ دیکھاجاسکتا ہے(تصاویر:انقلاب،ستیج شندے)

یوں اور سماجی رضاکاروں کی مخالفت اوراحتجاج کے باوجود آرے کالونی میں میٹرو کار شیڈ کی تعمیرات کا کام زوروشور سے شروع ہوگیاہے اور یہاں درختوں کی کٹائی اور دیگر کاموں کےسلسلے میں آرے روڈ کو اتوار کی شب کئی گھنٹوں کیلئے اچانک بند کردیا گیا۔ اس سڑک کے بند ہونےسے پوائی اور مرول آنے جانے کیلئےعوام کو جے وی ایل آر روڈ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔یہ اعلان اتوار کی شب اچانک کیا گیا جس کی وجہ سے یہاں کے مکینوں کو صبح کام پر جانے کے وقت بسوں کے لئے بھی اپنی کالونیوں سے دور جانا پڑا۔
 ڈپٹی پولیس کمشنر (ٹریفک) نتن پوار نے ایک نوٹس کے ذریعہ اعلان کیا کہ ’’آرے روڈ کو ۲۵؍جولائی ۲۰۲۲ء کی شب ۱۲؍ بج کر ایک منٹ سے ۲۴؍ گھنٹوں کے لئے عارضی طور پر بند کیا گیا ہے تاکہ ممبئی میٹروریل کارپوریشن اور میونسپل کارپوریشن برائے ممبئی عظمیٰ کے ذریعہ یہاں مختلف کاموں کو انجام دیا جاسکے۔‘‘ اس نوٹس کے مطابق دنڈوشی ٹریفک ڈویژن کے تحت آرے کالونی سےگزرنے والے راہگیروں اور موٹرگاڑی سواروں کے تحفظ کے پیش نظر یہ راستہ بند کیا گیا ہے۔اس نوٹس میں صلاح دی گئی ہے کہ آرے روڈ بند رہنے کے دوران گاڑی سوار پوائی اور مرول آنےجانے کیلئےجے وی ایل آر روڈ کا استعمال کرسکتے ہیں۔ اس دوران آرے کالونی میں رہائش پذیر افراد کو یہ سڑک استعمال کرنے کی اجازت دی گئی۔البتہ اچانک سڑک بند کئے جانے سے آرے کالونی کے مکینوں کوپیر کی صبح کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ یہاں پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیاں نہیں آرہی تھیں جس کی وجہ سے لوگوں کو کالونی سے دور جاکر بسیں اور ٹیکسیاں وغیرہ مل سکیں۔
 واضح رہے کہ آرے کالونی میں میٹرو کار شیڈ کی تعمیر کے سلسلے میں بی جے پی اور شیوسینا کے درمیان شدت کی سرد جنگ جاری ہے۔ چند برس قبل جب بی جے پی اور شیوسیناکے اتحاد والی حکومت مہاراشٹرمیںتھی تب بی جے پی آرے کالونی میں میٹرو کا کار شیڈ تعمیر کرنا چاہتی تھی لیکن بڑی تعداد میں عوام اور سماجی رضاکاروں کے ذریعہ یہاںکار شیڈ کیلئےدرخت کاٹے جانے کی مخالفت اورادھو ٹھاکرے اور آدتیہ ٹھاکرے کی ماحولیات دوستی کی ذاتی ساکھ کی بنیاد پر شیوسینا آرے کالونی میں کار شیڈ کی تعمیر کے حق میں نہیں تھی۔
 اسی دوران الیکشن کے بعد شیوسینا اور بی جے پی کا اتحاد ٹوٹ گیا اور این سی پی، شیوسینا اور کانگریس نے مل کر مہاراشٹر میں ’مہاوکاس اگھاڑی‘ (ایم وی اے) حکومت قائم کی۔ ایم وی اے نے میٹرو کار شیڈ کو آرے کالونی سے کانجور مارگ میں منتقل کرنے کا فیصلہ کردیا لیکن ان کی ڈھائی سال کی حکومت کے دوران کار شیڈ کی تعمیر میں کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوئی اور اسی دوران ایم وی اے کی حکومت گر گئی اور بی جے پی نے شیوسینا کےباغی لیڈران کےساتھ مل کر دوبارہ مہاراشٹر میں حکومت قائم کرلی۔اس نئی حکومت نے میٹروکار شیڈ کو دوبارہ آرے کالونی میں بنانے کا فیصلہ کرنے کے ساتھ بلا تاخیر اس کی تعمیر کیلئے اقدام شروع کردیئے۔مہاراشٹر حکومت کے اس فیصلے کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج اور مخالفت جاری ہے اور مظاہرین کو سڑک پر آنے سے روکنے کے لئے پولیس نے سی آر پی سی کی دفعہ ۱۴۹؍ (پولیس کے ذریعہ قابل دست اندازی جرم کے ارتکاب کے روک تھام کے لئے اقدام) کے تحت متعدد  رضاکاروں کو نوٹس بھیجنا شروع کردیاہے۔
 اس دوران عوام اور رضاکاروں نے سڑکوں پر اترنے کا موقع نہ ملنے پر سوشل میڈیا پر حکومت کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔ اس ماہ کے آغاز میں نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے اعلان کیا تھا کہ آرے میں مزید درخت نہیں کاٹے جائیں گے لیکن پیر کو متعدد درخت کاٹے جانے کی تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں جن کے ساتھ پیغام لکھا گیا ہے کہ سرکار کے کھوکھلے وعدوں پریقین نہ کریں۔ ایک پیغام میں لکھا گیا ہے کہ اس (درخت کاٹے جانے)کے نتائج ہم نہیں ہماری آنےوالی نسلیں بھگتیں گی۔ کسی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی بھی شیئر کی ہے جس میں آرے کالونی میں درخت کاٹنے سے منع کیا گیا ہے۔

aarey road Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK