Inquilab Logo

بی ایم سی کی نظرمیں شہر کی سڑکوں پرصرف ۴۲۱؍ گڑھے

Updated: July 15, 2021, 6:43 AM IST | Mumbai

شہری انتظامیہ کے ڈاٹا کے مطابق نصف گڑھے بھردیئے گئے ہیں۔ اب بھی شہریوں کو گڑھوں سے بھری سڑکوں سے دشواریوں کا سامنا

Due to the potholes, motorists are facing difficulties.Picture:Inquilab
گڑھوں کے سبب گاڑی والوںکودشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ تصویر انقلاب

 ممبئی میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور اس دوران سڑکوںپرگڑھے بھی ابھر آئے ہیں جس سے گاڑی والوں اور راہ گیروں کو دشواریوںکا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ تاہم برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے گڑھوں کی معلومات حاصل کرنے کے نظام کے تحت اسے پتہ چلا ہے کہ شہرومضافات میں صرف ۴۲۱؍ گڑھے ہیں جن میں نصف کو بھردیا گیا ہے۔ پوٹ ہول رپورٹنگ سسٹم کے مطابق ۴۲۱؍ گڑھوں میں سے بیشترپر توجہ دی گئی اور ان میں سے ۲۵۵؍ گڑھوں کو بھرا جاچکا ہے۔
 اس بارے میں میونسپل افسران نے بتایا کہ گڑھوں سے بھری سڑک کے بارے میں متعدد شہریوں نے سوشل میڈیا پر شکایتیں کی ہیں جس کی وجہ سے بی ایم سی نے اس جانب توجہ دی ہے۔عملے کے ذریعے اس سسٹم پر انہیں اطلاع نہیں دی جاتی ہے۔یہ گڑھے  بی ایم سی کی سڑکوں ، پلوں اور میٹرو ریل کی تعمیراتی جگہوں کے اطراف پائے گئے ہیں۔
 ذرائع نے بتایا کہ اس وقت میونسپل اہلکاروں کی تمام توجہ کووڈ ۱۹؍ کے معاملات اور ٹیکہ کاری مہم پر ہے۔ اس لئے گڑھوں کی معلومات مذکورہ سسٹم پر دینے کیلئے انہیں بمشکل ہی وقت ملتا ہے۔اس بارے میں میونسپل کارپوریٹروں کا کہنا ہے کہ چونکہ میونسپل اہلکار سڑک کے گڑھوں کی تصاویر سسٹم پر اپ لوڈ نہیں کررہے ہیں تاکہ انہیں بھرا جائے ، اسلئے لوگوں کی جانب سے اس بارے میں شکایتیں کی جارہی ہیں۔
 بی ایم سی میں اپوزیشن لیڈر روی راجا (کانگریس) نے کہا کہ ’’حالانکہ اس وقت کئی طرح کی پابندیاں ہیں اور کئی چیزیں بند ہیں اس کے باوجود شہر میں زبردست ٹریفک ہے۔ ایسے حالات میں بی ایم سی سڑک کےگڑھوں کی جانب بالکل توجہ نہیں دے رہی ہے۔‘‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’بی ایم سی کے پوٹ ہول رپورٹنگ سسٹم میں چند ہی گڑھے دکھائے جارہے ہیں لیکن اگر کوئی شہرو مضافات کے علاقوں میں جاتا ہے تو اسے آسانی سے معلوم  ہوجائے گا کہ سڑکوں  پرکئی گڑھے ہیں۔ ان کےاپنے  علاقے میں بھی گڑھے ہیں۔ ہم ایک پارٹی کی حیثیت سے پہلے ہی یہ مطالبہ کرچکےہیں کہ شہری انتظامیہ فوراً ہی ان گڑھوں کو بھردے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK