Inquilab Logo

سیرو سروے کے مطابق ملک کی ۹۰؍ فیصد آ بادی پر کورونا کا خطرہ بر قرار ہے

Updated: October 01, 2020, 9:21 AM IST | Agency | New Delhi

ملک کے دیہی علاقوں سے زیادہ شہری آبادی کو خطرہ ،شہروں میں بھی جھوپڑپٹیاں سب سے زیادہ متاثر ،رپورٹ میں سردی کے موسم کے تعلق سے بھی خبردارکیا گیا ہے ،مزید اقدامات کا وعدہ

coronavirus india - Pic : PTI
کورونا وائرس انڈیا ۔ تصویر : پی ٹی آئی

ملک میں کورونا وائرس کے نئے معاملات کی  رفتار بڑھتی جارہی ہے۔  یومیہ ۸۰؍ ہزار سے بھی زیادہ معاملات سامنے آرہے ہیں۔ اس  دوران آئی سی  ایم آر کے دوسرے سیرو سروے کی رپورٹ میں انتباہ دیا گیا ہے کہ ملک  کی ۹۰؍  فیصد آبادی پر اس وائرس سے متعلق خطرہ بر قرار ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دیہی علاقوں  کی بہ نسبت شہری مقامات پر کورونا کا اثر زیادہ  نظر آرہاہے۔ اربن سلم ( شہری  علاقوں کی جھوپڑ پٹیوں)  کے سب سے زیادہ متاثر ہونے کےخدشات ہیں  جبکہ دیہی علاقوں میں  یہ شرح کم ہے۔ اس کے علاوہ رپورٹ میں آنے والے سردی کے موسم کے تئیں بھی خبردار کرتے ہوئےکہا گیا  ہےاس موسم میں وائرس  تیز ی  سے فعال ہوتا ہے ، اس لئے  اگلے۳؍ سے۴؍ ماہ کے دوران وائرس  سےبچائو کیلئےاحتیاطی اقدامات پر مزید دھیان مرکوز کرنا ہوگا۔
  وزارت صحت کی جانب سےجاری اس رپورٹ کے مطابق  ۱۰؍ برس اور اس زیادہ کی عمر کا ہر  ۱۵؍ میں سے ایک شخص اگست ۲۰۲۰ء تک کور و نا کی زد میں آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ۷ء۱؍ فیصد بالغ افراد کے کورونا  سے رابطے میں آنے کے شواہد ملے  ہیں۔مئی کے  مقابلے میں اگست میں متاثرین کے کم معاملے سامنے آئے ہیں۔کورونا کا حقیقی منظر نامہ جاننے کیلئے  کئے گئے سیرو سروے میں کچھ  سوالات کے جوابات تلاش  کئے گئے۔ مثلاً کتنی عام آبادی تک وائرس پہنچا اور کتنے لوگ اس سے متاثر ہوئے؟ علاوہ ازیں اس بات کا بھی پتہ لگانے کی کوشش کی گئی کہ کتنی عمر کے لوگوں پر وائرس  سب  سےزیادہ اثر کررہا ہے اور کن لوگوں کوزیادہ خطرہ  ہے۔ سروے  کے تیسرے مرحلے میں یہ بھی معلوم کیا گیا کہ وائرس دیہی علاقوں میں تیزی سے  پھیل رہا ہے یا پھر شہروں میں اس  کا اثر زیادہ ہے۔ آئی سی ایم آر کی جانب سے بتایا گیاہے کہ پہلا سروے ۱۱؍ مئی سے۴؍ جون کے درمیان کیا گیا۔ اس میں ۷۰؍ اضلاع کے ۷۰۰؍ گائووں  کوشامل گیا تھا۔اس کے بعد ۱۷؍ اگست سے۲۲؍ ستمبر کے درمیان جو دوسرا سروے ہوا اس میں  ۱۸؍سال کی عمر کے بجائے ۱۰؍ سال سے زیادہ عمر کے بچوں  کے نمونے بھی لئےگئے تھے۔
 یہ جائزہ بھی  ۲۱؍ریاستوں کے ۷۰؍اضلاع کے۷۰۰؍ دیہات میں کیا گیا ۔سروے میں کُل ۲۹؍ ہزار ۸۲؍ افراد  کے خون  کے نمو نے لئے گئے تھےجس میں وائرس سے متاثرہ افراد کی شرح ۶ء۶؍  فیصد پائی گئی۔ دیہی علاقوں میں انفیکشن ۴ء۴؍ فیصد پایا گیا اور شہری جھوپڑپٹیوں میں میں۶ء۵۱؍؍ فیصد اور نان سلم میں۸ء۲؍فیصد  میں انفیکشن پایا گیا  ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK