• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سروے کی آڑ میں پھوٹ ڈالنے اور ماحول خراب کرنے کا الزام!

Updated: August 07, 2024, 2:31 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

دھاراوی بچاؤ آندولن کی جانب سےہنگامی میٹنگ۔ نگرانی کیلئے۷؍رکنی گروپ تشکیل ۔سروے رکوانے کا فیصلہ ۔فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے استحکام کیلئے دونوں اراکین پارلیمنٹ کی موجودگی میں اجلاس عام ۔

Officials of Dharavi Bachao Andolan meeting on the subject of Dharavi in ​​the office of Dharavi NCP (Sharad Pawar). Photo: INN
دھاراوی این سی پی (شردپوار)کے دفتر میںدھاراوی بچاؤ آندولن کےعہدیداران دھاراوی کے موضوع پرمیٹنگ کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

دھاراوی میںاڈانی گروپ کے ذریعے سروےکی آڑ میں پھوٹ ڈالنے اور ماحول خراب کرنے کاالزام عائد کیا جارہا ہے۔ اسی تعلق سے منگل کی شام کو ۶؍بجے دھاراوی بچاؤ آندولن کی جانب سے این سی پی (شردپوار) کے دفتر میں ہنگامی میٹنگ بلائی گئی۔ اس میں سروے روکنے کا فیصلہ کیا گیا اوریہ بھی واضح کیا گیا کہ اس کی مخالفت میںدو نوں ایم پی پی عوام کےساتھ ہوں گے۔
دراصل اروند نام کے نوجوان کے قتل کے بعد سے ہی دھاراوی میں امن وشانتی کا ماحول بگاڑنے کی فرقہ پرستوں کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے لیکن دھاراوی واسیوں اور خاص طورپر مسلمانوں کی حکمتِ عملی اور صبر وتحمل کے سبب تمام منصوبے ناکام ہوگئے۔ لیکن یہ سلسلہ ابھی ختم نہیں ہوا ہے بلکہ کسی نہ کسی صورت جاری ہے، اس لئے دھاراوی بچاؤ آندولن کے ذمہ داران الرٹ ہو گئے ہیں۔ ان کی جانب سے بلائی گئی میٹنگ میں ۷؍ذمہ داران پرمشتمل ایک گروپ تشکیل دیاگیا ہے۔اس میں شیوسینا کےسابق ایم ایل اے بابو راؤ مانے ،کامریڈ نصیرالحق (سی پی آئی ایم )، ایڈوکیٹ راجندر کورڈے، راجو گوڈسے، ایڈوکیٹ سندیپ کٹکے، انیل کسارے اورالیش گاجا کوش شامل ہیں۔ 
پھوٹ ڈالنے اورگمراہ کرنے کی کوشش 
 گروپ میں شامل مذکورہ بالاذمہ داران نے بتایاکہ ’’ڈی آرپی پی ایل (دھاراوی ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ لمیٹیڈ)جو سروے کررہا ہے اس کےذریعے لوگوں کوگمراہ کرنے کے ساتھ ان کو بانٹا جارہا ہے ۔اس لئے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم الرٹ رہیں اور سب سے پہلے سروے کی پوری قوت سے مخالفت کریں۔ دوسرے لوگوں کو یہ کہہ کربھی گمراہ کیاجارہا ہے کہ ان کو منزلے کے عوض بھی مکان یا دکان ملے گی جبکہ ایس آے اے کے تحت یہ قانون ہے کہ ایک جھوپڑے کے عوض ایک ہی مکان ملتا ہے، منزلے کوشامل نہیں  کیا جاتا ہے لیکن اس حوالے سے بھی لوگوں کوگمرا ہ کیا جارہا ہےاوران سےکہا جارہا ہے کہ وہ اطمینان رکھیں ان کومنزلے کےعوض بھی مکان یا دکان دی جائے گی ، یہ سراسر دھوکا ہے۔اس لئے دھاراوی واسیوں کوحقیقت بتانے کےلئے ان کو پیغام بھیجنے کے ساتھ ہینڈ بل اورپمفلٹ وغیرہ بھی بڑے پیمانے پر شائع کرواکر تقسیم کئے جائیں گے۔ 
فرقہ وارانہ ہم آہنگی کےلئے عوامی اجلاس 
میٹنگ میںیہ بھی کہاگیا کہ دھاراوی واسیوں کی اس وقت سب سے اہم ضرورت ان کا مثالی پیار ومحبت برقرار رکھنا ہے۔ دھاراوی اگر ایشیاء کی سب سےبڑی جھوپڑپٹی ہے تو یہاں کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی بھی مثالی ہے لیکن کچھ طاقتیں سیاسی نفع کی غرض سے مسلسل ماحول خراب کرنے کے لئے کوشاںہیں۔ اسی لئے سنیچر یا اتوار کو دونوں اراکین پارلیمنٹ انیل دیسائی اورورشا گائیکواڑ کی موجودگی میں اجلاس عام کاانعقاد کیا جائے گا۔
 بابو راؤ مانے کہاکہ ’’جو سروے کیا جارہا ہے اور نشانات لگائے جارہے ہیں،ہم اسے مٹا دیں گے۔ اسی طرح بی جےپی ، بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد کے لیڈران نے ماحول خراب کرنے کی بہت کوشش کی لیکن دھاراوی کے سمجھ دار عوام نے انہیں ردکردیا ،ان کے بہکاوے میں نہیں آئے، یہی دھاراوی واسیوں کی طاقت اوران کی پہچان ہے۔ ہم سب مل کر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مزید تقویت دیں گے۔‘‘ ایڈوکیٹ راجندر کورڈے نے کہاکہ ’’ اب سروے کے ذریعے تفریق اور پُرامن ماحول کونقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ہم لوگوںنے ہنگامی میٹنگ اسی لئے بلائی کہ ایسی طاقتوں کا جواب دینے میںتاخیر نہ ہو ورنہ بڑا نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔‘‘
کامریڈ نصیرالحق کے مطابق ’’ میٹنگ میں جو باتیں طے کی گئیں وہ اطمینا ن بخش ہیں اور تمام ذمہ داران اپنے طورپرحالات کی نگرانی کررہے ہیں، حالات خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کو منہ توڑجواب دیا جائے گا ۔اسی طرح سروے میںجو گڑبڑی اور من مانی کی جارہی ہے اسے بھی ہرممکن طریقے سے عوام الناس کے درمیان لایا جائے گاتاکہ عوام کسی دھوکےکا شکار نہ ہوں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK