ملزم شبیر اپنی خاتون دوست کا قتل کرکے بنگال کے ۲۴؍ پرگنا ضلع میں جا چھپا تھا ، پولیس نے موبائل لوکیشن سے ٹھکانے کا پتہ لگایا
EPAPER
Updated: September 22, 2023, 10:01 AM IST | Mumbai
ملزم شبیر اپنی خاتون دوست کا قتل کرکے بنگال کے ۲۴؍ پرگنا ضلع میں جا چھپا تھا ، پولیس نے موبائل لوکیشن سے ٹھکانے کا پتہ لگایا
ایک ۳۵؍سالہ خاتون کے قتل کے الزام میں پولیس نے اس کے عاشق کو مغربی بنگال سے گرفتار کرلیا ہے۔ بھیونڈی کے ڈی سی پی نوناتھ دھولے نے جمعرات کو اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ۱۸؍ستمبر پیر کو دیر شام۸؍بجے کونگاؤں پولیس کو اطلاع ملی کہ کونگاؤں کے گنیش نگر کے راجپوت نواس نامی عمارت کے گراؤنڈ فلور پر واقع ایک کمرے سے بدبو آ رہی ہے۔اس کمرے میں باہر سے تالا لگا ہوا ہے۔پولیس جب مذکورہ کمرے کا تالا توڑ کر اندر داخل ہوئی تو ایک خاتون کی لہولہان لاش ملی جسکے گلے ،دونوں ہاتھ اور پیر پر دھار دار ہتھیارسے کاٹ کربے رحمی سے قتل کیا گیا تھا۔
پولیس نے لاش کا پنچ نامہ کرتے ہوئے ۱۹؍ستمبر کو مقتول خاتون کی دوست انیتا کی شکایت کی بنیاد پر شبیر شیخ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا اور قتل کی تفتیش شروع کردی۔
اطلاع کے مطابق مقتول خاتون مدھو پرجا پتی(۳۵) اورامبر ناتھ میں رہنے والے شبیرشیخ نامی شخص ایک کمپنی میں کام کرتے تھے۔ اس دوران دونوں کی پہچان ہوگئی، آہستہ آہستہ شناسائی محبت میں تبدیل ہوگئی۔اور دونوں ساتھ رہنے لگے۔کچھ دنوں بعد مدھو پرجاپتی اور ان کی دوست کونگاؤں کے گنیش نگرمیں راجپوت نواس کے گراؤنڈ فلور پر ایک کمرہ کرائے پر لے لیا ۔جہاں ملزم ہفتے میں ایک دو دن آتا تھا۔
۱۵؍ ستمبر کو دونوں میںکسی بات پرجھگڑا ہوااور ملزم شبیر نے تیز دھاردار کٹر سے مدھو کا گلا کاٹ دیا ۔ پھر اس کے دونوں ہاتھوں اور پیر کی رگیں کاٹ دیں۔ جس کی وجہ سے اس نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ اس کی موت کے بعد شبیر گھر کا دروازہ باہر سے بند کرکے فرارہوگیا۔قتل کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ڈی سی پی نوناتھ دھولے کی رہنمائی میں کونگاؤں کے سینئر پولیس انسپکٹر راجندر پوار نے پولیس انسپکٹر دیپ بنے کی سربراہی میں پولیس کی ۲؍ٹیم تشکیل دیکر تفتیش کاآغاز کیا۔
اس درمیان متعلقین سے پوچھ تاچھ کے ساتھ ہی تکنیکی جانچ کے دوران پتہ چلا کہ ملزم شبیر مغربی بنگال ۲۴؍پرگنا ضلع کے ساراپول میں چھپا ہوا ہے۔کونگاؤں پولیس نے فوری طور پرہوائی سفر کے ذریعہ وہاں پہنچ کر مقامی پولیس کی مدد سے۳۰؍گھنٹے کے اندر ملزم کو گرفتار کرلیا۔اس کیس کی مزید تفتیش پولیس انسپکٹردیپ بنے کررہے ہیں۔ پولیس ملزم سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے اور عدالت سے اس کا ریمانڈ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔