بی ایم سی نے دو سو کلو سے زائد پٹاخے ضبط کئے ۔ بھیونڈی میونسپل کارپوریشن نےبھی پٹاخوں کا ذخیرہ ضبط کیا
EPAPER
Updated: November 01, 2024, 12:05 AM IST | Nadeem Asran and Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
بی ایم سی نے دو سو کلو سے زائد پٹاخے ضبط کئے ۔ بھیونڈی میونسپل کارپوریشن نےبھی پٹاخوں کا ذخیرہ ضبط کیا
ممبئی اور بھیونڈی دونوں شہروں میںپٹاخوں کی غیر قانونی دکانوں کے خلاف انتظامیہ کی جانب سے کارروائی کی گئی ہے ۔ ایک ہفتہ قبل بی ایم سی اور ممبئی پولیس نے زیادہ تیز دھماکے والے یا حادثات کا سبب بننے والے پٹاخوں کے استعمال پر پابندی لگائی تھی اور اس کے ساتھ ہی غیر قانونی اسٹال لگا کر پٹاخے فروخت کرنے والے ہاکروں کو ایسا کرنے سے منع کیا تھا ۔ بی ایم سی نے اپنے اس سرکیولر کی خلاف ورزی کرنے والے سیکڑوں ہاکروں کے خلاف ۲۵؍ تا ۳۰ ؍ اکتوبر کے درمیان کارروائی کرتے ہوئے لاکھوںروپے مالیت کے کئی سو کلو پٹاخے ضبط کئے ہیں۔بی ایم سی کے لائسنس اور شاپ اینڈ اسٹیبلشمنٹ محکمہ نے اس ضمن میں کارروائی کرتے ہوئے شہرو مضافات میں غیر قانونی طور پر ٹھیلا لگانے والے ہاکروں کے خلاف مذکورہ دنوں کے دوران کارروائی کرتے ہوئے ۵۲۹۹؍ کلو پٹاخے ضبط کئے ہیں ۔ مذکورہ محکمہ نے بدھ کو محض ایک دن میں ۲۵ء۱۶۶؍کلو پٹاخے ضبط کئے ۔ بی ایم سی نے اس کے علاوہ صوتی اور فضائی آلودگی کا سبب بننے والوںکو بھی متنبہ کیا تھا لیکن اس سلسلے میں کی جانے والی کارروائی سے متعلق اب تک تفصیلات فراہم نہیں کی ہے ۔پو لیس نے بھی تیز دھماکے والے پٹاخے پھوڑنے اور ہوا میں اڑائے جانے والے لالٹین پٹاخے جلانے پر پابندی عائد کی تھی ۔ پولیس نے بھی اب تک اس سلسلہ میں کی جانے والی کارروائیوں کی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔ بی ایم سی نے جن علاقوں میں پٹاخے فروخت کرنے کے لئے غیر قانونی اسٹال والوں کے خلاف کارروائی کی ہے ان میں مرین ڈرائیو، نریمن پوائنٹ، فورٹ، کالبادیوی، ورلی، پریل، گوونڈی، مانخورد، گھاٹکوپر، کرلا، ماہم، جوہو، ورسوا اندھیری، ملاڈ، و دیگر علاقے شامل ہیں ۔ یاد رہے کہ لائسنس شدہ انہی دکانوں کو پٹاخے فروخت کرنے کی اجازت ہے جنہوں نے بی ایم سی اور فائر بریگیڈ سے این او سی حاصل کیا ہے ۔
بھیونڈی میں کارروائی
دیوالی کا تہوار پُرامن اور حادثات سے محفوظ رکھنے کیلئے میونسپل انتظامیہ نے پٹاخوں کے اسٹال کیلئے شہر کے مختلف حصوں میں جگہیں مختص کی ہیں۔انتظامیہ نے شہریوں کی حفاظت اور حادثات سے محفوظ رکھنے کیلئے دکانداروں اور تاجروں کو سختی کے ساتھ سڑکوں اور فٹ پاتھ پر پٹاخے کے اسٹال لگانے سے منع کیا تھا۔ا س کے باوجود دیوالی کے موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں پٹاخوں کے بڑے بڑے اسٹال لگائے گئے ہیں۔ ایسے غیرقانونی پٹاخوں کی دکانوں کے خلاف میونسپل کمشنر اجے ویدیہ کے حکم کے مطابق جمعرات کوکئی دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور پٹاخے ضبط کئے گئے ہیں۔
میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے بھادوڑ کے چھترپتی شیواجی مہاراج اسٹیڈیم ، کامت گھر میں کاٹیکر میدان،پدما نگر میں شنکر کمٹم بلڈنگ اور نذرانہ ٹاکیز، ان چار علاقوں میں ضروری کاغذی کارروائی کے بعدپٹاخے کے اسٹال لگانے کی اجازت دی گئی تھی ۔ شہر کے بیشتر حصوں میں سڑکوں ، فٹ پاتھ اور دکانوں کے سامنے پٹاخوں کے غیر قانونی اسٹال لگائے گئے تھے جن کے خلاف جمعرات کولائسنسنگ ڈپارٹمنٹ کی ٹیم کے سربراہ اور معاون میونسپل کمشنر پرکاش راٹھور نے کارروائی کی اورپٹاخے ضبط کئے۔