• Tue, 16 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسپین: غزہ جنگ کے دوران اسرائیل کی شمولیت پر یورو ویژن کے بائیکاٹ کا اعلان

Updated: September 16, 2025, 10:01 PM IST | Madrid

اسپین نے غزہ جنگ کے دوران اسرائیل کے یورو ویژن میں شامل رہنے پر اس کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا، اس فیصلے کے بعد اسپین یوروویژن کے `بگ فائیو ممالک میں سے اسرائیل کے خلاف الٹی میٹم جاری کرنے والا پہلا ملک بن گیا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

اسپین کے پبلک براڈکاسٹر نے منگل کو اعلان کیا کہ اگر غزہ کی جنگ جاری رہنے کے دوران اسرائیل یوروویژن گانے کے مقابلے میں شامل رہا تو اسپین اس مقابلے میں حصہ نہیں لے گا۔اسپینش ریڈیو اور ٹیلی ویژن (آر ٹی وی ای) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اپنے صدر کی تجویز پر یہ فیصلہ منظور کیا۔ اسے۱۰؍ ووٹوں کے حق میں، چار کے خلاف اور ایک غیر جانبدار ووٹ کے ساتھ منظور کیا گیا۔اسپین  یورو ویژن سےاسرائیل کو خارج کرنے کے مطالبے میں آئرلینڈ، سلووینیا، آئس لینڈ اور نیدرلینڈز  کے ساتھ شامل ہو گیا ہے۔ اسپین ’’ بگ فائیو ‘‘کا پہلا رکن بھی بن گیا ہے جو یوروپین براڈ کاسٹنگ یونین کو سب سے زیادہ مالی تعاون فراہم کرتے ہیں۔ اس گروپ میں برطانیہ، فرانس، اٹلی اور جرمنی بھی شامل ہیں، جو اپنے سابقہ نتائج سے قطع نظر مقابلے کے فائنل میں براہ راست داخلہ پاتے ہیں۔آر ٹی وی ای کے مطابق، یوروپین براڈ کاسٹنگ جو یوروویژن کا انعقاد کرتی ہے، دسمبر میں اسرائیل کو خارج کرنے کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔اگر اسپین بائیکاٹ کرتا ہے، تو یہ اپنی تاریخ میں پہلی بار ہوگا کہ وہ یوروویژن میں حصہ نہیں لے گا۔

یہ بھی پڑھئے: لکسمبرگ کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کو تسلیم کرنے کا ارادہ: رپورٹ

واضح رہے کہ اس سال کے شروع میں، آر ٹی وی ای نے یوروپین براڈ کاسٹنگ  کو ایک خط بھیجا تھا جس میں اسرائیل کی شرکت پر بحث کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ۲۰۲۵ء کے مقابلے میں اسرائیل کی پرفارمنس کے دوران، آر ٹی وی ای کے مبصرین اور سب ٹائٹلز نے غزہ کی جنگ کی واضح الفاظ میں مذمت کی تھی۔ پیر کو، میڈرڈ میں فلسطین کی حمایت میں بڑے پیمانے پر مظاہروں کے بعد لا ویویلٹا سائیکلنگ ریس کے فائنل اسٹیج اور تمغہ تقریب کی منسوخی  کے بعداسپینی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے اسرائیل کو بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں سے خارج کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK