Inquilab Logo Happiest Places to Work

لیڈیز اور معذوروں کے ڈبوں میں۲۷۲۳؍کے خلاف کارروائی

Updated: July 27, 2025, 9:32 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

شکایات ملنے کے بعدممبئی ڈویژن میں لوکل اورطویل مسافتی ٹرینوں میںریلوے پروٹیکشن فورس کی چرچ گیٹ تا سورت خصوصی مہم ۔مسافروں کوسخت انتباہ ۔بھاگے ہوئے ۱۹۱؍بچوں کوپکڑا گیا

Action was taken against those traveling in compartments reserved for women and disabled passengers (file photo)
خواتین اور معذور مسافروںکیلئے مختص ڈبوں میں سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی(فائل فوٹو)

سافروں کی شکایت ملنے پرمغربی ریلوے انتظامیہ کی جانب سے چرچ گیٹ سے سورت تک چلنے والی لوکل ٹرینوں اور طویل مسافتی ٹرینوں میں خواتین اور معذور مسافروں کے لئے مختص ڈبوں میں سفر کرنے والے مردوں اور خواجہ سراؤں کے ذریعے مسافروں کوپریشان کرنے کی متعدد مرتبہ شکایات موصول ہوئیں۔ ان شکایات کے پیش نظرریلوے پروٹیکشن فورس (آرپی ایف ) کے اعلیٰ افسران کی جانب سے مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔
 ۱۲؍دن تک جاری رہنےوالی اس خصوصی مہم کےدوران سادہ لباس میںپولیس کے جوانوں کوٹرینوں ،لیڈیزاورمعذوروں کے ڈبوں میں تعینات کیاگیا تاکہ وہ نہ صرف جائزہ لیں بلکہ ایسے مسافروں کے خلاف کارروائی کریں۔اس مہم کا مثبت نتیجہ برآمد ہوا اور۲۷۲۳؍ مسافروںکے خلاف کارروائی کی گئی ۔
شکایات ملنے کے بعد کارروائی کی ضرورت کیوں پڑی ؟
 ویسٹرن ریلوے کےچیف پی آر اوونیت ابھیشیک سے استفسار کرنے پرانہوںنے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ’’ لوکل ٹرینوں اورطویل مسافتی ٹرینو ں میںزمرہ بندی اسی لئے کی گئی ہے تاکہ تمام مسافر اپنی سہولت کے اعتبار سے جس درجے کا انہوں نے ٹکٹ یا پاس خریدا ہے ،سفر کریں ۔ اے سی لوکل ہو یا فرسٹ کلاس ڈبے، اس کاکرایہ جنرل کٹیگری کے مقابلے لوکل اورطویل مسافتی ٹرینوں میںبھی کئی گنا زیاد ہ ہوتا ہے۔ جب زائد خرچ کرنے کے باوجود خواہ وہ خواتین مسافر ہوں یا مرد، انہیںسہولت نہیںملتی یا ان کا حق مارا جاتا ہے توان کی جانب سے وہاٹس ایپ پر، ویب سائٹ پر،کنٹرول روم میں اور دیگر ذرائع سے شکایات کی جاتی ہیں۔ پھر اس کے خلاف مہم چلائی جاتی ہے، یہ بھی اسی کاایک حصہ تھی۔ یہ مہم پہلی مرتبہ نہیںچلائی گئی ہے بلکہ اس سے قبل بھی چلائی جاچکی ہےاورآئندہ بھی چلائی جائے گی ۔ اس لئے مسافروں کو خود ہی محتاط رہنا چاہئے تاکہ ان کونہ پکڑا جائے اورنہ ہی ان سے جرمانہ وصول کیا جائے۔‘‘ 
 انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’ لوکل ٹرینوں میں خواتین کےلئے کچھ ڈبے ۲۴؍ گھنٹہ ریزرو ہوتے ہیں اور کچھ ڈبوںمیں رات میں۱۱؍ بجے سے صبح ۶؍بجے تک جنرل مسافروں کے سفر کی اجازت ہوتی ہے مگرعام مسافر کافی پہلے سے ہی ان ڈبوں میں داخل ہوجاتے ہیں۔ اسی طرح معذوروں کے ڈبوں کا حال ہوتا ہے ۔اس میں بھی معذور کم اورغیرمعذور زیادہ ہوتے ہیں اور متعدد مرتبہ ویڈیوز بھی مل چکے ہیں۔اسی لئے مسافروں کی شکایت کودیکھتے ہوئے مہم چلائی گئی اور اتنی بڑی تعداد میں کارروائی کی گئی ۔‘‘
 چیف پی آر اوکے مطابق ’’ مسافر اگر اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے سفرکریں ، ضابطہ شکنی نہ کریںاورنہ ہی دیگر مسافروں کاسفر کا حق ماریں تواس طرح کی مہم چلانے کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔‘‘
کس طرح سے اورکن زمروں میںکارروائی کی گئی 
مجموعی طور پر۲۷۲۳؍مسافر پکڑے گئے ۔
گھر سے بھاگنے والے ۱۹۱؍بچوں کوپکڑ کرانہیں این جی اوز یا ان کے اہل خانہ کے حوالے کیا گیا۔
۲۹۸؍ مردمسافرجومقررہ وقت سے قبل لیڈیزڈبوں میںسفر کررہے تھے ۔
 ۱۰۰؍خواجہ سرا جوٹرینوں میں بھیک مانگ کر مسافروں کوپریشان کررہے تھے۔
 معذوروں کے ڈبوں میںسفر کرنیوالے ۸۸۹؍ غیر معذور مسافر ۔
۸۰؍ مرد مسافرجنہیںضابطہ شکنی کا مرتکب پایا گیا۔
 سیاجی نگری ایکسپریس کے سلیپر کوچ میں غیر مجاز سفر کرنے والے ۲۴۴؍ مسافروں پر ۱۳۲۸۵۵؍روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
چوری کرنے والے ۳۲۸؍مجرموں کو پکڑ کرجی آر پی کے حوالے کیا گیا۔
۵۶۳؍ شراب اسمگلروںسے ۷۸۶۰۹۲۰؍روپے کی شراب ضبط کرکے انہیں جی آر پی کے حوالے کیاگیا۔ 
  آر پی ایف کے انسپکٹر جنرل آف پولیس اجے سدانی اور سینئر ڈویژنل سیکوریٹی کمشنر ممبئی سینٹرل سنتوش کمار سنگھ راٹھوڑ کی سربراہی میں ممبئی ڈویژن کی جانب سے سادہ کپڑوں میں آرپی ایف کے جوانوں کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔اس نے بہتر تال میل کے ذریعے کارروائی کرتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کی۔شکایت ملنے پرآئندہ بھی ایسی کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK