Inquilab Logo

سڑکوں کی تعمیر میں تاخیر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے

Updated: May 24, 2023, 9:35 AM IST | Mumbai

تھانے میں نالوں اور سڑکوں کے کاموں کاجائزہ لینے کے دوران وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی ہدایت۔ اس موقع پرمیونسپل کمشنر اور دیگر افسران بھی موجود تھے

Chief Minister Eknath Shinde inspecting the cleaning of a large drain in Thane.
وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے تھانے کے ایک بڑے نالے کی صفائی کا جائزہ لیتے ہوئے۔

 مانسون کے دوران تھانے کے شہریوں کو سیلابی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے اور انہیں گڑھوں سے پاک  سڑکیں میسر آ سکے، اس کیلئے وزیر اعلیٰ  ایکناتھ شندے   ( جو تھانے کے رکن اسمبلی بھی ہیں)نے پیر کی شام تھانے میں مانسون سے قبل نالوں کی صفائی اور سڑکوں کی تعمیرکا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایک سڑک کے کام میں تاخیر کی جانچ کرنے اور لاپروائی سامنے آنے پر کارروائی کرنے کی ہدایت بھی دی ۔ وزیر اعلیٰ نے افسران کو کام معیاری اور انہیںبروقت مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی  ساتھ ہی یہ   اعلان بھی کیا کہ مانسون کے  دوران جس علاقے میں پانی نہیں بھرے گا،  اس علاقے کے افسر کو اعزاز سے نوازا جائے گا لیکن جہاں سیلابی صورتحال پیدا ہوگی ،وہاں کے افسر اور ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
 وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کانووڈ جنکشن کی تزئین کاری اور سڑک کے کام، پوار نگر میں سڑک کے کام، تکوجی نی واڑی سے نیل کنٹھ روڈ، گھوڑبندر روڈ پر آنند نگر نالا، کورم مال کے پیچھے والا نالا اور گیان سادھنا کالج کے قریب پرب واڑی  نالےکا معائنہ کیا۔ اس دورے میں تھانے کے رکن اسمبلی پرتاپ سرنائک،  سابق میئر نریش مہسکے،  میونسپل کمشنر  ابھیجیت بانگر  اور دیگر میونسپل افسران اور اہلکار موجود تھے۔
 وزیر اعلیٰ نے کانووڈ جنکشن پر سڑک کے کام میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسر سے کام میں تاخیر کیوں ہوئی؟  اس کی وضاحت طلب کی ۔ میونسپل کمشنر سے اس کی جانچ کرنے اور غیر اطمینان بخش جواب ملنے پر کارروائی کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ تھانے شہر  میں سڑکوں کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ شندے نےنشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ٹھیکیدار نے مزدوروں کو کوئی حفاظتی سامان، ہینڈ گلوز، ہیلمٹ وغیرہ فراہم نہیں کیا ہے۔ اس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کے کام کا ہونا جتنا ضروری ہے ، اس کے  مزدوروں کا محفوظ ہونا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ انہوں نے میونسپل کمشنر کومتعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی کی۔
  اس موقع پر تھانے میونسپل ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی الیکٹرک بس کا افتتاح وزیر اعلیٰ شندے نے کورم مال میں کیا۔
وزیر اعلیٰ نے صفائی ملازم سے گفتگوکی 
 ایکناتھ شندے نے تھانے میں نالوں کی صفائی کے دورے میں پوار نگر میں سائیکل ٹریک کی صفائی کرنے والے ملازم سے بات چیت کی اور کام کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے یہاں سڑک کے کام کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ یہ دورہ مانسون سے قبل کاموں کا جائزہ لینے کے لئے کیا گیا تھا۔ 
’’آئی آئی ٹی سےکاموں کے معیار کی جانچ ہو گی‘‘
 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’ تھانے میونسپل کارپوریشن کی حدود میں تقریباً ۱۳۴؍کلومیٹر سڑکوں کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے۔ ان تمام سڑکوں کے کام اچھے معیار کے ہونے کی امید ہے۔آئی آئی ٹی کو سڑک کے کاموں کے معیار کی جانچ کیلئے تھرڈ پارٹی انسپکشن باڈی کے طور پر مقررکیا گیا ہے۔ سڑک کے کاموں کے نمونے انہیں بھیجے جائیں گے۔ نئی سڑکوں میں گڑھے ہونے پر ٹینڈر میں ایک لاکھ روپے فی گڑھا جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔ اس طرح سڑکوں کے کام کا معیار برقرار رہے گا۔ میونسپل کمشنر اور متعلقہ حکام ان کاموں کو بروقت مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
 وزیر اعلیٰ نے کہاکہ’’ تھانے میونسپل ایریا میں ماسٹک، کنکریٹ کا کام اور تزئین کار ی جنگی پیمانے پر جاری ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK