• Thu, 27 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انتخابی مہم میں شندے اور فرنویس میں لفظی جنگ

Updated: November 26, 2025, 11:16 PM IST | Mumbai

ایک دوسرے کےمتعلق ’راون ‘اور’لنکا‘کے استعارے استعمال کئے، لاڈلی بہن اسکیم کا کریڈٹ دونوں نے اپنے اپنے نام لیا

Even though they are together, they are not together! Old photo of Chief Minister Farnidos and Deputy Chief Minister Shinde
ساتھ رہ کر بھی ساتھ نہیں! وزیراعلیٰ فرنویس اور نائب وزیراعلیٰ شندے کی پرانی تصویر

وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس اور نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کے درمیان لفظی جنگ چھڑگئی ہے۔ دونوں ہی لیڈران  نام لئے بغیر ایک دوسرے پر شدید حملے کررہے ہیں۔ اس باعث مہایوتی کی حلیف پارٹیاں بی جے پی اور شیوسینا شندے کے درمیان ناچاقی کھل کر نظر آرہی ہے۔ پارلیمنٹ و اسمبلی انتخابات شانہ بشانہ مل کر لڑنے والی ان پارٹیوں نے بلدیاتی انتخابات میں راہیں جدا کرلی ہیں۔ شندے کی سینا اور فرنویس کی بی جے پی کے درمیان تنازع مزید شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ایسا لگتا ہے کہ مہایوتی حکومت میں جو لیڈر ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھتے تھے ان کی زبان اب سیدھے ایک دوسرے کو برا بھلا کہنے تک پہنچ گئی ہے۔
  ایکناتھ شندے نے گزشتہ روز طنز کیا کہ ہم انا پرستی کے خلاف اکٹھے ہوئے ہیں اور اسی انا پرستی کی وجہ سے راون کی لنکا جل گئی اور عوام بھی ہمیں ووٹ دے کر ایک بار پھر انا پرستوں کے غرور کو خاک کر دیں گے۔سب کو لگا کہ یہ بیان ادھوسینا کے خلاف ہوسکتا ہے لیکن حیرت انگیز طور پر دیویندر فرنویس کا ایک بیان سامنے آیا جس میں انہوں نےکہا کہ ہم لنکا میں نہیں رہتے، ایسی باتوں کو نظر انداز کریں۔خیال رہے کہ پال گھر میں نگر پالیکا انتخابات میں بی جے پی اور شیو سینا کے درمیان سیدھا مقابلہ ہے۔ دیگر تمام پارٹیاں بی جے پی کے خلاف شندے کی شیوسینا کے ساتھ متحد ہو گئی ہیں۔ اس لئےشندے سینا اور بی جے پی کے درمیان زبانی حملے اب مزید شدید ہوتے جا رہے ہیں۔
بی جے پی بمقابلہ شیوسینا: تکبر اور راون کی لنکا
 پال گھر میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایکناتھ شندے نے بی جے پی پر تنقید کی تھی۔ انہوںنے دیویندر فرنویس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا تھاکہ تکبر راون میں بھی تھا۔ راون کے اسی تکبر کی وجہ سے لنکا جل کر راکھ ہو گئی اور ۲؍ دسمبر کو  ہونے والے انتخابات میں اسی راون کے غرور کو خاک میں ملانا ہے۔فرنویس نے شندے کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کوئی کچھ بھی باتیں کہے تو اس کی فکر مت کیجئے۔اگر کوئی ہی بھی کہہ رہا ہے کہ تمہاری لنکا جلا دیں گے وغیرہ تو ہم تو لنکا میں رہتے ہی نہیں ہے۔ہم سب تو رام کے بھکت ہیں، راون کے نہیں۔فرنویس نے اپنے امید وار کی تشہیر کرتے ہوئے کہاکہ ’’ ہمارے امیدوار کانام بھی بھرت ہے جو کہ رام  کے چھوٹے بھائی تھے۔‘‘ یہ بارہا دیکھا گیا ہے کہ کابینہ میں ایک دوسرے کی ساتھ بیٹھنے والے فرنویس اور شندے کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ وزراء کے حقوق ہوں، ملنے والے فنڈز ہوں یا تقسیم کی سیاست، دونوں کے درمیان مسلسل ٹکراؤ دیکھا گیا ہے۔ اب بلدیاتی انتخابات کے موقع پر فرنویس اور شندے کے درمیان دراڑ پھر کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ بی جے پی لیڈر اور شندے کے سیاسی حریف گنیش نائک پال گھر کے سرپرست وزیر ہیں۔ اس کی وجہ سے شندے کے بیان میں شدت  نظر آئی۔ اس کی وجہ سے فرنویس بھی اچھا موقف اختیار کرتے نظر آئے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK